پاکستان میں کورونا وائرس کے 765 نئے کیسز، اموات 220 ہوگئیں

اپ ڈیٹ 23 اپريل 2020
پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے—فائل فوٹو: رائٹرز
پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے—فائل فوٹو: رائٹرز

پاکستان میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ رو بروز تیز ہوتا جارہا ہے اور آج بھی مزید کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرین کی تعداد 10 ہزار 503 ہوگئی جبکہ 220 افراد وائرس کے باعث انتقال کرچکے ہیں۔

ملک میں 26 فروری کو پہلا کیس سامنے آیا اور 31 مارچ تک تعداد تقریباً 2 ہزار تک پہنچی تاہم یکم اپریل سے لے کر اب تک اس تعداد میں 7 ہزار سے زائد مریضوں کا اضافہ ہوا۔

اسی طرح اموات کی تعداد بھی اسی تیزی سے بڑھ رہی ہے اور ملک میں ہونے والی مجموعی اموات میں پہلے 100 اموات 28 دن میں ہوئیں جبکہ باقی 100 سے زائد اموات صرف 7 دن میں ریکارڈ کی گئیں۔

اگرچہ اس وائرس کے پہلے کیس کے سامنے آنے کے ساتھ ہی ملک میں مختلف طرح کی پابندیاں اور بعد ازاں جزوی لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا۔

تاہم اس کے باوجود کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور جس طرح ٹیسٹ بڑھ رہے ہیں متاثرین کی تعداد میں بھی اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

آج (22 اپریل) کو بھی ملک میں مزید کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ ایسے افراد بھی سامنے آئے جنہوں نے اس وائرس کو شکست دی اور صحتیاب ہوئے۔

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 320 کیسز اور 3 اموات کی تصدیق کردی گئی۔

ترجمان سندھ حکومت نے بتایا کہ صوبے میں مزید 2097 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے، جس کے بعد ٹیسٹ کیے گئے افراد کی تعداد کی تعداد 30 ہزار 346 ہوگئی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اب تک مثبت کیسز کی تعداد 320 نئے کیسز کے بعد 3 ہزار 373 تک پہنچ چکی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 3 افراد کا انتقال ہوا جس کے بعد صوبے میں اموات کی تعداد69 ہوگئی۔

ترجمان کے مطابق صوبے میں صحت یاب افرا دکی تعداد 715 ہوگئی اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں 50 افراد شفایاب ہوئے۔

پنجاب

ادھر پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 3 کیسز کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 4331 تک پہنچ گئی۔

ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے صوبے میں ان 4331 کیسز کی تفصیل کے بارے میں بتایا کہ زائرین سینٹر سے 768، رائے ونڈ سے منسلک 1883 افراد، 1683 عام شہری اور 97 قیدی اس وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔

بعد ازاں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے 259 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 4590 ہوگئی۔

انہوں نے مزید 5 مریضوں کے جاں بحق ہونے کی بھی تصدیق کی جس کے بعد پنجاب میں کورونا سے اموات 56 ہوگئی ہیں۔

اسلام آباد

سرکاری اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق اسلام آباد میں مزید 9 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔

اسلام آباد میں سامنے آنے والے ان 9 کیسز کے بعد وہاں متاثرین کی تعداد 185 سے بڑھ کر 194 تک پہنچ گئی۔

خیبر پختونخوا

خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کے مزید 107 کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے 86 کی آض تصدیق کی گئی۔

نئے کیسز کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 1453 ہوگئی جبکہ 414 صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔

صوبے میں کورونا سے مزید 3 اموات کی بھی تصدیق کی گئی جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 83 ہوگئی۔

بلوچستان

ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی نے صوبے میں کورونا وائرس کے 41 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد متاثرین کی تعداد 536 ہوگئی۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا سے متاثرہ مقامی افراد کی تعداد 388 ہوگئی ہے۔

بعد ازاں ترجمان نے مزید16 کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 552 ہوگئی۔

گلگت بلتستان

اسی طرح گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس کے مزید 9 کیسز رپورٹ ہوئے۔

سرکاری سطح پر تصدیق کیے گئے ان 2 نئے کیسز کے بعد گلگت بلتستان میں متاثرین 281 سے بڑھ کر 290 ہوگئے۔

صحتیاب افراد

وہیں مزید 83 افراد ایسے تھے جو اس وائرس کو شکست دے کر مکمل شفایاب ہوگئے۔

نئے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں صحتیاب افراد کی تعداد 2073 سے بڑھ 2 ہزار 156 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

علاوہ ازیں اگر ان نئے کیسز کے بعد ملک میں صوبوں اور علاقوں کے حساب سے متاثرین کی تعداد پر نظر ڈالیں تو پنجاب اس میں سب سے آگے ہے۔

صوبہ پنجاب میں ابھی تک کورونا وائرس کے 4 ہزار 490 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

اس کے بعد سندھ میں 3373 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ خیبرپختونخوا میں متاثرین کی تعداد 1453 ہے۔

بلوچستان میں 552 افراد وائرس کا شکار ہوئے ہیں جبکہ اسلام آباد میں یہ کیسز 194 تک پہنچ چکے ہیں۔

گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے 290 افراد متاثر ہیں جبکہ آزاد کشمیر میں اس وبا نے 51 افراد کو متاثر کیا ہے۔

اموات کے حساب سے سب سے زیادہ تعداد خیبرپختونخوا میں ہوئی ہیں، جس کے بعد سندھ کا نمبر ہے۔

  • خیبرپختونخوا: 83
  • سندھ: 69
  • پنجاب: 56
  • بلوچستان: 6
  • گلگت بلتستان: 3
  • اسلام آباد: 3
  • آزاد کشمیر کوئی نہیں


پاکستان میں اموات

ملک میں 18 مارچ کو کورونا وائرس سے پہلی موت خیبرپختونخوا میں ہوئی جس کے بعد 31 مارچ تک مجموعی اموات 26 تک پہنچیں۔

تاہم یکم اپریل سے لے کر اب تک 183 افراد انتقال کرچکے ہیں اور یہ کورونا وائرس سے متعلق تشویشناک صورتحال کو ظاہر کرتی ہے۔

ملک میں ہونے والی پہلی موت سے لے کر اب تک کس روز کتنی اموات ہوئیں؟، مکمل تفصیل یہاں جانیں۔


پاکستان میں کورونا وائرس

پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا۔

  • 26 فروری کو ہی معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے ملک میں مجموعی طور پر 2 کیسز کی تصدیق کی۔

  • 29 فروری کو ڈاکٹر ظفر مرزا نے ملک میں مزید 2 کیسز کی تصدیق کی، جس سے اس وقت تعداد 4 ہوگئی تھی۔

  • 3 مارچ کو معاون خصوصی نے کورونا کے پانچویں کیس کی تصدیق کی۔

  • 6 مارچ کو کراچی میں کورونا وائرس کا ایک اور کیس سامنے آیا، جس سے تعداد 6 ہوئی۔

  • 8 مارچ کو شہر قائد میں ہی ایک اور کورونا وائرس کا کیس سامنے آیا۔

  • 9 مارچ کو ملک میں ایک ہی وقت میں سب سے زیادہ کورونا وائرس کے 9 کیسز کی تصدیق کی گئی تھی۔

  • 10 مارچ کو ملک میں کورونا وائرس کے 3 کیسز سامنے آئے تھے جن میں سے دو کا تعلق صوبہ سندھ اور ایک کا بلوچستان سے تھا، جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 19 جبکہ سندھ میں تعداد 15 ہوگئی تھی۔

بعد ازاں سندھ حکومت کی جانب سے یہ تصحیح کی گئی تھی 'غلط فہمی' کے باعث ایک مریض کا 2 مرتبہ اندراج ہونے کے باعث غلطی سے تعداد 15 بتائی گئی تھی تاہم اصل تعداد 14 ہے، اس تصحیح کے بعد ملک میں کورونا کیسز کی تعداد 10 مارچ تک 18 ریکارڈ کی گئی۔

  • 11 مارچ کو اسکردو میں ایک 14 سالہ لڑکے میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، جس کے بعد مجموعی تعداد 19 تک پہنچی تھی۔

  • 12 مارچ کو گلگت بلتستان کے ضلع اسکردو میں ہی ایک اور کیس سامنے آیا تھا جس کے بعد ملک میں کورونا کے کیسز کی تعداد 20 تک جاپہنچی تھی۔

  • 13 مارچ کو اسلام آباد سے کراچی آنے والے 52 سالہ شخص میں کورونا کی تصدیق کے بعد تعداد 21 ہوئی تھی، بعدازاں اسی روز ڈاکٹر ظفر مرزا نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران تفتان میں مزید 7 کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی تھی اور کہا تھا کہ پاکستان میں مجموعی طور پر کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 28 ہوگئی۔

  • 14 مارچ کو سندھ و بلوچستان میں 2، 2 نئے کیسز کے علاوہ اسلام آباد میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا جس کے بعد ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد 33 ہوگئی۔

  • 15 مارچ کو اسلام آباد اور لاہور میں ایک ایک، کراچی میں 5، سکھر میں 13 کیسز سامنے آئے جس کے بعد ملک بھر میں مجموعی تعداد کیسز کی تعداد 53 ہوگئی تھی۔

  • 16 مارچ کو ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں اچانک بہت تیزی سے اضافہ ہوا تھا اور سندھ میں تعداد 35 سے بڑھ کر 150 جبکہ خیبرپختونخوا میں نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد ملک میں مجموعی تعداد 184 تک جا پہنچی تھی۔

  • 17مارچ کو ملک کے چاروں صوبوں سندھ، پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس کے مزید کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک میں مجموعی تعداد 237 تک پہنچ گئی تھی۔

  • 18 مارچ کو پاکستان میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت خیبرپختونخوا میں سامنے آئی جبکہ کچھ ہی دیر بعد ہی عالمی وبا سے دوسری موت کی بھی تصدیق کردی گئی، اس کے علاوہ اسی روز صوبے میں مزید 64 کیسز سامنے آنے کے بعد تعداد 301 تک ہوگئی تھی۔

  • 19 مارچ کو بھی کورونا وائرس کے مزید کیسز آنے کا سلسلہ نہ رک سکا اور چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے مجموعی طور پر 152 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد اس روز تعداد 448 تک جاپہنچی۔

  • مارچ کی 20 تاریخ کو اس عالمی وبا سے کراچی میں پہلی ہلاکت سامنے آئی، جس کے بعد ملک میں مجموعی ہلاکتیں 3 ہوگئی جبکہ اسی روز نئے مریضوں کے سامنے آنے سے متاثرین کی تعداد 495 تک ہوگئی۔

  • 21 مارچ کو پاکستان میں تصدیق ہونے والے کورونا وائرس کے کیسز میں صوبہ سندھ سے 39، پنجاب سے 56، بلوچستان سے 12، خیبرپختونخوا سے 8 جبکہ گلگت بلستان سے 34 نئے کیسز شامل تھے، جس کے بعد ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد 600 سے تجاوز کر گئی تھی۔

  • 22 مارچ کو ملک میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز میں اضافے کے ساتھ مجموعی تعداد 799 تک پہنچ چکی تھی، جس میں پنجاب میں مزید 73، سندھ میں مزید 60، بلوچستان میں 4 کیسز جبکہ گلگت بلتستان میں مزید 16 کیسز رپورٹ ہوئے تھے، اس کے ساتھ گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ ایک ڈاکٹر جبکہ خیبرپختونخوا میں ایک وائرس سے متاثرہ خاتون کی موت کے بعد مجموعی اموات 5 ہوگئی تھیں، سندھ میں ایک شخص کے صحتیاب ہونے کی اطلاع بھی سامنے آئی تھی۔

  • 23 مارچ کو بھی ملک میں کورونا وائرس کے مزید کیسز رپورٹ ہوئے اور بلوچستان سے پہلی ہلاکت بھی سامنے آئی اسی روز ملک بھر میں فوج تعینات کرنے کی منظوری بھی دی گئی، تاہم اگر اعداد و شمار پر نظر ڈالیں تو اس روز یہ تعداد 878 تک پہنچ گئی تھی۔

  • مارچ کی 24 تاریخ کو پنجاب میں پہلی ہلاکت سامنے آئی جو ملک میں مقامی سطح پر منتقل ہونے والا کیس تھا، اس کے علاوہ مختلف صوبوں اور علاقوں میں نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اس روز تک متاثرین 990 ہوگئے تھے۔

  • 25 مارچ کو پاکستان میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1078 ہوگئی جبکہ اس روز بھی ملک میں ایک اور موت سامنے آئی جس کے بعد ملک میں اموات 8 ہوگئیں۔

  • 26 مارچ کو ملک میں کورونا کیسز کو ایک ماہ کا عرصہ مکمل ہوا اور اس روز پورے ملک میں نئے کیسز سامنے آنے کے بعد تعداد 1193 تک پہنچی جبکہ اس روز بھی ایک اور فرد انتقال کرگیا۔

  • 27 مارچ ملک کو کورونا وائرس سے پنجاب میں 2 اموات سامنے آئیں جبکہ اس روز پنجاب میں مزید نئے کیسز آنے سے وہ سب سے زیادہ متاثر صوبہ بن گیا، علاوہ ازیں ملک کی مجموعی تعداد 1363 تک پہنچ گئی

  • 28 مارچ کو بھی ملک میں کورونا وائرس کے مزید کیسز رپورٹ ہوئے اور تعداد 1500 تک پہنچ گئی جبکہ خیبرپختونخوا میں ایک موت کی بھی تصدیق کی گئی۔

  • پاکستان میں 29 مارچ کورونا وائرس سے اموات کے حوالے سے سب سے برا ثابت ہوا اور ایک روز میں 5 اموات سامنے آئیں جبکہ متاثرین کی تعداد بھی 1593 تک پہنچ گئی۔

  • 30 مارچ کو سندھ میں مزید 3 اموات اور مزید 6 کیسز، پنجاب میں 3 اموات اور مزید 45 کیسز، اسلام آباد میں مزید 8 کیسز، خیبرپختونخوا میں مزید ایک شخص کا انتقال اور مزید 29 کیسز رپورٹ ہوئے تھے، اسی طرح بلوچستان میں مزید 11 کیسز جبکہ گلگت میں مزید 12 کیسز رپورٹ ہوئے، یوں ملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد 1776 ہوگئی۔

  • 31 مارچ کو ملک میں 231 نئے کیسز آنے سے تعداد 2007 تک پہنچی جبکہ اسی روز کراچی میں مزید 2 افراد وائرس سے انتقال کرگئے جس کے بعد اموات 26 ہوگئیں۔

  • یکم اپریل کو بھی ملک میں کورونا وائرس کے 200 سے زائد کیسز رپورٹ کیے گئے اور یہ تعداد 2 ہزار 238 تک پہنچ گئی اور 5 مزید اموات سے تعداد 31 ہوگئی۔

  • 2 اپریل کو پاکستان میں 181 نئے کیسز اور 3 اموات ریکارڈ کی گئیں جس کے بعد انتقال کرجانے والوں کی تعداد 34 جبکہ متاثرین 2419 تک پہنچ گئے۔

  • 3 اپریل کو بھی پاکستان میں 267 کیسز ریکارڈ کیے گئے جس کے بعد تعداد 2686 ہوگئی جبکہ اسی روز 6 افراد کے انتقال کے باعث اموات 40 تک پہنچیں۔

  • 4 اپریل کو ملک بھر میں کورونا وائرس کے 114 کیس سامنے آئے تھے اور مجموعی تعداد 2800 تک پہنچ چکی تھی جبکہ 4 افراد زندگی کی بازی ہار گئے تھے اور اموات کی مجموعی تعداد 44 ہوگئی تھی۔

  • 5 اپریل کو پنجاب میں ایک دن میں سب سے زیادہ 247 کیسز رپورٹ ہوئے اور ملک بھر سے سامنے آنے والے نئے کیسز کی تعداد 356 اور مجموعی تعداد 3156 تھی جبکہ خیبرپختونخوا میں 2 اور سندھ میں ایک متاثرہ شخص جان کی بازی ہار گیا جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 47 ہوگئی۔

  • 6 اپریل کو ملک میں ریکارڈ کیسز کا اضافہ دیکھنے میں آیا اور 610 نئے کیسز سامنے آنے سے تعداد 3766 تک پہنچ گئی جبکہ اس روز پنجاب میں 3، سندھ میں 2 اور اسلام آباد میں پہلی ہلاکت رپورٹ ہوئی جس سے مجموعی اموات 53 تک جاپہنچیں۔

  • اپریل کی 7تاریخ کو بھی پاکستان میں کورونا وائرس کے 269 کیسز سامنے آئے اور متاثرین کی تعداد 4035 تک جاپہنچی جبکہ اسی روز 4 اموات سے مجموعی تعداد 57 ہوگئی۔

  • 8 اپریل کو پاکستان میں اس عالمی وبا کے 228 کیسز کی تصدیق کی گئی جس سے متاثرین 4263 تک پہنچے جبکہ مزید 4 اموات سے تعداد 61 ہوگئی۔

  • 9 اپریل کو ملک میں مزید 331 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد متاثرین کی تعداد 4594 تک پہنچ گئی اور 6 نئی اموات بھی ریکارڈ کی گئیں جس سے یہ تعداد 67 تک پہنچ گئی۔

  • 10 اپریل کے پہلے 10 روز کے آخر تک ملک میں 187 نئے کیسز رپورٹ کیے گئے جس کے بعد یہ تعداد 4 ہزار 781 تک پہنچ گئی تھی جبکہ مزید 5 اموات بھی ریکارڈ کی گئی تھیں۔

  • 11 اپریل کو پاکستان میں نہ صرف 249 کیسز سے تعداد 5 ہزار 30 تک پہنچی بلکہ اس روز 14 ہلاکتیں بھی ریکارڈ ہوئی جس کے بعد یہ تعداد86 ہوگئی۔

  • 12 اپریل کو ملک میں 332 نئے متاثرین سامنے آئے اور مجموعی تعداد 5 ہزار 362 تک پہنچی جبکہ 7 اموات سے تعداد 93 تک جا پہنچی۔

  • 13 اپریل کو ملک میں مزید 345 کیسز سامنے آئے جس کے بعد تعداد 5707 ہوگئی تھی جبکہ وائرس متاثرہ 3 افراد کی موت کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 96 تک پہنچ چکی تھی۔

  • 14 اپریل پاکستان میں 276 نئے کیسز کے بعد تعداد 5983 ہوگئی جبکہ مزید 11 افراد کے انتقال کرنے سے اموات 107 تک جا پہنچی۔

  • 15 اپریل کو پاکستان میں مزید 314 کیسز اور 10 اموات رپورٹ ہوئیں جس کے بعد کیسز کی تعداد 6297 جبکہ اموات 117 تک پہنچی گئیں۔

  • اپریل کے 16ویں روز پاکستان میں مزید 713 کیسز اور 17 اموات ریکارڈ کی گئیں جس کے بعد متاثرین 7010 اور اموات 134 تک پہنچ گئیں۔

  • 17 اپریل کو ملک میں مزید 466 کیسز سامنے آئے جس سے متاثرین 7476 ہوگئے جبکہ مزید 9 اموات کے بعد تعداد 143 تک جاپہنچی۔

  • 18 اپریل کو سندھ میں مزید 138 کیسز، پنجاب میں 258، بلوچستان میں 30، اسلام آباد میں 9، گلگت بلتستان میں 5 اور آزاد کشمیر میں مزید 2 کیسز رپورٹ ہوئے تھے جس کے بعد ملک میں کیسز کی مجموعی تعداد 7 ہزار 918 تک پہنچ گئی تھی جبکہ 67 افراد صحتیاب بھی ہوئے تھے۔

  • 19 اپریل کو ملک بھر میں مزید 392 کیسز سے متاثرین کی تعداد 8310 تک پہنچ گئی جبکہ ایک روز میں ریکارڈ 20 اموات کے بعد یہ تعداد 168 ہوگئی۔

  • 20 اپریل کو ملک بھر میں ریکارڈ 883 کیسز سامنے آئے جس کے بعد متاثرین کی تعداد 9193 ہوگئی جبکہ ریکارڈ 24 اموات سے یہ تعداد 192 تک پہنچ گئی۔

  • 21 اپریل کور پاکستان میں کورونا وائرس کے مزید 545 کیسز سامنے آئے جس کے ساتھ ہی متاثرین کی تعداد 9738 تک پہنچی جبکہ مزید 17 اموات سے یہ تعداد 209 تک جا پہنچی۔

کورونا وائرس سے متعلق اپ ڈیٹ کے لیے یہاں کلک کریں اور تفصیلی خبریں پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں

تبصرے (0) بند ہیں