ایک ہزار 924 ملازمین نے ادارے سے علیحدگی کا انتخاب کیا، پی آئی اے

اپ ڈیٹ 25 جنوری 2021
پی آئی اے نے ملازمین کی تعداد کو کم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے — فائل فوٹو: اے ایف پی
پی آئی اے نے ملازمین کی تعداد کو کم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے — فائل فوٹو: اے ایف پی

راولپنڈی: پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی رضاکارانہ علیحدگی اسکیم (وی ایس ایس) کے ساتھ بنیادی اور غیر بنیادی ملازمین کو الگ کرنے سے فی طیارہ ملازمین کی تعداد ہوا بازی کی صنعت کی آئیڈیل سطح تک کم ہوجائے گی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق انتظامیہ کو رضاکارانہ علیحدگی اسکیم کے لیے 2 ہزار درخواستیں موصول ہوچکی ہیں جن میں زیادہ تر درخواستیں سینئر ملازمین کی تھیں اور ان میں سے ایک ہزار 924 منظور کرلی گئی ہیں۔

انتظامیہ نے حکومت سے 9 ارب 80 کروڑ روپے جاری کرنے کی درخواست کی ہے تاکہ جن ملازمین کی درخواستیں منظور ہوگئیں ہیں انہیں ادائیگی کی جاسکے۔

یہ بھی پڑھیں: 2ہزار ملازمین نے رضاکارانہ علیحدگی کے لیے درخواست دی

فنڈز کے اجرا کے بعد پی آئی اے کے وہ تمام ملازمین جو وی ایس ایس حاصل کرنے کے اہل ہوچکے ہیں انہیں 31 جنوری 2021 تک ادائیگی کردی جائے گی۔

تاہم رضاکارانہ علیحدگی اسکیم میں ڈپٹی چیف انجینیئرز اور ٹیکنکل گراؤنڈ آپریٹرز کی درخواست پر غور نہیں کیا گیا کیوں کہ ان کے تجربے کی وجہ سے ایئر لائن کو ان کی ضرورت ہے۔

رضاکارانہ علیحدگی اسکیم نافذ ہونے کے بعد پی آئی اے ملازمین کی تعداد کم ہو کر 8 ہزار 500 تک رہ جائے گی۔

قبل ازیں پی آئی اے انتظامیہ نے نومبر 2020 میں وی ایس ایس کے تحت 3 ہزار ملازمین کو ادائیگی کے لیے 12 ارب 69 کروڑ روپے کی سمری حکومت کے سامنے پیش کی تھی۔

مزید پڑھیں: پی آئی اے ملازمین کی اکثریت کو ایئرلائن سے نکلانے کا ہدف

پی آئی اے نے 7 دسمبر 2020 کو اپنے ملازمین کے لیے وی ایس ایس اسکیم متعارف کروائی تھی جس کی مدت 2 ہفتے تھی تاہم پہلے اس کی ڈیڈ لائن میں توسیع کر کے 28 دسمبر اور بالآخر 31 دسمبر کردی گئی تھی۔

پی آئی اے کے ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ ایک باعزت علیحدگی اسکیم کے ذریعے افرادی قوت میں کمی کرنا بزنس پلان کا حصہ تھا اور اب اگلا قدم بنیادی غیر بنیادی ملازمین کو الگ کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ "افرادی قوت کم کرنے اور بنیادی اور غیر بنیادی محکموں کو الگ کرنے سے ملازمین کی تعداد ہوابازی کی صنعت میں فی جہاز ملازمین کی آئیڈیل تعداد تک کم ہوجائے گی"۔

ذرائع کے مطابق 9 پائلٹس سمیت کیبن کریو کے 270 اراکین نے رضاکارانہ علیحدگی اسکیم کے لیے درخواستیں دیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے ملازمین کی ملازمت سے رضاکارانہ علیحدگی کی اسکیم

ان میں 94 کریو اراکین کا تعلق اسلام آباد، 90 کا کراچی، 70 کا لاہور اور 16 کا پشاور سے ہے۔

پی آئی اے نے اپنے ملازمین کی تعداد میں ساڑھے 7 ہزار کی کمی کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔

ان ساڑھے 7 ہزار ملازمین میں سے ساڑھے 3 ہزار رضاکارانہ علیحدگی اسکیم، 4 ہزار بنیادی اور غیر بنیادی محکموں کی علیحدگی سے کم کیے جائیں گے۔

غیر بنیادی محکموں میں انجینیئرنگ، کھانے پینے کی سروس/فلائٹ کچن، ٹیکنکل گراؤنڈ سروسز، پریسیشن انجینیئرنگ اور اسپیڈایکش کوریئر شامل ہیں۔


یہ خبر 25 جنوری 2021 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں