کووڈ 19: زیادہ ٹیسٹ کرنے والے 30 ممالک کی فہرست میں پاکستان کا 29 واں نمبر

اپ ڈیٹ 24 فروری 2021
پاکستان میں ٹیسٹ فی ملین آبادی  میں کم کیے گئے—فائل فوٹو: رائٹرز
پاکستان میں ٹیسٹ فی ملین آبادی میں کم کیے گئے—فائل فوٹو: رائٹرز

اسلام آباد: ایک طرف جہاں پاکستان میں کووڈ 19 کے کیسز میں کمی کا سلسلہ دیکھا جارہا ہے وہی ایک ویب سائٹ نے ملک کو ان 30 ممالک کی فہرست میں 29 ویں نمبر پر رکھا ہے جنہوں نے فی ملین آبادی (پی ایم پی) میں سب سے زیادہ ٹیسٹ کیے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اس کے علاوہ پاکستان کووڈ 19 ویکسین کے لیے پہلی بین الاقوامی کانفرنس منعقد کرنے جارہا ہے جہاں مختلف ویکسینز کے پرنسپل انویسٹی گیٹنگ آفیسرز اپنے ریسرچ پیپرز (تحقیقی مقالے) شیئر کریں گے۔

مزید یہ کہ ایک اور پیش رفت یہ ہوئی کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 13 ملازمین میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد پاکستان میڈیکل کمیشن (پی ایم سی) کے 5 ڈپارٹمنٹس کو سیل کردیا گیا۔

ادھر عالمی اعداد و شمار مرتب کرنے والی ویب سائٹ www.worldometers.info کے مطابق پاکستان نے فی ملین آبادی میں 39 ہزار 136 ٹیسٹ کیے جبکہ اس کے بعد انڈونیشیا واحد ملک تھا جس نے اس سے کم 38 ہزار 135 ٹیسٹ فی ملین آبادی میں کیے۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں کورونا وائرس کے فعال کیسز 25 ہزار تک رہ گئے

اگر فی ملین آبادی میں سب سے زیادہ ٹیسٹ کرنے والے ممالک کی بات کریں تو اسرائیل سب سے پہلے نمبر پر ہے جہاں 12 لاکھ 73 ہزار 50 ٹیسٹس کیے گئے جس کے بعد برطانیہ کا 12 لاکھ 66 ہزار 538 ٹیسٹ کے ساتھ دوسرا اور امریکا کا 10 لاکھ 52 ہزار 930 ٹیسٹ فی ملین آبادی کے حساب سے تیسرا نمبر رہا۔

پاکستان کے مقابلے میں اگر بھارت کو دیکھیں تو اس نے تقریباً 4 گنا زیادہ ٹیسٹ ایک لاکھ 52 ہزار 821 فی ملین آبادی میں کیے، مزید یہ کہ ترکی نے 3 لاکھ 81 ہزار 953 ٹیسٹ، ایران ایک لالھ 26 ہزار 687 اور عراق نے ایک لاکھ 62 ہزار 756 ٹیسٹ کیے۔

اسی طرح متحدہ عرب امارات جو سب سے زیادہ کورونا کیسز کے حساب سے 49 ویں نمبر پر ہے وہاں 29 لاکھ 78 ہزار 906 ٹیسٹ جبکہ 58 ویں نمبر پر ہونے کے باجود ڈینمارک میں 27 لاکھ 84 ہزار 399 ٹیسٹ فی ملین آبادی ٹیسٹ کیے گئے۔

تاہم اگر مجموعی طور پر دیکھیں تو پاکستان نے ایک سال کے دوران 87 لاکھ ٹیسٹ کیے۔

اس حساب سے امریکا نے سب سے زیادہ ٹیسٹ کیے جس کی تعداد 34 کروڑ 90 لاکھ سے زائد تھی، دوسرے نمبر پر بھارت 21 کروڑ 20 لاکھ ٹیسٹ کے ساتھ رہا جبکہ روس 10 کروڑ 90 لاکھ سے زائڈ ٹیسٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔

دوسری جانب پاکستان میں یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرام نے ڈان کو بتایا کہ یونیورسٹی آئندہ ہفتے چینی کمپنی انہوئی زہی لائف لانگ کام بائیولوجک فارمیسی کو کی ویکسین کے کلینیکل ٹرائل شروع ہوں گے۔

اس سے قبل یونیورسٹی نے ایک اور چینی کمپنی کین سائنو کی ویکسین کا کلینیکل ٹرائل کیا گیا تھا جس میں تقریباً 18 ہزار رضاکاروں سے حصہ لیا تھا، بعد ازاں مذکورہ ویکسین ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ) کی جانب سے رجسٹرڈ کی گئی تھی۔

ڈاکٹر جاوید اکرم کا کہنا تھا کہ انہوئی زہی لائف لانگ کام بائیولوجک فارمیسی کو کے ویکسین ٹرائل میں تقریباً 7 ہزار رضاکار حصہ لیں گے، مزید یہ کہ یو ایچ ایس 12 اور 13 مارچ کو کووڈ 19 ویکسین کے لیے کی جانے والی پہلی بین الاقوامی کانفرنس بھی منعقد کرے گی جہاں پرنسپل انویسٹی گیٹنگ آفیسرز تحقیقی مقالے شیئر کریں گے۔

پی ایم سی کے 5 ڈپارٹمنٹ سیل

ادھر ایک ہفتے میں 13 اور ایک دن میں 5 کووڈ 19 کیسز کے بعد ضلعی انتظامیہ نے پی ایم سی کے 5 ڈپارٹمنٹ سیل کردیے جو مزید احکامات تک بند رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ’حکومت کا عوام کو کورونا وائرس ویکسین مفت فراہم کرنے کا فیصلہ‘

ان ڈپارٹمنٹس میں کمپیوٹر آئی ٹی، ویریفکیشن سیل، لیگل سیکشن، لائسنسنگ ڈپارٹمنٹ اور ایڈمن ڈپارٹمنٹ شامل ہیں۔

پی ایم سی کے کے پریس کوآرڈینیٹر سرمد حسن کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت کی ہدایات کے مطابق ان ڈپارٹمنٹس کو سیل کردیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’تاہم دیگر ڈپارٹمنٹس کھلے رہیں گے کیونکہ پی ایم سی عمارت کے مکمل بند ہونے کو برداشت نہیں کرسکتا، طلبہ اور میڈیکل پروفیشنلز مسلسل یہاں آتے ہیں اور ہم تواتر سے عمارت کو جراثیم سے پاک کر رہے ہیں‘۔

تبصرے (0) بند ہیں