قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ انہیں وزیراعظم عمران خان کی جانب سے مذہب کو ملک کی بدترین معاشی اور انتظامی ناکامی کو 'چھپانے کے لیے آڑ کے طور پر استعمال کرنے پر تشویش ہے'۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شہباز شریف نے کہا کہ 'اس طرح کے خود فریبی کے رویے سے ریاست کو سمجھ سے باہر انتہائی نقصان پہنچے گا'۔

شہباز شریف کا تنقیدی بیان وزیراعظم عمران خان کی جانب سے 'روح ریاست مدینہ: پاکستانی معاشرے کی تشکیل نو' کے عنوان سے ایک مضمون سوشل میڈیا پر جاری کرنے کے بعد سامنے آیا۔

وزیراعظم نے مذکورہ مضمون میں اسلام کے5 بنیادی ارکان کے بارے میں بات کی اور معاشرہ کیسے ان صولوں کو ایک قوم کے طور اپنا سکتی ہے جو ملک کو اپنی صلاحیت کا احساس دلانے کے لیے اہم ہے۔

ایک طرف حکمران جماعت پی ٹی آئی کے وزرا کی جانب سے وزیراعظم کی تعریف کی جارہی ہے تو دوسری طرف قائد حزب اختلاف نے ان کے انداز حکمرانی کو آڑھے ہاتھوں لیا۔

پی ٹی آئی کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے ٹوئٹر پر کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے مضمون میں دعویٰ کیا ہے کہ ریاست مدینہ کی روح قانون کی بالادستی پر مضمر ہے۔

انہوں نے کہا کہ 'حقیقت ہے، لیکن روح مرچکی اور 10 اکتوبر 2019 کو اس وقت دفنا دی گئی گئی جب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے تحریری حکم نامے میں کہا کہ پی ٹی آئی فارنگ فنڈنگ کیس میں تاخیری حربے استعمال کرتی ہے جو قانون کی تاریخی بے حرمتی ہے'۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگ زیب کا کہنا تھا کہ 'عمران خان دین اسلام اور اس کی مقدس اصلاحات کا ناجائز فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں، وہ مذہبی 'ایکسپلوئیٹر' ہیں'۔

انہوں نے کہا کہ 'عمران خان کا مدینہ کی ریاست پہ مضمون لکھنا اس چور کی مانند ہے جو چوری پکڑے جانے پہ مسجد میں چھپ جائے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'عمران خان اپنی لوٹ مار، نااہلی، نالائقی چھپانے کے لئے اسلام اورریاست مدینہ جیسے مقدس ناموں کا استحصال کررہے ہیں، عمران خان جیسا شخص ہی یہ مضمون لکھ سکتا ہے جو حالت انکار، ہٹ دھرمی، ڈھٹائی اور بے شرمی کی غیر معمولی انتہا پر فائز ہے'۔

مریم اورنگ زیب نے کہا کہ 'تین سال میں عمران خان نے ملک کے ساتھ جو کیا اور کہا اس کے بعد اپنی لوٹ مار، نالائقی اور نااہلی میں ڈوبا شخص اپنی ڈوبتی کشتی بچانے کے لیے ریاستِ مدینہ پر درس نہ دے'۔

انہوں نے کہا کہ 'عمران خان نے ہر قدم پر ریاست مدینہ کے اصولوں اور روح کی نفی کی ریاست مدینہ پر عمران خان کا مضمون لکھنا اِس بات کا ثبوت ہے کہ ان کے گھبرانے اور گھر جانے کا وقت شروع ہوگیا ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'جس کے قول و فعل میں صرف اور صرف تضاد ہو وہ مدینہ کی ریاست پر درس دے رہا ہے، مدینہ کی ریاست کی قانون کی بالادستی کی بات کرنے والا چار سال سے اپنے ہر کیس سے مفرور ہے'۔

مریم اورنگ زیب نے کہا کہ 'بہتان، الزام، بغض، نفرت، عدم برداشت اور جھوٹ کا مجسمہ کس ڈھٹائی سے مدینہ کی ریاست پر مضمون لکھ رہا ہے'۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا کہ 'تمام بدعنوان اور کرپٹ، کارٹیلز اور مافیاز وزیراعظم کی کابینہ میں کام کر رہے ہیں'۔

وزیرعظم کو مخاطب کرکے انہوں نے کہا کہ 'شوگر مافیا، آٹا مافیا، فارماسیوٹیکل مافیا، فرنس آئل مافیا، ڈالر مافیا، اسمگلرز مافیا اور ذخیرہ اندوز مافیا مسٹر نیازی آپ کی حکومت میں سرگرم ہیں، آپ کس کو دھوکا دے رہے ہیں'۔

تبصرے (1) بند ہیں

ندیم احمد Jan 18, 2022 09:43am
اپوزیشن کی طرف سے یارکر پھینکا گیا ہے۔