پاکستان میں ایک روز میں کورونا کے ریکارڈ 1324 کیسز، اموات 459 تک پہنچ گئیں

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال تشویشناک ہوتی جارہی ہے — فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال تشویشناک ہوتی جارہی ہے — فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز روز بروز بڑھتے جارہے ہیں اور آج مزید نئے کیسز کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 20130 ہوگئی جبکہ اموات 459 تک پہنچ چکی ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کو 2 ماہ سے زائد عرصہ گزرچکا ہے اور اس دوران پاکستان میں ابتدا میں تو کیسز کے بڑھنے کی رفتار کم تھی بعد ازاں اس میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

26 فروری کو ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس کے بعد سے 31 مارچ تک مجموعی کیسز کی تعداد 2000 سے زائد تھی جبکہ اس عرصے میں 8 اموات ہوئی تھیں۔

تاہم اپریل کے آغاز سے کورونا وبا کے کیسز میں اضافہ دیکھا گیا اور صرف ایک ماہ یعنی 30 اپریل تک ملک میں متاثرین ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئے جبکہ اسی عرصے میں 359 اموات بھی ہوئیں۔

جس کے بعد ماہ مئی کا آغاز ہوا اور ابھی اس ماہ کے 2 ہی دن گزرے ہیں کہ وائرس کے کیسز ساڑھے 18 ہزار سے بڑھ گئے جبکہ اموات بھی 400 کا ہندسہ عبور کرگئیں۔

آج (3 مئی) کو بھی ملک میں کورونا وبا کے نئے کیسز سامنے آئے جبکہ اس وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا۔

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 363 کیسز اور 8 اموات سامنے آگئیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے کےکیسز کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3032 ٹیسٹ کیے گئے جس میں 363 کے نتائج مثبت آئے جس کے ساتھ ہی مجموعی تعداد 7465 ہوگئی۔

انہوں نے بتایا کہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 8 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جس سے یہ تعداد 130 تک پہنچ گئی۔

ساتھ ہی ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ صوبے میں صحتیاب مریضوں کی تعداد میں بھی 214 کا اضافہ ہوا اور اب مجموعی طور پر 1555 لوگ صحتیاب ہوگئے۔

پنجاب

پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 640 کیسز اور 6 اموات سامنے آگئیں۔

ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے بتایا کہ صوبے میں ان نئے کیسز کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 7494 ہوگئی ہے۔

ان کیسز کی تفصیل بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 768 افراد زائرین سینٹر، 1926 افراد رائے ونڈ سے منسلک، 4714 عام شہری اور 86 قیدی ہیں۔

ترجمان کے مطابق صوبے میں مزید 6 اموات کے بعد مجموعی تعداد 121 تک پہنچ گئی جبکہ 22 مریض کی حالت تشویش ناک ہے۔

اسلام آباد

صبح سویرے آنے والے اعداد و شمار میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مزید 28 کیسز کی تصدیق کی گئی۔

سرکاری سطح پر کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق اسلام آباد میں مجموعی کیسز کی تعداد 365 سے بڑھ کر 393 تک پہنچ گئی۔

خیبر پختونخوا

وزیر صحت خیبر پختونخوا تیمور سلیم جھگڑا نے کورونا کے 222 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 3129 ہوگئی۔

صوبے میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران مزید 8 مریض جاں بحق بھی ہوئے جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 180 ہوگئی ہے۔

گلگت بلتستان

اسی طرح گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس کے مزید 16 کیسز کی تصدیق ہوئی۔

ان نئے کیسز کے بعد گلگت بلتستان میں بھی کورونا کے متاثرین 340 سے بڑھ کر 356 تک پہنچ گئے۔

بعد ازاں مزید 8 کیسز کی تصدیق کی گئی جس کے بعد گلگت بلتستان میں متاثرہ افراد کی تعداد 364 ہوگئی ہے۔

آزاد کشمیر

علاوہ ازیں آزاد کشمیر میں بھی مزید ایک فرد اس وائرس کا شکار ہوگیا۔

اگرچہ اس وقت ملک کا سب سے کم متاثرہ حصہ آزاد کشمیر ہے اور وہاں کیسز میں اضافے کی شرح بھی کم ہے تاہم ایک نئے کیس کے بعد آزاد کشمیر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 67 ہوگئی۔

بلوچستان

محکمہ صحت بلوچستان نے کورونا وائرس کے مزید 46 کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 1218 ہوگئی۔

بیان میں مزید 2 اموات کی بھی تصدیق کی گئی جس کے بعد بلوچستان میں جاں بحق مریضوں کی تعداد 21 ہوگئی ہے۔

صحتیاب افراد

ان کیسز کے باوجود موجودہ مریضوں کے لیے حوصلہ افزا بات دیگر متاثرین کا جلد صحتیاب ہونا ہے۔

ملک میں جس طرح کیسز بڑھ رہے ہیں اسی طرح شفا پانے والے افراد کی تعداد میں بھی درجنوں تو کبھی سیکڑوں کے حساب سے اضافہ ہورہا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں مزید 361 افراد اس وائرس سے صحتیاب ہوگئے۔

جس کے بعد ملک میں مجموعی طور پر صحتیاب افراد کی تعداد 5114 ہوگئی۔

ملک کی مجموعی صورتحال

ملک کی مجموعی صورتحال پر ایک نظر ڈالیں تو اس وقت سندھ اور پنجاب کے کیسز میں زیادہ بڑا فرق نہیں ہے۔

سندھ میں کیسز کی تعداد 7465 جبکہ پنجاب میں 7494 ہے۔

اسی طرح خیبرپختونخوا میں 3129 افراد متاثر ہیں جبکہ بلوچستان میں یہ تعداد 1218 ہوچکی ہے۔

اسلام آباد میں نئے کیسز کے بعد مجموعی طور پر 393 افراد متاثر ہوئے ہیں تو وہیں گلگت بلتستان میں یہ تعداد 364 ہے۔

مزید برآں آزاد کشمیر میں اب تک 67 لوگوں کو یہ وائرس متاثر کرچکا ہے۔

دوسری جانب ملک میں اموات کے حساب سے سب سے زیادہ خیبرپختونخوا متاثر ہوا ہے۔

  • خیبرپختونخوا: 180

  • سندھ: 130

  • پنجاب: 121

  • بلوچستان: 21

  • اسلام آباد: 04

  • گلگت بلتستان: 03

  • آزاد کشمیر: کوئی نہیں


پاکستان میں کورونا وائرس

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک ساڑھے 18 ہزار سے زائد وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز سامنے آئے؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

پاکستان میں اموات

ملک میں 18 مارچ کو کورونا وائرس سے پہلی موت خیبرپختونخوا میں ہوئی جس کے بعد 31 مارچ تک مجموعی اموات 26 تک پہنچیں۔

تاہم یکم اپریل سے لے کر 30 اپریل تک مزید 359 اموات دیکھی گئیں، بعد ازاں مئی کے آغاز میں ہی ملک میں اموات کی تعداد 400 سے تجاوز کرگئی یے اور یہ کورونا وائرس سے متعلق تشویشناک صورتحال کو ظاہر کرتی ہے۔

ملک میں ہونے والی پہلی موت سے لے کر اب تک کس روز کتنی اموات ہوئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں