شہر قائد کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش

اپ ڈیٹ 22 مارچ 2023
بارش کے بعد شہر کی سڑکیں بھیگی ہوئی نظر آرہی ہیں—تصویر: اسکرین شاٹ
بارش کے بعد شہر کی سڑکیں بھیگی ہوئی نظر آرہی ہیں—تصویر: اسکرین شاٹ

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں تیز ہوا کے جھکڑوں کے ساتھ کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش ہوئی۔

صبح سویرے ہی شہر کو گہرے کالے بادلوں نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا تھا اور موسم کا حال بتانے والوں نے کراچی میں بارش کے ساتھ ساتھ ژالہ باری کی بھی پیش گوئی کی تھی۔

کراچی کے علاقے کورنگی، ملیر،لانڈھی، صدر، ڈیفنس، ناظم آباد، اورنگی ٹاون، نیو کراچی، گلستان جوہر، شادمان ٹاون، محمود آباد، ایف بی ایریا، گلشن اقبال، گارڈن، شاہ فیصل کالونی،بلدیہ ٹاون،کلفٹن میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش ہوئی۔

کچھ علاقوں میں بارش سے قبل آندھی کے ساتھ ساتھ کالی گھٹا کے باعث اندھیرا چھا جانے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے سربراہ ڈاکٹر سردار سرفراز نے ڈان کو بتایا کہ شہر میں صبح کے وقت ہلکی بارش ہوئی اور رات کو بھی بارش کے امکانات ہیں۔

محکمہ موسمیات کے عہدیدار نے بتایا کہ جمعرات کی صبح کراچی کے علاقے گلشن حدید میں سب سے زیادہ ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، دیگر علاقوں میں، سرجانی (0.5 ملی میٹر)، سعدی ٹاؤن (0.5 ملی میٹر)، نارتھ کراچی (0.5 ملی میٹر)، ایئرپورٹ (0.2) شامل ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بارش کے بعدشہر میں درجہ حرارت 29 نوٹ کیا گیا تھا، دریں اثنا ایدھی فاؤنڈیشن کے ترجمان نے کہا کہ شہر میں بارش سے کوئی حادثہ پیش نہیں آیا۔

قبل ازیں 17 مارچ کو بھی شہر کے چند علاقوں میں تیز بارش اور ژالہ باری ہوئی تھی جبکہ مضافاتی علاقوں سے گزشتہ روز بھی مینہ برسنے کی اطلاعات ملی تھیں۔

محکمہ موسمیات نے جمعرات کو بھی کراچی کے بیشتر علاقوں اور صوبہ سندھ کے دیگر اضلاع میں وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش کی پیش گوئی کی ہے، تاہم بالائی سندھ کے علاقے میں ’موسلا دھار‘ بارش کے امکانات ہیں۔

خیال رہے کہ محکمہ موسمیات نے ہفتہ وار الرٹ میں امکان ظاہر کیا تھا کہ ایک مضبوط مغربی لہر 21 مارچ سے پاکستان میں داخل ہوگی جو کہ 22 مارچ کو ملک کے بیشتر علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لے گی۔

محکمے نے 21 سے 24 مارچ کے درمیان ملک کے مختلف حصوں میں ہلکی و تیز بارش، آندھی اور ژالہ باری کی پیش گوئی کی تھی۔

اس سلسلے میں صوبہ سندھ کے اضلاع سکھر، جیکب آباد، لاڑکانہ، حیدرآباد، سانگھڑ، مٹھی، ٹھٹھہ، بدین، شہید بینظیر آباد، میرپورخاص، دادو اور کراچی میں 21 سے 23 مارچ کے دوران آندھی/گرد آلود ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ کہیں کہیں بارش/ ژالہ باری ہونے کی پیش گوئی بھی کی گئی تھی۔

این ڈی ایم اے الرٹ

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق بارشوں کا سلسلہ گزشتہ روز سے شروع ہوا تھا جس کے زیر اثر بلوچستان اور پنجاب کے کئی علاقوں میں بارش اور کچھ علاقوں میں غیر معمولی ژالہ باری دیکھی گئی تھی۔

سرکاری خبررساں ادارے اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق موسم کی بدلتی صورتحال کے پیشِ نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے تمام متعلقہ اداروں کو ممکنہ ہنگامی صورتحال کیلئے تیار رہنے اور مقامی آبادیوں، سیاحوں و مسافروں کی موسمی صورتحال سے آگاہی کے لیے ضروری اقدامات اور مربوط انتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اس سلسلہ میں جاری ہدایات میں کہا گیا کہ بارش کے ساتھ تیز ہوائوں اور ژالہ باری سے کمزور انفراسٹرکچر اور کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں