عمر شریف علاج کے لیے بذریعہ ایئر ایمبولینس امریکا روانہ

اپ ڈیٹ 28 ستمبر 2021
اداکار 28 ستمبر کی دوپہر 12 بجے کے بعد امریکا روانہ ہوئے—اسکرین شاٹ/ فائل فوٹو: فیس بک
اداکار 28 ستمبر کی دوپہر 12 بجے کے بعد امریکا روانہ ہوئے—اسکرین شاٹ/ فائل فوٹو: فیس بک

عارضہ قلب میں مبتلا لیجنڈری کامیڈین عمر شریف تاخیر سے علاج کے لیے بذریعہ ایئر ایمبولینس امریکا روانہ ہوگئے، وہ براستہ جرمنی امریکا میں داخل ہوں گے۔

عمر شریف کو علاج کے لیے کم از کم ایک ہفتہ قبل امریکا روانہ ہونا تھا مگر ایئر ایمبولینس کی پاکستان آمد، اداکار کے ویزہ کے اجرا سمیت دیگر مسائل کی وجہ سے ان کی روانگی میں تاخیر ہوئی۔

عمر شریف کو امریکا لے جانے کے لیے ایئر ایمبولینس 26 ستمبر کی شب کراچی ایئر پورٹ پہنچ چکی تھی مگر پھر اداکار کی اچانک طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے ان کی روانگی مؤخر کردی گئی تھی۔

طبیعت خراب ہوجانے پر ایک دن تک عمر شریف کو نگہداشت کے وارڈ (سی سی یو) میں رکھا گیا تھا اور 28 ستمبر کو ان کی صحت میں بہتری کے بعد انہیں روانہ کیا گیا۔

عمر شریف کو 28 ستمبر کی دو پہر 12 بجے کے بعد کینیڈین ایئر ایمبولینس کی پرواز آئی ایف اے 1264 کے ذریعے امریکا روانہ کیا گیا۔

اداکار کی روانگی پر سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے بھی ٹوئٹ کی اور ساتھ ہی عوام سے ان کی صحت یابی کے لیے دعا کی اپیل بھی کی۔

یہ بھی پڑھیں: عمر شریف کی طبیعت پھر خراب، علاج کیلئے امریکا روانگی مؤخر

ایئر ایمبولینس میں مریض کے علاوہ ان کے اہل خانہ اور ایمبولینس عملے کے ارکان سمیت 6 افراد بھی امریکا روانہ ہوئے۔

عمر شریف گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے علیل ہیں اور وہ کراچی کے آغا خان ہسپتال میں زیر علاج تھے، انہیں عارضہ قلب کے علاوہ گردوں کے امراض کا بھی سامنا ہے جب کہ انہیں ذیابطیس بھی ہے۔

عمر شریف ڈیڑھ ماہ تک آغا خان ہسپتال میں رہے—فائل فوٹو: فیس بک
عمر شریف ڈیڑھ ماہ تک آغا خان ہسپتال میں رہے—فائل فوٹو: فیس بک

عمر شریف کے علاج کے لیے سندھ حکومت نے 14 ستمبر کو 4 کروڑ روپے کے فنڈز جاری کیے تھے، جس کے بعد صوبائی حکومت نے انہیں امریکا منتقل کرنے کے لیے ایئر ایمبولینس کے کرائے کی مد میں 20 ستمبر کو 2 کروڑ 84 لاکھ روپے جاری کیے تھے۔

اداکار کو امریکا روانگی کے لیے 14 ستمبر کو ویزے بھی مل چکے تھے لیکن ایئر ایمبولینس کا انتظام ہونے اور دیگر کچھ مسائل کی وجہ سے وہ کم از کم 10 دن تاخیر سے علاج کے لیے امریکا روانہ ہوئے۔

مزید پڑھیں: رقم اور ویزے جاری ہونے کے باوجود عمر شریف امریکا روانہ نہ ہوسکے

امریکا میں عمر شریف کا علاج واشنگٹن کی جارج یونیورسٹی ہسپتال میں 10 ڈاکٹرز اور طبی عملے کے ارکان کی ٹیم کرے گی، ان کا علاج کرنے والی ٹیم میں اداکارہ ریما خان کے شوہر ڈاکٹر طارق شہاب بھی شامل ہیں۔

ڈاکٹر طارق شہاب نے کچھ دن قبل عمر شریف کی بیماری اور علاج کے حوالے سے بتایا تھا کہ کامیڈین کو عارضہ قلب لاحق ہے مگر انہیں گردوں کے مسائل اور ذیابطیس بھی ہے۔

ڈاکٹر طارق شہاب کے مطابق عمر شریف کے دل کے ایک ’وال‘ نے کام کرنا چھوڑ دیا ہے اور دل میں جمع ہونے والا خون واپس ’پھیپھڑوں‘ کی جانب جا رہا ہے، جس کی وجہ سے اداکار کو سانس لینے میں بھی مشکل درپیش ہے۔

عمر شریف کے ہمراہ تیسری اہلیہ غزل زرین اور بیٹے جواد شریف کےساتھ جانے کی اطلاعات ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام
عمر شریف کے ہمراہ تیسری اہلیہ غزل زرین اور بیٹے جواد شریف کےساتھ جانے کی اطلاعات ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام

ڈاکٹر طارق شہاب نے بتایا تھا کہ عمر شریف کی ’اوپن ہارٹ سرجری‘ نہیں ہوگی بلکہ اندر جاکر ان کے کمزور ’وال‘ کو دوسرے ’وال‘ سے جوڑا جائے گا اور مذکورہ عمل کافی پیچیدہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان سمیت مجموعی طور پر 4 سرجن، میڈیکل آلات چلانے اور ادویات فراہم کرنے والے طبی عملے کے لوگ بھی ہوں گے اور مجموعی طور پر 10 افراد عمر شریف کا علاج کرنے والی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: عمر شریف کو عارضہ قلب سمیت گردوں اور ذیابیطس کا مسئلہ بھی ہے، ڈاکٹر طارق شہاب

انہوں نے بتایا تھا کہ عمر شریف کے دل کے اندر جاکر ’وال‘ کو ایک دوسرے سے جوڑنے کا مرکزی عمل 4 سے 6 گھنٹے کا ہے مگر مجموعی طور پر پورے عمل میں زیادہ وقت لگے گا۔

ڈاکٹر طارق شہاب نے واضح کیا تھا کہ عمر شریف کے علاج کے لیے کیا جانے والا طبی عمل نیا ہے اور مذکورہ عمل دنیا کے بہت سارے ممالک میں نہیں ہوتا جب کہ امریکا میں بھی چند بڑے ہسپتالز میں اس کی سہولیات دستیاب ہیں۔

عمر شریف کے دل کے والوں کو ملانے کے لیے ان کا آپریشن کیا جائے گا—فائل فوٹو: فیس بک
عمر شریف کے دل کے والوں کو ملانے کے لیے ان کا آپریشن کیا جائے گا—فائل فوٹو: فیس بک

تبصرے (0) بند ہیں