'میں ایک اداکارہ ہوں اور تم سب بے حیثیت افراد'

اپ ڈیٹ 01 نومبر 2019
یہ واقعہ روس کے شہر ماسکو میں پیش آیا — شٹر اسٹاک فوٹو
یہ واقعہ روس کے شہر ماسکو میں پیش آیا — شٹر اسٹاک فوٹو

اداکار عام طور پر کافی ملنسار اور اپنے مداحوں کے ساتھ خوشدلی سے ملنا پسند کرتے ہیں تاہم کچھ بہت زیادہ سخت رویے کا اظہار بھی کرتے ہیں۔

روس میں ایک ایسی ہی اداکارہ کو اپنے خراب رویے کے باعث مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق 53 سالہ لیڈیا ویلیویزا کو فضائی پرواز کے دوران اس وقت اتار دیا گیا جب اس نے دیگر مسافروں کی توہین کرتے ہوئے انہیں 'بے حیثیت' کہا جس پر تنازع کھڑا ہونے سے پرواز تاخیر کا شکار ہوگئی۔

اداکارہ جو ٹی وی میزبان بھی ہیں، ماسکو سے اسرائیل جارہی تھیں اور ایرو فلوٹ نامی کمپنی کی پرواز کے ٹیک آف کرتے ہی چیخنے چلانے لگی، کیونکہ ائیرپورٹ بس میں انہیں بغیر کوٹ کے 20 منٹ تک رہنا پڑا تھا۔

لیڈیا نے غصے سے چیختے ہوئے کہا 'میں ایک اداکارہ ہوں اور تم سب بے حیثیت افراد، جنہیں شاید ٹکٹ خریدنے کے لیے میلوں کا سفر کرنا پڑا ہو جبکہ میں نے اپنا ٹکٹ 2 لاکھ 4 ہزار روبل (روسی کرنسی) میں خریدا'۔

اداکارہ نے دیگر مسافروں اور عملے کو گالیاں بھی دیں اور ایک موقع پر ایک بزرگ مسافر کے بال بھی کھینچے۔

ادکارہ کی ویڈیو کا اسکرین شاٹ
ادکارہ کی ویڈیو کا اسکرین شاٹ

اس ہنگامے کے نتیجے میں پرواز کو واپس ماسکو ائیرپورٹ پر اترنا پڑا جہاں پولیس نے لیڈیا کو حراست میں لے کر طیارے سے باہر نکالا۔

روس کی ویب سائٹس میں ویڈیوز بھی پوسٹ کی گئیں جن میں یدکھا جاسکتا ہے کہ اداکارہ فضائی عملے سے بحث کرتے ہوئے تعاون سے انکار کررہی ہے، پھر پولیس وہاں پہنچی اور زبردستی اسے گھسیٹ کر طیارے سے باہر لے گئی۔

دی انڈیپینڈنٹ کے مطابق ادکارہ کے شوہر کا کہنا تھا کہ ان کی بیوی نے یہ ہنگامہ نیند کی گولیوں کے زیراثر کیا تھا۔

اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

تبصرے (0) بند ہیں