’کوک اسٹوڈیو‘ کے تمام سیزن ’اسپاٹی فائے‘ پر ریلیز

12 جنوری 2022
کوک اسٹوڈیو کے 13 ہی سیزن کے گانے اسپاٹی فائے پر ریلیز کردیے گئے—پرومو فوٹو
کوک اسٹوڈیو کے 13 ہی سیزن کے گانے اسپاٹی فائے پر ریلیز کردیے گئے—پرومو فوٹو

میوزک اسٹریمنگ ویب سائٹ ’اسپاٹی فائے‘ اور میوزیکل شو ’کوک اسٹوڈیو‘ کے درمیان پاکستانی گلوکاروں کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کا معاہدہ طے پا گیا۔

دونوں کمپنیوں کے درمیان معاہدہ طے پاجانے کے بعد ’اسپاٹی فائے‘ پر ’کوک اسٹوڈیو‘ کے تمام سیزنز کو ریلیز کردیا گیا۔

’کوک اسٹوڈیو اور اسپاٹی فائے‘ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ دونوں میوزک کمپنیوں کے درمیان پاکستانی گلوکاروں اور موسیقی کو عالمی سطح پر متعارف کرائے جانے کی غرض سے معاہدہ ہوا۔

معاہدے کے تحت جلد ہی ’اسپاٹی فائے‘ پر ’کوک اسٹوڈیو‘ کے نئے یعنی 14 ویں سیزن کو بھی جاری کیا جائے گا۔

کوک اسٹوڈیو کا چودہواں سیزن 14 جنوری سے شروع ہونے کا امکان ہے اور اس کا ٹریلر 9 جنوری کو جاری کیا گیا تھا۔

جاری کیے گئے ٹریلر میں عابدہ پروین، عاطف اسلم، میشا شفیع، علی سیٹھی، مومنہ مستحسن، حسن رحیم، فارس شفیع، عروج آفتاب، قرت العین بلوچ، زین زوہیب، قراقرم ایوا بی، عبدالوہاب بگٹی، طلال قریشی، عبداللہ صدیقی اور دیگر میوزیکل بینڈ ارکان کے گلوکاروں اور موسیقاروں کو بھی دکھایا گیا تھا۔

عبداللہ صدیقی اس بار ’کوک اسٹوڈیو‘ کے پروڈیوسر بھی ہیں جب کہ اس بار میوزیکل شو کو یوٹیوب سمیت دیگر چینلز پر بھی ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’اسپاٹی فائے‘ پاکستان میں لاؤنچنگ کیلئے تیار

یہاں یہ بات بھی اہم ہے کہ ’اسپاٹی فائے‘ کا شمار دنیا کی سب سے بڑی آڈیو اسٹریمنگ ویب سائٹ میں ہوتا ہے تاہم یہ ویب سائٹ ویڈیو اسٹریمنگ سروس بھی فراہم کرتی ہے۔

جسٹن بی بیز بھی کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کا حصہ ہیں—اسکرین شاٹ
جسٹن بی بیز بھی کوک اسٹوڈیو سیزن 14 کا حصہ ہیں—اسکرین شاٹ

علاوہ ازیں ’اسپاٹی فائے‘ موسیقاروں و موسیقی پر دستاویزی فلمیں و ویڈیو میوزک کی سہولیات بھی فراہم کرتی ہے۔ ’اسپاٹی فائے‘ کو دنیا میں اسٹریمنگ چلاتے ہوئے تقریبا ڈیڑھ دہائی گزر چکی ہے تاہم اسے پاکستان سمیت ایشیا و افریقہ کے 80 ممالک میں 2021 کے آغاز میں شروع کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں ’اسپاٹی فائے‘ کی اسٹریمنگ کا آغاز

اس وقت مجموعی طور پر ’اسپاٹی فائے‘ دنیا کے 184 ممالک، ریاستوں اور جزائر میں دستیاب ہے اور اس کے سبسکرائبرز کی تعداد 40 کروڑ تک ہے۔

’اسپاٹی فائے‘ پر کوک اسٹوڈیو کے تمام سیزن کے علاوہ اس کی خصوصی لسٹس بھی جاری کی گئی ہیں۔

موسیقی کے شائقین افراد ’اسپاٹی فائے’ پر ’وویمن آف کوک اسٹوڈیو پاکستان‘ کے علاوہ ’بیسٹ آف کوک اسٹوڈیو صوفی‘ اور ’کوک اسٹوڈیو پاکستان‘ کے نام کی لسٹس کے ذریعے بھی گانے سن سکتے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں