امیتابھ بچن نے بھی خواتین کو جنسی ہراساں کیا؟
بھارت میں گزشتہ چند ہفتوں کے دوران خواتین و اداکاراؤں نے متعدد معروف اور بڑے اداکاروں، فلم سازوں اور ڈائریکٹرز سمیت سیاستدانوں اور صحافیوں پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات عائد کیے ہیں۔
جہاں وکاس بہل، نانا پاٹیکر، ساجد خان، الوک ناتھ اور بھارتی اسٹیٹ وزیر خارجہ ایم جے اکبر پر خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کے الزامات لگائے گئے۔
وہیں اب یہ خبر بھی سامنے آئی ہے کہ بولی وڈ کے میگا اسٹار اور بگ بی امیتابھ بچن نے بھی مبینہ طور پر کئی خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کیا۔
اگرچہ تاحال امیتابھ بچن پر کسی بھی خاتون یا اداکارہ نے سامنے آکر الزام نہیں لگایا، تاہم ہیئر اسٹائلسٹ خاتون سپنا موتی بھوانی نے ٹوئٹر پر انکشاف کیا کہ جلد ہی امیتابھ بچن کی شرافت کا راز بھی کھلنے والا ہے۔
سپنا موتی بھوانی نے دعویٰ کیا کہ وہ ایسی چند خواتین کو جانتی ہیں، جو امیتابھ بچن کی جانب سے جنسی طور پر ہراساں کی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: اداکارہ کا دوسری اداکارہ پر جنسی ہراساں کرنے کا الزام
سپنا موتی بھوانی نے یہ انکشاف اس وقت کیا، جب امیتابھ بچن کے ایک مداح نے ٹوئٹر پر ایک پوسٹ شیئر کی، جس میں بتایا گیا تھا کہ امیتابھ بچن ‘می ٹو’ مہم کی حمایت کرتے ہیں اور وہ جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے واقعات سامنے لانے والی خواتین کےساتھ ہیں۔
اس پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے سپنا موتی بھوانی نے کہا کہ بگ بی امیتابھ بچن کی خواتین کے حقوق اور خودمختاری سے متعلق فلم ‘پنک’ ریلیز بھی ہوچکی اور اب جلد ہی ان کی شرافت کا راز کھل کر سامنے آنا والا ہے۔
سپنا موتی بھوانی نے امیتابھ بچن کے فین کی جانب سے شیئر کی گئی پوسٹ کو بلکل جھوٹ قرار دیتے ہوئے لکھا کہ امیتابھ بچن کا ایک سماجی کارکن کا رتبہ جلد ہی ختم ہونے والا ہے’۔
انہوں نے ایک پوسٹ میں وضاحت کی کہ انہوں نے امیتابھ بچن کی جانب سے کئی خواتین کے ساتھ نازیبا رویہ اختیار کرنے اور انہیں مبینہ طور پر ہراساں کرنے کے کئی واقعات سن رکھے ہیں۔
ساتھ ہی انہوں نے توقع ظاہر کی کہ انہیں امید ہے کہ امیتابھ بچن کے خلاف بھی جلد ہی خواتین سامنے آئیں گی۔
سپنا موتی بھوانی کی جانب سے ٹوئیٹ کیے جانے کے بعد بھارتی میڈیا میں یہ خبریں بھی گردش کرنے لگیں کہ امیتابھ بچن پر بھی خاتون نے جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کردیا۔
مزید پڑھیں: وکاس بہل کو ساتھی ہدایت کاروں نے جنسی مجرم قرار دے دیا
خبریں وائرل ہونے کے بعد سپنا موتی بھوانا نے ایک اور وضاحتی ٹوئیٹ کی کہ انہوں نے سوشل میڈیا پر ایسی لاتعداد پوسٹیں اور خبریں دیکھیں، جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ میں نے امیتابھ بچن پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کردیا۔
سپنا موتی بھوانی نے وضاحت کی کہ انہوں نے امیتابھ بچن پر ایسا کوئی الزام نہیں لگایا، صرف انہوں نے یہ بتایا ہے کہ وہ ایسی خواتین کو جانتی ہیں جن کے ساتھ بگ بی نے نازیبا اور غلط رویہ اختیار کیا۔
ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ انہوں نے ایسی ٹوئیٹس ان خواتین کی ہمت افزائی کے لیے کی ہے کہ وہ امیتابھ بچن کے خلاف سامنے آئیں اور اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافی پر بات کریں۔
خیال رہے کہ 47 سالہ سپنا موتی بھوانی ممبئی میں پیدا ہوئیں، وہ نہ صرف ہیئر اسٹائلسٹ ہیں، بلکہ انہیں ایک متحرک ‘فیمنسٹ’ بھی مانا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ہدایت کار ساجد خان پر بھی تین خواتین کو جنسی ہراساں کرنے کا الزام
سپنا موتی بھوانی نے متعدد فلموں، ڈراموں اور ریئلٹی شوز میں بطور ہیئر اسٹائلسٹ خدمات سر انجام دیں، انہیں ‘فیمنسٹ’ خواتین میں منفرد ہئر اسٹائل متعارف کرانے کے حوالے سے بھی جانا جاتا ہے۔
