پی آئی اے کے بیڑے میں شامل نئے طیارے کی پہلی پرواز

05 اکتوبر 2022
پی آئی اے کے  فلیٹ میں موجود طیاروں کی مجموعی تعداد 32 ہوگئی ہے— فائل فوٹو: وکی میڈیا کامنز
پی آئی اے کے فلیٹ میں موجود طیاروں کی مجموعی تعداد 32 ہوگئی ہے— فائل فوٹو: وکی میڈیا کامنز

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے بیڑے میں شامل کیا نیا ایئربس اے 320 طیارہ اسلام آباد سے کراچی کی جانب اپنی پہلی پرواز کے بعد آپریشنل ہو گیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق 166 مسافروں کو لے کر طیارہ پی کے-369 اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے شام 4 بجے کراچی کے لیے روانہ ہوا۔

پی آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ اے پی-بی ایم وی رجسٹریشن نمبر والا طیارہ نئی سیٹوں کے ساتھ ساتھ جدید کیبن سے آراستہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کے حاصل کردہ 2 ’ایئربس اے 320‘ میں سے پہلا اسلام آباد پہنچ گیا

ترجمان پی آئی اے نے مزید بتایا کہ طیارے کو 6 سال کے لیے ڈرائی لیز پر حاصل کیا گیا ہے جب کہ طیارے کے حصول کا مقصد پی آئی اے کی جانب سے اپنے مسافروں کو آرام دہ سفر اور بہترین سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔

اس نئے طیارے کے بیٹرے میں شمولیت کے بعد پی آئی اے کے فلیٹ میں موجود طیاروں کی مجموعی تعداد 32 ہوگئی ہے جن میں 13 ایئربس طیارے بھی شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: پی آئی اے کے بیڑے میں 2023 تک 12 نئے طیارے شامل ہوں گے، سی ای او

پی آئی اے نے یہ طیارہ اپنے بیڑے میں مزید ہوائی جہاز شامل کرنے کے منصوبے کے تحت حاصل کیا ہے، یہ طیارہ گزشتہ ماہ شارجہ سے پاکستان لایا گیا تھا۔

پاکستان انٹرنیشنل ایئ لائنز کے ترجمان نے مزید کہا کہ گزشتہ سال پی آئی اے نے 4 طیاروں کے حصول کے لیے ٹینڈر طلب کیے تھے جن میں سے 3 طیارے حاصل ہو چکے ہیں، آخری طیارہ آئندہ چند روز میں آجائے گا جب کہ پہلا طیارہ اپریل میں پاکستان لایا گیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں