بولی وڈ دبنگ اداکار سلمان خان اپنی اگلی فلم ’سلطان‘ میں ایک والد کا کردار کرتے نظر آئیں گے۔

بولی وڈ لائف کے مطابق سلمان خان فلم ’سلطان‘ میں ایک باکسر کا کردار ادا کر رہے ہیں اس کے ساتھ ساتھ وہ ایک والد کا کردار بھی کرتے نظر آئیں گے۔

خبر کے مطابق اس فلم میں سلمان خان ایک نوجوان لڑکے کے والد کے طور پر نظر آئیں گے جس سے اس بات کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ سلمان خان اس فلم میں شاید ایک بڑی عمر کے شخص کے طور پر سامنے آئیں۔

علی عباس ظفر کی ہدایت میں بننے والی فلم ’سلطان‘ میں سلمان خان اپنے کیرئیر کا ایک انوکھا اور مشکل کردار ادا کرنے جارہے ہیں کیوں کہ اس کردار کے لیے اداکار کو اپنا کافی وزن کم کرنا ہوگا۔

اس وقت سلمان خان اپنی فلم ’پریم رتن دھان پایو‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس کے فوری بعد وہ سلطان کی شوٹنگ شروع کریں گے۔

یاد رہے کہ سلمان خان اپنی فلم ’جب پیار کسی سے ہوتا ہے‘ میں بھی ایک والد کا کردار ادا کر چکے ہیں البتہ خبر کے مطابق ’سلطان‘ میں کیا جانے والا کردار سلمان کی پچھلی فلم سے کافی مختلف ہوگا۔

فلم ’سلطان‘ 2016 میں ریلیز کی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں