کورونا وبا: پاکستان میں 2152 نئے کیسز، صحتیاب افراد کی تعداد میں 2 ہزار 154 کا اضافہ

اپ ڈیٹ 16 جولائ 2020
کورونا وائرس کے دوران سماجی فاصلہ احتیاطی تدابیر میں شامل 
ہے—فائل فوٹو: اے پی
کورونا وائرس کے دوران سماجی فاصلہ احتیاطی تدابیر میں شامل ہے—فائل فوٹو: اے پی

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال میں کچھ حد تک بہتری دیکھی جارہی ہے اور کیسز اور اموات میں گزشتہ اعداد و شمار کے مقابلے میں کچھ ٹھہراؤ سامنے آیا ہے۔

ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 57 ہزار 208 ہوچکی ہے جبکہ 5 ہزار 417 افراد لقمہ اجل بنے ہیں۔

آج (15 جولائی) کو ملک میں کورونا وائرس کے 2152 نئے کیسز، 51 اموات کا اضافہ ہوا جبکہ 2 ہزار 154 افراد شفایاب ہوگئے۔

خیال رہے ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں گزشتہ کچھ روز سے کمی دیکھی گئی ہے جس کی ایک وجہ ٹیسٹنگ کی تعداد میں کمی کا ہونا بھی ہے۔

گزشتہ برس کے آخر میں چین کے شہر ووہان سے شروع ہونے والا یہ وائرس فروری کے آخر میں پاکستان آیا اور 26 تاریخ کو ملک میں پہلا کیس رپورٹ ہوا۔

جس کے بعد اس کی روک تھام کے لیے وفاقی و صوبائی حکومت کی سطح پر مختلف اقدامات اٹھائے گئے تاہم اس کے کیسز میں بتدریج اضافہ ہوا۔

پہلے کیس کے سامنے آنے سے لے کر 31 مارچ تک ملک میں 2 ہزار کے لگ بھگ کیسز اور 26 اموات رپورٹ ہوئیں جو اپریل کے ایک ماہ میں بڑھ کر 385 تک جاپہنچی جبکہ کیسز کی تعداد ساڑھے 16 ہزار سے بڑھ گئی۔

اس کے بعد مئی میں صورتحال تبدیل ہونا شروع ہوئی اور ایک ماہ میں کیسز کی مجموعی تعداد بڑھ کر 71 ہزار اور اموات 1500 سے تجاوز کرگئیں تاہم جون میں کیسز کی تعداد میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوا اور یہ بڑھ کر 2 لاکھ 12 ہزار سے زائد ہوگئے جبکہ اموات بھی 4300 سے تجاوز کرگئیں۔

جولائی کا مہینہ گزشتہ ماہ کے مقابلے میں کچھ بہتر ثابت ہورہا ہے اور 14 روز کے دوران 43 ہزار کے قریب کیسز اور تقریباً ایک ہزار اموات کا اضافہ ہوا۔

آج 15 جولائی کو بھی مزید نئے کیسز اور اموات رپورٹ ہوئیں۔

سندھ

صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 1140 کیسز اور 25 اموات کا اضافہ دیکھا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے میں ایک ہزار 140 نئے مریض آئے جس سے مجموعی کیسز ایک لاکھ 8 ہزار 913 تک پہنچ گئی۔

مزید برآں ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں 25 افراد ایسے بھی تھے جو کورونا وائرس سے جان کی بازی ہوگئے جس سےمجموعی اموات ایک ہزار 888 تک ہوگئی۔

پنجاب

ملک میں سب سے زیادہ آبادی والے صوبے پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 553 کیسز اور 17 اموات کا اضافہ دیکھا گیا۔

سرکاری اعداد و شمار بتانے کے لیے قائم پورٹل کے مطابق صوبے میں 553 نئے مریضوں کے بعد مجموعی کیسز 88 ہزار 45 تک پہنچ گئے۔

اس کے علاوہ مزید 17 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جس سے مجموعی اموات کی تعداد 2 ہزار 43 تک جا پہنچی۔

خیبرپختونخوا

خیبرپختونخوا کے محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس کے مزید 216 نئے کیسز سامنے آگئے ہیں اورکیسز کی مجموعی تعداد 31 ہزار 217 ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 6 اموات ہوئیں جس کے بعد ہلاکتوں کی تعدا بڑھ کر ایک ہزار 120 تک پہنچ گئی ہے۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مزید 113 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوگئے۔

اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 113 مریض ایسے تھے جن کے کورونا کے نتائج مثبت آئے، یوں مجموعی کیسز کی تعداد 14 ہزار 315 ہوگئی۔

بلوچستان

محکمہ صحت بلوچستان نے بدھ کو کورونا کے 83 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 11 ہزار 322 ہوگئی۔

صوبے میں وائرس سے مزید کوئی ہلاکت واقع نہیں ہوئی اور اموات کی تعداد 127 پر قائم ہے۔

گلگت بلتستان

کورونا وائرس سے ملک میں دوسرے سب سے کم متاثرہ علاقے گلگت بلتستان میں مزید 14 افراد متاثر ہوئے جبکہ 2 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق مزید 14 افراد کے متاثر ہونے سے مجموعی کیسز کی تعداد ایک ہزار 708 تک پہنچ گئی۔

اس کے علاوہ 2 افراد گزشتہ 24 گھنٹوں میں انتقال بھی کرگئے اور اس طرح مجموعی اموات 38 تک جاپہنچیں۔

آزاد کشمیر

ملک میں کورونا وائرس سے اب تک سب سے کم متاثر علاقے آزاد کشمیر میں مزید 33 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ ایک فرد کا انتقال بھی ہوا۔

اعداد و شمار کے مطابق ان 33 افراد کے متاثر ہونے سے مجموعی کیسز کی تعداد ایک ہزار 688 ہوگئی۔

مزید برآں ایک اور فرد کے انتقال کرجانے سے اب تک وہاں مجموعی اموات کی تعداد 46 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں کمی کے ساتھ ہی صحتیاب افراد کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے اور یومیہ ہزاروں افراد شفایاب ہورہے ہیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 2 ہزار 154 مریض ایسے تھے جو مکمل صحتیاب ہوگئے۔

اس طرح ملک میں مجموعی طور پر شفایاب ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 72 ہزار 810 تک ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 257208

اموات: 5417

صحتیاب: 172810

فعال کیسز: 78981

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز ایک لاکھ 8 ہزار 913 ہیں تو وہیں پنجاب میں یہ تعداد 88 ہزار 45 تک کیسز پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 31 ہزار 217 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 11 ہزار 322 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 14 ہزار 315 ، گلگت بلتستان میں 1708 اور آزاد کشمیر 1688 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

پنجاب:2043

سندھ: 1888

خیبرپختونخوا: 1120

بلوچستان: 127

اسلام آباد: 155

آزاد کشمیر: 46

گلگت بلتستان: 38


پاکستان میں کورونا وائرس کیسز اور اموات

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 2 لاکھ 50 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، جبکہ اموات 5 ہزار سے زائد ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز اور اموات سامنے آئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں