• KHI: Maghrib 6:31pm Isha 7:48pm
  • LHR: Maghrib 6:03pm Isha 7:24pm
  • ISB: Maghrib 6:08pm Isha 7:32pm
  • KHI: Maghrib 6:31pm Isha 7:48pm
  • LHR: Maghrib 6:03pm Isha 7:24pm
  • ISB: Maghrib 6:08pm Isha 7:32pm

ملک کے مختلف شہروں میں ہیٹ ویو جون کے آخر تک رہنے کا امکان

شائع May 23, 2024
— فائل فوٹو: اے ایف پی
— فائل فوٹو: اے ایف پی

وزیراعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید نے خبردار کیا ہے کہ ملک میں جاری ہیٹ ویو کی لہر جون کے آخری ہفتے تک برقرار رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں ہیٹ ویو کے پہلے اسپیل کا آغاز ہوگیا ہے جو جون کے آخری ہفتے تک جاری رہے گا۔

ملک کے مختلف علاقوں میں ہیٹ ویو کے پہلے اسپیل کے آغاز کے ساتھ ہی محکمہ موسمیات نے گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ظاہر کردیا ہے اور موجودہ ہیٹ ویو کی لہر جون کے آخری ہفتے تک برقرار رہنے کی پیش گوئی بھی کردی۔

کراچی میں گرمی کی شدت برقرار ہے، شہر میں پارہ 39 ڈگری تک پہنچ گیا، شہری انتظامیہ کی جانب سے شہر کے مختلف مقامات پر ہیٹ ریلیف کیمپ قائم کردیئے گئے ہیں۔

ملک کے دیگر حصوں کی طرح لاہور میں بھی سورج خوب آگ برسارہا ہے، محکمہ موسمیات نے لاہور میں بھی گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ظاہر کردیا، جب کہ لاہور اور فیصل آباد میں درجہ حرارت 44 ڈگری تک پہنچ گیا ہے۔

حیدرآباد میں درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جب کہ شہر بھر میں فائربریگیڈ کی گاڑیوں نے شہریوں پر پانی کا چھڑکاؤ کیا۔

اس کے علاوہ سندھ کے علاقے موہنجودڑو اور دادو میں درجہ حرات 49 ڈگری، سکھر اور نوابشاہ میں 48 ، حیدر آباد میں 46 ڈگری تک پہنچ گیا ہے۔

پنجاب کے شہر بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں درجہ حرارت 46 ڈگری، ملتان، ساہیوال اور سرگودھا میں 45 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

وزیراعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید نے حالیہ ہیٹ ویو پر پریس کانفرنس کے دوران خبردار کیا ہے کہ ملک کے مختلف شہروں میں ہیٹ ویو کا آغاز ہوچکا ہے اور جون تک ہیٹ ویو کے تین اسپیل آئیں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ سہر فہرست ممالک میں شامل ہے، پاکستان کا گلوبل وارمنگ میں شامل ہونا قدرتی نہیں بلکہ انسانی وجوہات کی وجہ سے ہے، ہماری فصلوں اور گلیشیرز پر موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

انہوں نے عوام سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، بیمار افراد گھروں میں رہیں۔

گرمی سے بچوں کی حالت غیر :

خیبرپختونخوا کے شہر ہری پور کے نواحی علاقہ میں بھی شدید گرمی کے لہر برقرار ہے اور بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے ضلع بھر کے مختلف اسکول کے 12 بچوں کی حالت غیر ہوئی، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب حیدرآباد اور گردونواح میں شدید گرمی کے باعث اسکولوں کی اوقات تبدیل کردیے گئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر حیدرآباد نے گرمیوں کی تعطیلات تک اسکولوں کےاوقات تبدیل کردیے، حیدرآباد میں پیر سے ہفتہ تک صبح ساڑھے7 سےساڑھے 11 بجے اسکولوں کے اوقات ہوں گے، اسکول کے اوقات کی تبدیلی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

خیبرپختونخوا میں ریسکیو الرٹ:

ڈی جی ریسکیو ڈاکٹر محمد ایاز کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت کی ہدایات پر ریسکیو خیبرپختونخوا الرٹ کردیا گیا، ریسکیو کے خیبرپختونخوا میں موجود تمام اسٹیشنز 24 گھنٹے کھلے اور کنٹرول روم فعال ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریسکیو ایمبولینسز میں کولر، پانی کی بوتلیں اور آئس بیگز رکھنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں، ایمبولینسز میں ہیٹ سٹروک سے نمٹنے کے لیے ادویات اور دیگر ضروری سامان رکھنے کی بھی ہدایات کی گئی ہے۔

ڈی جی ریسکیو نے مزید کہا کہ عوام الناس بھی دوپہر کے اوقات میں غیر ضروری سفر کرنے سے اجتناب کریں، عوام الناس ہلکے کپڑوں، سر پر گیلا کپڑا اور پانی کا کثرت سے استعمال کریں، سائیکل اور موٹر سائیکل سوار سر پر گیلا کپڑا رکھ کر ٹوپی اور ہیلمٹ کا استعمال ضرور کریں۔

کارٹون

کارٹون : 19 ستمبر 2024
کارٹون : 17 ستمبر 2024