پی ایس ایل کے آغاز سے قبل وسیم اکرم، وہاب ریاض اور حیدر علی بھی کورونا میں مبتلا

کورونا وائرس سے متاثرہ کھلاڑیوں کو قرنطینہ کردیا گیا ہے — فائل فوٹو: ڈان نیوز
کورونا وائرس سے متاثرہ کھلاڑیوں کو قرنطینہ کردیا گیا ہے — فائل فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے آغاز سے قبل کھلاڑیوں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہونے لگی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ذرائع کے مطابق پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض اور بلے باز حیدر علی کے بھی کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آگئے ہیں۔

ان کے علاوہ عُمان میں ہونے والی لیجنڈز لیگ سے واپسی پر کراچی کنگز کے صدر وسیم اکرم کو کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا۔

ذرائع نے کہا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ کھلاڑیوں کو قرنطینہ کردیا گیا ہے۔

اس سے قبل پشاور زلمی کے دو کھلاڑی کامران اکمل اور ارشد اقبال میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے اور دونوں کھلاڑی قرنطینہ میں ہیں۔

مزید پڑھیں: بائیوسیکیور ببل کی خلاف ورزی: پی ایس ایل فائنل سے قبل زلمی کے حیدر علی، عمید آصف معطل

یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ نے 27 جنوری سے 27 فروری تک جاری رہنے والی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2022 کی پلیئنگ کنڈیشنز کا اعلان کیا تھا۔

کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلنے والے ویرینٹ ’اومیکرون‘ کے باعث آنے والی وبا کی پانچویں لہر سے بچاؤ کے لیے پی سی بی کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات میں پی ایس ایل 2022 کی پلیئنگ کنڈیشنز میں ترامیم بھی شامل ہیں۔

لیگ کے ساتویں ایڈیشن کے لیے پلیئنگ کنڈیشنز میں کی گئیں ترامیم مندرجہ ذیل ہیں۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل 2022 کیلئے کمنٹری پینل کا اعلان

  • کسی کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی صورت میں مذکورہ ٹیم تکنیکی کمیٹی کی اجازت سے ریزرو پول میں موجود کسی بھی کھلاڑی کو متبادل کھلاڑی کی حیثیت سے اپنے اسکواڈ میں شامل کر سکتی ہے۔

  • کسی ٹیم کے کم از کم 13 کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ منفی آجائیں تو اس ٹیم کو میچ نہیں کھلایا جائے گا۔

  • ایک ایمرجنگ کرکٹر سمیت پلیئنگ الیون میں کم از کم 7 اور زیادہ سے زیادہ 8 مقامی کھلاڑی شامل ہوسکتے ہیں، تاہم کووڈ 19 کا شکار ہونے کی صورت میں ٹیم کو تمام 11 مقامی کھلاڑیوں کو بھی میدان میں اتارنے کی اجازت ہوگی۔

  • فیلڈنگ سائیڈ پر لازم ہے کہ وہ اننگز کے 19 اوورز مقررہ وقت میں مکمل کرے بصورت دیگر میچ کے آخری اوور کے لیے اس ٹیم پر 30 گز کے سرکل کے باہر ایک کھلاڑی کم کھڑا کرنے کی شرط لاگو ہوگی۔

  • فائنل کے لیے ایک دن ریزرو رکھا گیا ہے، ریزرو ڈے پر بھی میچ مکمل نہ ہوسکا تو 30 لیگ میچز کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر اوپر رہنے والی ٹیم کو چیمپئن قرار دیا جائے گا۔

  • پی سی بی کی جانب سے کئی گئی ترمیم کے مطابق ٹی وی امپائر باؤلر کی نو بال دیکھے گا۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل کا آفیشل ترانہ ’آگے دیکھ’ آتے ہی مقبول

واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے 2020 اور 2021 کے ایڈیشنز کورونا وائرس کی وجہ سے بری طرح متاثر ہوئے تھے۔

پاکستان سپر لیگ 2021 چھٹے ایڈیشن کے میچز بھی کورونا وائرس کی وجہ سے ملتوی کردیے گئے تھے اور بقیہ میچوں کو جون میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا تھا، 25 جون کو ہونے والے لیگ کے فائنل میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو شکست دے کر چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں