آغا خان یونیوسٹی کی ایپ سے کورونا وائرس کی علامات چیک کریں

اپ ڈیٹ 09 اپريل 2020
— فوٹو بشکریہ آغا خان یونیورسٹی ویب سائٹ
— فوٹو بشکریہ آغا خان یونیورسٹی ویب سائٹ

آغا خان یونیورسٹی ہسپتال نے ایک موبائل اپلیکشن 'کورونا چیک' جاری کی ہے تاکہ لوگ گھروں میں رہتے ہوئے وائرس کی علامات کا معائنہ کرسکیں۔

آغا خان یونیورسٹی کی ویب سائٹ کے مطابق ایپ کو متعارف کرانے کا مقصد 'پاکستانی شہریوں کو گھر کے اندر علامات کے تجزیے میں آسانی فراہم کرنا ہے اور ان کو مزید اقدامات سے آگاہ کرنا ہے'۔

اس ایپ میں ایک آرٹی فیشل انٹیلی جنس (مصنوعی ذہانت) سے لیس انٹراایکٹو چیٹ بوٹ استعمال کیا گیا جو صارفین کو علامات سمجھنے، کووڈ 19 سے ممکنہ طور پر متاثر ہونے کی شناخت اور بروقت مدد کے لیے رجوع کرنے کا مشورہ دیتا ہے۔

یہ ایپ لوگوں سے مختلف سوالات پوچھے گی جیسے سفری تاریخ، ان کی علامات اور کیا وہ کسی کووڈ 19 کے مریض سے رابطے میں آئے ہیں یا نہیں۔

اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

صارف ان سوالات کو اردو میں بھی سن سکتا ہے اور اس کے جوابات کے مطابق ایپلیکشن کی جانب سے طبی مشورے کے لیے رجوع کرنے کا کہا جائے گا یا بتایا جائے گا کہ اسے ٹیسٹ کی ضرورت نہیں بس احتیاطی تدابیر پر عمل کریں، یہ تدابیر بھی ایپ میں دی جائیں گی۔

اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

ایپ میں کووڈ 19 کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے لیے ویڈیوز بھی دی گئی ہیں، اسی طرح قومی ہیلپ لائن کے ساتھ ساتھ ہسپتالوں اور ایمبولینس سروسز کے ایمرجنسی نمبر بھی موجود ہیں ۔

اینڈرائیڈ صارفین اس لنک پر اسے ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں جبکہ ایپل ڈیوائسز کا لنک یہ ہے۔

اس سے قبل نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) نے بھی ایسی ایپ کو متعارف کرایا تھا جو اینڈرائیڈ فونز کے لیے تھی۔

اس ایپ میں انگلش اور اردو زبان کے ذریعے لوگ کووڈ 19 کے لیے اپنی اسکریننگ کرسکتے ہیں۔

اسے نسٹ کے نیشنل سینٹر آف روبوٹیکس اینڈ آٹومیشن (این سی آر اے) نے تیار کیا ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ اب تک امریکا، برطانیہ، متحدہ عرب امارات سمیت 9 مختلف ممالک میں 8 ہزار سے زائد بار استعمال کیا جاچکا ہے۔

یہ ایپ اس ویب سائٹ http://www.ncra.org.pk/covid/ پر جاکر ڈائون لوڈ کی جاسکتی ہے۔

سائٹ پر اس کے استعمال کا طریقہ کار بھی دیا گیا ہے جو بہت آسان ہے اور لگ بھگ ہر ایک ہی اسے استعمال کرسکتا ہے۔

بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی جانب سے اس عالمی وبا کے حوالے سے معلومات تک آسان رسائی کو یقینی بنانے کے لیے مختلف اقدامات کیے جارہے ہیں۔

ایپل کی جانب سے کورونا وائرس کی اسکریننگ کے لیے ویب سائٹ متعارف کرائی گئی۔

جرمنی میں بھی ایک اسمارٹ واچ ایپ کو متعارف کرایا گیا ہے جو اسمارٹ واچز یا فٹنس ٹریکر پہننے والوں کی نبض، درجہ حرارت اور نیند جیسے ڈیٹا کو اکٹھا کرکے فلو جیسی بیماری کا تجزیہ کرتی ہے۔

فرانسیسی حکومت کی جانب سے بھی ایک اسمارٹ فون ایپ کی تیاری پر کام ہورہا ہے جو صارفین کو کسی کورونا وائرس کے مریض سے رابطے میں آنے پر خبردار کرے گی۔

اس طرح کی ایپس چین، سنگاپور اور جنوبی کوریا میں بھی کامیاب رہی تھیں۔

تبصرے (0) بند ہیں