پی ٹی آئی کی رکن قومی اسمبلی کا شوہر کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ

02 فروری 2022
جویریہ ظفر نے ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے — فوٹو: شکیل قرار
جویریہ ظفر نے ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے — فوٹو: شکیل قرار

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی خاتون رکن قومی اسمبلی و پارلیمانی سیکریٹری برائے اوورسیز پاکستانیز جویریہ ظفر نے شوہر کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کروا دیا۔

فائرنگ کا واقعہ گزشتہ شب پارلیمنٹ لاجز میں پیش آیا تھا۔

واقعے کا مقدمہ تعزیرات پاکستان کی دفعہ 324 (اقدام قتل) کے تحت اسلام آباد کے تھانہ ویمن میں جویریہ ظفر کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

شکایت کنندہ نے مؤقف اپنایا کہ 6 ماہ قبل ان کا نکاح حیدر علی بلوچ سے ہوا تھا، ان کے شوہر نے معمولی جھگڑے پر بندوق تانی، جس پر انہوں نے عدالت جاکر خلع لینے کے لیے کہا۔

مزید پڑھیں: کراچی: فائرنگ سے پی ٹی آئی کے رکنِ سندھ اسمبلی زخمی

مدعی مقدمہ کا کہنا تھا کہ میرے شوہر نے مجھے اور میرے گھر والوں کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں، جبکہ مجھ پر گولی بھی چلائی۔

جویریہ ظفر نے بتایا کہ ملزم کی بندوق سے چلائی گئی گولی انہیں نہیں لگی بلکہ دیوار پر لگی اور انہوں نے بھاگ کر بچھائی۔

پی ٹی آئی کی ایم این اے نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے شوہر سے خلاف جلد از جلد کارروائی کی جائے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر انہیں یا ان کے اہل خانہ کو کوئی جانی یا مالی نقصان ہوتا ہے تو اس کا ذمہ دار مقدمے میں نامزد ملزم حیدر علی بلوچ ہوگا۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کے جشن میں شدید ہوائی فائرنگ

پی ٹی آئی ایم این اے پر فائرنگ کا واقعہ یکم فروری کی شام کو پیش آیا تھا۔

خیال رہے جویریہ ظفر پہلی بار اگست 2018 میں خواتین کی مخصوص نشست پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئی تھیں، تاہم بعد ازاں وزیر اعظم نے انہیں پارلیمانی سیکریٹری برائے اوورسیز مقرر کردیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں