کثیر الملکی بحری مشق امن 2021 کا خصوصی نغمہ 'امن کی پکار' جاری

اپ ڈیٹ 11 فروری 2021
امن مشق 11 سے 16 فروری تک جاری رہے گی— فوٹو: اسکرین شاٹ
امن مشق 11 سے 16 فروری تک جاری رہے گی— فوٹو: اسکرین شاٹ

پاک بحریہ نے پاکستان کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی 6 روزہ کثیر الملکی بحری مشق امن 2021 کا خصوصی نغمہ 'امن کی پکار' جاری کردیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق بحری مشق امن 2021 کا یہ خصوصی نغمہ اردو اور انگریزی زبانوں کا امتزاج ہے۔

پاک بحریہ کے ترجمان نے کہا کہ نغمے میں امن پسند ممالک کو امن کے مشترکہ مقصد کے لیے ایک پلیٹ فارم پر یکجا ہونے کا پیغام دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان کے زیر اہتمام کثیر الجہتی بحری مشقوں کا آغاز کل سے ہوگا

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق اس خصوصی نغمے میں دیگر بحری افواج کو قیام امن کے لیے پاک بحریہ کی کاوشوں کا ساتھ دینے پر خراج تحسین بھی پیش کیا گیا ہے۔

یہ نغمہ امن کے لیے ہر وقت حاضر رہنے اور امن کے فروغ کے لیے دنیا بھر کے ممالک کو خوش آمدید کہنے کے پاک بحریہ کے عزم کو اجاگر کرتا ہے۔

خیال رہے کہ 11 سے 16 فروری تک جاری رہنے والی کثیر الملکی بحری مشقوں میں امریکا، چین، روس اور ترکی سمیت 45 ممالک کی بحری فوجیں شرکت کر رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاک-ترک مشترکہ فوجی مشق اتاترک الیون کا آغاز

واضح رہے کہ مشقوں میں روس ایک دہائی بعد پہلی مرتبہ نیٹو کے رکن ممالک کے ساتھ ملٹری ڈرل میں شامل ہوگا، آخری مرتبہ روس اور نیٹو کی بحری افواج نے مشترکہ مشقیں اسپین کے ساحل سے دور 'بولڈ بادشاہ' میں کی تھیں۔

گزشتہ روز پاکستان نیوی کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ 'امن کے لیے اکٹھے' پر مبنی نعرے کے تحت 6 روزہ مشقیں دو مرحلوں ساحل اور سمندر پر مشتمل ہوگئیں۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ اس مشق کا مقصد 'سمندری قزاق، دہشت گردی اور دیگر جرائم سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینا' ہے جو سمندری تحفظ اور استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں