پاکستان میں کورونا متاثرین کی تعداد 11729 ہوگئی، 2500 سے زائد صحتیاب

اپ ڈیٹ 25 اپريل 2020
کورونا وائرس کے حوالے سے حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں — فائل فوٹو: اے پی
کورونا وائرس کے حوالے سے حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں — فائل فوٹو: اے پی

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے اور مزید نئے کیسز کے بعد یہ تعداد 11 ہزار 729 تک پہنچ چکی ہے جبکہ اس وائرس سے اب تک 248 افراد انتقال بھی کرچکے ہیں۔

26 فروری سے پاکستان میں آنے والا یہ وائرس ابتدا کے ایک ماہ میں اتنا تیزی سے نہیں پھیلا تھا تاہم اس کے بعد سے آج تک اس وائرس کے کیسز میں بہت تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

ملک میں کورونا وائرس کو تقریباً 2 ماہ کا عرصہ ہوگیا ہے اور اس دوران حکومت کی جانب سے مختلف اقدامات بھی اٹھائے گئے اور کہیں پابندیاں تو کہیں لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا۔

ان پابندیوں اور لاک ڈاؤن کا مقصد لوگوں کو گھروں تک محدود کرکے اس وائرس سے محفوظ رکھنا تھا تاہم اس کے باوجود ملک میں کیسز کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے۔

جہاں ایک طرف کورونا وائرس کا پھیلاؤ جاری ہے وہی دوسری طرف ماہ مقدس رمضان المبارک کا بھی 25 اپریل سے آغاز ہورہا ہے اور اس ماہ کی مناسبت سے مساجد میں باجماعت نماز سے متعلق ایک طریقہ کار بھی بنایا گیا، جس کے بارے میں ڈاکٹرز نے درخواست کی کہ اس فیصلے پر نظرثانی کی جائے۔

سندھ اور پنجاب کے ڈاکٹرز نے خبردار کیا کہ آئندہ آنے والا ماہ یعنی مئی اس وائرس کے لیے بہت خطرناک ہوسکتا ہے۔

ڈاکٹرز نے کہا کہ حکومت اور علما کو مساجد میں باجماعت نماز سے متعلق فیصلے پر نظرثانی کرنی چاہیے، ساتھ ہی انہوں نے اس وقت سخت لاک ڈاؤن کی ضرورت پر زور دیا۔

اس تمام صورتحال کے ساتھ ہی ملک میں آج (24 اپریل) کو کورونا وائرس کے مزید کیسز سامنے آئے۔

سندھ

سندھ میں جمعہ کو بھی مزید 274 کیسز سامنے آگئے جس کے بعد متاثرین کی تعداد 3945 تک پہنچ گئی۔

اس حوالے سے سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ صوبے میں مزید 2561 ٹیسٹ کیے گئے جس کے ساتھ ہی اب تک ٹیسٹ کیے گئے افراد کی تعداد 35 ہزار 589 ہوگئی۔

انہوں نے بتایا کہ ان نئے ٹیسٹ میں سے 274 افراد کا نتیجہ مثبت آیا اور اس کے ساتھ صوبے میں متاثرین کی تعداد 3 ہزار 945 تک پہنچ گئی۔

صوبے میں کورونا وائرس سے صحتیاب افراد کے بارے میں انہوں نے لکھا کہ 24 گھنٹوں میں مزید 42 افراد شفایاب ہوئے اور یہ تعداد 772 تک پہنچ گئی۔

بعدازاں اپنے ویڈیو پیغام میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں 2 اموات کی تصدیق کی اور بتایا کہ مجموعی اموات 75 ہوچکی ہیں۔

ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس وائرس سے متاثر 49 افراد ایسے بھی ہیں جن کی حالت تشویشناک ہے۔

پنجاب

ادھر پنجاب میں بھی مزید 84 کیسز اور 3 اموات بھی سامنے آگئیں۔

ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر قیصر آصف نے بتایا کہ پنجاب سے کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 4 ہزار 851 ہوگئی۔

ان کیسز کی تفصیل بتاتےہوئے انہوں نے کہا کہ زائرین سیںٹر سے 768، رائے ونڈ سے منسلک 1915، 86 قیدی جبکہ 2082 عام شہری متاثر ہوچکے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اب تک مجموعی طور پر 68 اموات ہوچکی ہیں جبکہ 20 مریض کی حالت تشویش ناک ہے۔

ساتھ ہی ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ صوبے میں 925 افراد اس وائرس سے صحتیاب ہوچکے ہیں۔

بلوچستان

محکمہ صحت بلوچستان کے کورونا وائرس سیل نے صوبے میں 49 نئے کیسز کی تصدیق کردی۔

ان کیسز کے اضافے کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 656 ہوگئی۔

بعد ازاں صوبائی ہیلتھ سیکریٹریٹ نے بلوچستان میں کورونا سے 2 اموات کی بھی تصدیق کی جس کے بعد یہاں جاں بحق مریضوں کی تعداد 10 ہوگئی۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے 167 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 1708 ہوگئی۔

بیان میں مزید 4 اموات کی بھی تصدیق کی گئی جس کے بعد خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے جاں بحق مریضوں کی تعداد 89 ہوگئی ہے۔

گلگت بلتستان

سرکاری سطح پر فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں مزید 10 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ان 10 کیسز کے بعد گلگت بلتستان میں متاثرین کی تعداد 290 سے بڑھ کر 300 تک جا پہنچی ہے۔

تاہم ملک میں موجود ان ہزاروں متاثرین کے لیے جو چیز ایک اُمید کی کرن ہے وہ کورونا وائرس سے لوگوں کا صحتیاب ہونا ہے۔

صحتیاب افراد

جس طرح روزانہ کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے اسی طرح صحتیاب افراد کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں پاکستان میں مزید 190 افراد صحتیاب ہوگئے۔

جس کے بعد ملک میں صحتیاب افراد کی تعداد 2337 سے بڑھ کر 2527 تک پہنچ چکی ہے۔

مجموعی صورتحال

علاوہ ازیں ملک میں ان نئے کیسز کے بعد مجموعی صورتحال پر ایک نظر ڈالیں تو پنجاب میں سب سے زیادہ 4851 کیسز ہیں۔

اس کے بعد سندھ میں 3945 اور خیبرپختونخوا میں 1541 مریض ہیں۔

وہیں بلوچستان میں 656 افراد وائرس کا شکار ہوئے ہیں جبکہ اسلام آباد میں یہ تعداد 214 تک پہنچ چکی ہے۔

گلگت بلتستان میں اب تک 300 افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ آزاد کشمیر میں یہ تعداد سب سے کم ہے اور وہاں 55 متاثرین ہیں۔

اموات میں سب سے زیادہ تعداد خیبرپختونخوا میں دیکھی گئی ہے۔

  • خیبرپختونخوا: 89
  • سندھ: 75
  • پنجاب: 68
  • بلوچستان: 10
  • گلگت بلتستان: 3
  • اسلام آباد: 3
  • آزاد کشمیر کوئی نہیں

پاکستان میں کورونا وائرس

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑھنا شروع کردیے اور اب یہ تعداد 11 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز سامنے آئے؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے کلک کریں۔

پاکستان میں اموات

ملک میں 18 مارچ کو کورونا وائرس سے پہلی موت خیبرپختونخوا میں ہوئی جس کے بعد 31 مارچ تک مجموعی اموات 26 تک پہنچیں۔

تاہم یکم اپریل سے لے کر اب تک 211 افراد انتقال کرچکے ہیں اور یہ کورونا وائرس سے متعلق تشویشناک صورتحال کو ظاہر کرتی ہے۔

ملک میں ہونے والی پہلی موت سے لے کر اب تک کس روز کتنی اموات ہوئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے کلک کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں