پیوٹن کا نیوکلیئر فورسز کو تیار رہنے کا حکم، عالمی برادری کا اظہار مذمت

اپ ڈیٹ 27 فروری 2022
روس کے صدر ولادمیر پیوٹن نے کہا کہ جوہری فورسز کو ہائی الرٹ پر رہنے کا حکم مغربی طاقتوں کے رویے کو دیکھ کر دیا ہے— فائل فوٹو: اے پی
روس کے صدر ولادمیر پیوٹن نے کہا کہ جوہری فورسز کو ہائی الرٹ پر رہنے کا حکم مغربی طاقتوں کے رویے کو دیکھ کر دیا ہے— فائل فوٹو: اے پی

روس کے صدر ولادمیر پیوٹن نے ملک کی نیوکلیئر مزاحمتی فورسز کو ہائی الرٹ پر رہنے کا حکم دیا ہے اور عالمی برادری نے اس عمل کو غیرذمے دارانہ قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق انہوں نے ٹیلی ویژن پر اپنے خطاب میں کہا کہ میں نے وزیر دفاع اور روس کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف کو حکم دیا ہے کہ وہ روس کی نیوکلیئر مزاحمتی فورسز کو تیار رہنے کا حکم دیں۔

مزید پڑھیں: روسی فوجی یوکرین کے دوسرے بڑے شہر 'خارکیف' میں داخل

روس کے صدر نے یہ اعلان ایک ایسے موقع پر کیا ہے کہ جب دنیا بھر کی طاقتوں کی جانب سے ان پر پابندیاں لگائے جانے کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں روس کی معیشت بری طرح متاثر ہو سکتی ہے۔

پیوٹن نے کہا کہ انہوں نے جوہری فورسز کو ہائی الرٹ پر رہنے کا حکم مغربی طاقتوں کے رویے کو دیکھ کر دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے یہ فیصلہ روس پر عائد کی جانے والی پابندیوں اور نیٹو رہنماؤں کے جارحانہ بیانات کے بعد لیا ہے۔

پیوٹن کے اس اعلان کے بعد امریکی حکام نے خبردار کیا ہے کہ روس کے صدر کے اس فیصلے سے صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: یوکرین پر حملہ: یوٹیوب نے روسی چینلز پر اشتہارات کی کمائی بند کردی

ایک سینئر امریکی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ یہ واضح ہے کہ اگر ذرا سی بھی بداحتیاطی ہوئی تو اس سے صورتحال مزید خطرناک ہو جائے گی۔

ادھر نیٹو کے سیکریٹری جنرل نے جوہری مزاحمتی فورسز کو الرٹ پر رکھنے کے پیوٹن کے حکم کو غیرذمے دارانہ رویہ قرار دیا ہے۔

جین اسٹول ٹنبرگ نے سی این این سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ خطرناک بیانیہ ہے اور یہ رویہ انتہائی غیرذمے دارانہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر آپ اس بیانیے کو یوکرین میں جاری زمینی کاروائی کے ساتھ ملا کر دیکھیں تو صورتحال انتہائی سنگین شکل اختیار کر جاتی ہے۔

پیوٹن کے اس اعلان کے بعد یورپی یونین نے تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی ملک کے لیے ہتھیار خریدنے کا اعلان کیا ہے۔

مزید پڑھیں: یوکرین مذاکرات سے انکار کرکے تنازع کوطول دے رہا ہے، روس

یورپی یونین کی کمشنر ارسلو وون در لیئن نے کہا کہ پہلی مرتبہ یورپی یونین حملے کے شکار ایک ملک کے لیے ہتھیار خریدنے کے لیے رقم فراہم کرے گا جبکہ ہم روس پر سخت پابندیاں بھی عائد کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ روس کی زیر ملکیت یا ان کی جانب سے چلائے جانے والے طیاروں کے یورپ کی فضائی حدود میں داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

یورپی یونین نے روس کے ساتھ ساتھ اس کے اتحادی بیلاروس پر بھی پابندیاں لگانے پر اتفاق کیا ہے۔

فن لینڈ نے بھی یورپی یونین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے روس کے خلاف یوکرین کو ہتھیاروں کی فراہمی پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: یوکرین سے 50 ہزار افراد کی ہمسایہ ممالک کی طرف ہجرت، ایک لاکھ بے گھر

دوسری جانب یوکرین کے صدر ولادمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ ان کا ملک روس کے ساتھ امن مذاکرات شروع کرنے کے لیے تیار ہے۔

بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو سے فون پر گفتگو کے بعد یوکرین کے سربراہ نے کہا کہ وی بیلاروس اور یکرین کی سرھد پر مذاکرات کے لیے وفد بھیجنے کے لیے تیار ہیں۔

ولادمیر زیلنسکی نے کہا کہ ہم نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ یوکرین کا وفد پہلے مقرر کردہ کسی شرط کے بغیر روسی وفد سے ملاقات کرے گا۔

ادھر ابتدائی رپورٹس کے برخلاف یوکرین نے اتوار کی دوپہر دعویٰ کیا کہ روسی فوج کی جانب سے حملوں کے باوجود ملک کا دوسرا بڑا شہر خارکیف اب بھی ان کے کنٹرول میں ہے۔

مزید پڑھیں: چین کا امریکا پر یوکرین کے معاملے میں کشیدگی بڑھانے کا الزام

اس سے قبل یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ روس کی فوجیں یوکرین کے دوسرے بڑے شہر خارکیف میں داخل ہو گئی ہیں اور شہر کی سڑکوں پر لڑائی جاری ہے۔

خارکیف کی علاقائی انتظامیہ کے سربراہ اولیح سینہوبوف نے کہا تھا کہ یوکرین کی افواج شہر میں روسی فوجیوں سے لڑ رہی ہیں اور شہریوں سے کہا کہ وہ اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں۔

تبصرے (0) بند ہیں