وزیراعظم، اسپیکر قومی اسمبلی کا 'لوٹوں' کےخلاف کارروائی پر غور

18 مارچ 2022
وزیراعظم نے اسد قیصر کو 21 مارچ کو قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی ہدایت دی—تصویر: ٹوئٹر
وزیراعظم نے اسد قیصر کو 21 مارچ کو قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی ہدایت دی—تصویر: ٹوئٹر

وزیراعظم عمران خان نے قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر کو ہدایت کی ہے کہ وہ 21 مارچ کو ایوان زیریں کا اجلاس بلائیں اور پی ٹی آئی کے ممکنہ 'لوٹوں' کے خلاف کارروائی کریں۔

انہوں نے یہ ہدایات سندھ ہاؤس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے تقریباً ایک درجن اراکین قومی اسمبلی کی موجودگی کا علم عام ہونے کے بعد دیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ وزیراعظم ہاؤس میں بلائے گئے اجلاس میں کیا گیا جس میں اٹارنی جنرل آف پاکستان خالد جاوید خان اور قومی اسمبلی کے اسپیکر نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کے 4 منحرف ارکان سندھ ہاؤس میں کھل کر سامنے آگئے

دریں اثنا پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے دعوی کیا کہ اپوزیشن کے کچھ اراکین قومی اسمبلی حکومت کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں اور حکومتی بینچز کی حمایت کے لیے تیار ہیں۔

تاہم اپوزیشن ارکان اور بعض آئینی ماہرین کا خیال ہے کہ وزیر اعظم کے خلاف عدم اعتماد کی قرارداد جمع کرانے کے بعد اسپیکر کو ایوان کے نگران کی حیثیت سے وزیر اعظم کے بلائے گئے کسی اجلاس میں شرکت نہیں کرنی چاہیے۔

ایک پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی رہنماؤں نے سندھ ہاؤس کو 'نیا چھانگا مانگا' قرار دیا اور دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کے قانون سازوں کی وفاداریاں خریدنے کے لیے پیسہ استعمال کیا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں: فلور کراسنگ پر اسپیکر قومی اسمبلی کے ڈیکلریشن پر کارروائی ہوسکتی ہے، الیکشن کمیشن

وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ڈان سے بات کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کا فیصلہ وزیراعظم نہیں بلکہ اسپیکر اسد قیصر کریں گے۔

جب وفاقی وزیر نے ان اراکین کے خلاف ممکنہ کارروائی کے بارے میں ہوچھا گیا جنہیں انہوں نے پی ٹی آئی کے لوٹے قرار دیا ہے تو فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ 'وزیراعظم خان نے تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ سے قبل انہیں ڈی سیٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔'

انہوں نے کہا کہ اس وقت سندھ ہاؤس میں موجود حکومتی ببینچز کے اراکین نے آئین کی خلاف ورزی کی ہے اور آئین کے آرٹیکل 63 کے تحت پارٹی سربراہ ان کے خلاف کارروائی کر سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی آخری وقت تک مقابلہ کرے گی، اقتدارکیلئے سودے بازی نہیں کریں گے، وفاقی وزرا

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے اس معاملے پر آرٹیکل 63 (A) (1) کے تحت قانونی کارروائی کا آغاز کیا ہے، جس کے تحت اگر پارٹی کا کوئی رہنما اس نتیجے پر پہنچتا ہے کہ اس کی پارٹی کا کوئی رکن منحرف ہو گیا ہے تو وہ اس کی نااہلی کے لیے ریفرنس دائر کر سکتا ہے'۔

تبصرے (0) بند ہیں