فرنچائز مالکان غیرمعمولی حالات کے باوجود پی ایس ایل کے انعقاد پر بورڈ کے مشکور

04 جون 2021
تمام چھ فرنچائزوں کے مالکان نے لیگ کے آغاز کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے— فائل فوٹو: پی ایس ایل
تمام چھ فرنچائزوں کے مالکان نے لیگ کے آغاز کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے— فائل فوٹو: پی ایس ایل

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے چھٹے سیزن کے بقیہ میچز کا 9 جون سے آغاز ہونے جا رہا ہے اور تمام چھ فرنچائزوں کے مالکان نے اس اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے لیگ اور پاکستان کرکٹ بورڈ پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے بقیہ 20 میچوں کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا ہے اور 9 جون کو میچز شروع ہونے کے بعد فائنل 24 جون کو کھیلا جائے گا۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل 2021 کے بقیہ میچز کا 9 جون سے آغاز، فائنل 24 جون کو ہوگا

بدھ کو پی سی بی کے ساتھ منعقدہ ایک آن لائن اجلاس کے بعد تمام فرنچائزز نے ایک مرتبہ پھر لیگ کا انعقاد یقینی بنانے پر پاکستان کرکٹ کا شکریہ ادا کیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے مالک علی نقوی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل پاکستان کا سب سے اہم ٹورنامنٹ ہے اور ہمیں خوشی ہے کہ چند روز کی سخت محنت اور تمام رکاوٹوں کو دور کر کے اب ہم 9 جون کو دوبارہ سے ایونٹ کے آغاز کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایونٹ کے بقیہ میچز کے 9 جون سے آغاز کا مطلب کھلاڑیوں کو ایونٹ سے قبل تقریباََ ایک ہفتےکے لیے تیاری کا موقع فراہم کرنا ہے تاکہ وہ ایونٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرسکیں۔

کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے بھی لیگ کے انعقاد کو پی سی بی کی انتھک محنت کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو سمجھنا چاہیے کہ یہ غیرمعمولی حالات ہیں جو ہر لمحہ تبدیل ہورہے ہیں، جو نہیں بدل رہا وہ صرف یہ ہے کہ یہ پاکستان کی لیگ کو کامیاب بنانا ہم سب کی مجموعی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مل کر اس لیگ کو مزید مضبوط اور توانا بنانے کا عزم ظاہر کیا۔

لاہور قلندرز کے مالک ثمین رانا نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایونٹ کے بقیہ میچز کے انعقاد کے لیے پی سی بی نے بھرپور محنت کی ہے جس کے نتیجے میں ہم ٹورنامنٹ کے دوبارہ سے آغاز کے قریب پہنچ چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اس بار امارات میں پی ایس ایل کے انعقاد کے لیے مشکل ترین پہلو کیا ہوگا؟

انہوں نے کہا کہ اس تمام عمل کے دوران ہم نے مل کر کام کیا ہے کیونکہ یہ ہماری لیگ ہے اور اسے کامیاب بنانا بھی ہم سب بھی کی ذمہ داری ہے۔

پی ایس ایل فرنچائز ملتان سلطانز کے مالک عالمگیر خان ترین نے کہا کہ تمام کھلاڑی اور سپورٹ اسٹاف 9 جون کو ایونٹ کے بقیہ میچز کے آغاز پر بہت خوش اور اپنی صلاحیتوں کے بھرپور اظہار کے منتظر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز کے انعقاد سے ناصرف شائقین کرکٹ کو بہترین کرکٹ دیکھنے کو ملے گی بلکہ قومی ٹیم میں شامل کھلاڑیوں کو دورہ انگلینڈ کی تیاریوں میں بھی مدد ملے گی۔

پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے کہا کہ ہمیں حالات کے مطابق خود کو ڈھالنا پڑتا ہے اور ہمیں چند ایسے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا جو پی سی بی کے کنٹرول سے بھی باہر تھے۔

انہوں نے کہا کہ اب 9 جون سے لیگ کا آغاز ہورہا ہے اور امید ظاہر کی کہ ٹورنامنٹ کے دوران دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے شائقین کرکٹ کو محظوظ کریں گے۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل 6 کا فائنل 24 جون کو کرانے پر اتفاق

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر کا کہنا ہے کہ ان مشکل حالات میں مختصر نوٹس پر بیرون ملک ایونٹ کا انعقاد کوئی آسان کام نہیں لیکن ہمیں خوشی ہے کہ اس غیریقینی صورتحال کے باوجود ہم ٹورنامنٹ کو مکمل کرنے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ 9 جون سے ایونٹ کے آغاز پرمطمئن ہیں کیونکہ اس سےان کے کپتان سرفراز احمد کو آئسولیشن کی مدت مکمل کرکے ٹیم کی قیادت سنبھالنے کا وقت مل جائے گا، امید ہے کہ ہم بہترین کرکٹ کھیل کر ایونٹ کے فائنل فور راؤنڈ میں جگہ بنالیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں