کورونا وائرس: سندھ میں اموات 2 ہزار سے زائد، پنجاب میں کیسز 90 ہزار سے بڑھ گئے

اپ ڈیٹ 21 جولائ 2020
پاکستان میں کورونا کیسز میں کمی دیکھی جارہی ہے—فائل فوٹو: اے پی
پاکستان میں کورونا کیسز میں کمی دیکھی جارہی ہے—فائل فوٹو: اے پی

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کا گیراف تیزی سے نیچے آرہا ہے اور اب تک مصدقہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 65 ہزار 791 ہوگئی جبکہ 5 ہزار 631 افراد انتقال کرچکے ہیں تاہم 2 لاکھ 5 ہزار 929 مریض شفایاب بھی ہوئے ہیں۔

ملک میں نئے ہفتے کا آغاز یعنی پیر کو کورونا وائرس کے 1198 نئے کیسز اور 40 اموات کا اضافہ دیکھا گیا جبکہ ایک ہزار 653 افراد صحتیاب بھی ہوگئے۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے نئے کیسز میں نہ صرف کمی دیکھی جارہی ہے بلکہ اموات کی تعداد بھی کم ہوئی ہے جبکہ صحتیاب افراد کی تعداد بڑھی ہے۔

مجموعی صورتحال کا جائزہ لیں تو پاکستان میں اس وبا کو تقریباً 5 ماہ کا عرصہ ہوچکا ہے، جہاں یہ وائرس ابتدا میں کم اور بعد بعد ازا تیزی سے پھیلا تاہم اب اس کی رفتار میں ٹھہراؤ نظر آرہا ہے۔

کیسز کی تعداد میں کمی کی ایک وجہ ٹیسٹنگ میں کمی ہونا بھی ہے تاہم حکومتی تعداد میں کمی کی ایک وجہ اپنی حکمت عملی کو بھی قرار دے رہی ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان میں 26 فروری کو کورونا وائرس کا پہلا کیس رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد 31 مارچ تک ملک میں کیسز کی تعداد لگ بھگ 2 ہزار اور اموات 26 تک پہنچیں تھیں۔

تاہم اس کے بعد اپریل کے مہینے میں کیسز آہستہ آہستہ بڑھنے شروع ہوئے اور ایک ماہ میں مجموعی تعداد ساڑھے 16 ہزار اور اموات 385 تک جاپہنچیں۔

بعد ازاں مئی میں صورتحال تبدیل ہونا شروع ہوئی اور 31 تاریخ تک مصدقہ کیسز کی تعداد 71 ہزار اور اموات 1500 سے تجاوز کرگئیں، جس کے بعد جون میں یکسر تبدیل ہونے والی صورتحال نے مہینے کے آخر تک کیسز کو 2 لاکھ 12 ہزار اور اموات کو 4300 سے بڑھا دیا۔

جولائی کے مہینے میں گزشتہ 19 روز میں 52 ہزار کے لگ بھگ کیسز اور 1200 سے زیاد اموات کا اضافہ دیکھا گیا۔

آج (20 جولائی) کو بھی ملک میں نئے کیسز اور اموات رپورٹ ہوئیں۔

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 546 کیسز اور 26 اموات رپورٹ ہوئیں۔

وزیراعظم سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے اعداد و شمار بتاتے ہوئے کہا کہ مزید 7 ہزار 69 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 546 کے نتائج مثبت آئے، یوں مجموعی کیسز ایک لاکھ 13 ہزار 553 ہوگئے۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 26 اموات بھی ہوئیں جس سے یہ تعداد 2019 تک پہنچ گئی۔

پنجاب

صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز میں کافی کمی دیکھی جارہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں وہاں 398 نئے کیسز اور 4 اموات کا اضافہ رپورٹ ہوا۔

سرکاری اعداد و شمار فراہم کرنے والے پورٹل کے مطابق ان 398 نئے کیسز کے بعد پنجاب میں مجموعی کیسز 90 ہزار 191 تک پہنچ گئے۔

اس کے علاوہ وہاں 4 افراد ایسے بھی تھے جو زندگی کی بازی ہار گئے، یوں مجموعی اموات 2 ہزار 83 تک جاپہنچی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کافی عرصے بعد کیسز کی تعداد میں اتنی کمی دیکھی گئی اور وہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 23 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

اس کے علاوہ وہاں 2افراد کا انتقال بھی ہوا جس سے یہ تعداد تو 159 تک پہنچ گئی۔

تاہم 23 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد وفاقی دارالحکومت میں مجموعی کیسز 14 ہزار 599 تک پہنچ گئے۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا کے مطابق پیر کو کورونا کے 157 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد 32 ہزار 243 ہوگئی۔

صوبے میں مزید 5 مریض وائرس کا شکار ہو کر جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 1147 ہوگئی ہے۔

بلوچستان

محکمہ صحت بلوچستان نے کورونا کے 5 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 11 ہزار 441 ہوگئی۔

یہ 13 اپریل کے بعد بلوچستان میں وبا کے سامنے آنے والے یومیہ کیسز کی سب سے کم تعداد ہے۔

صوبے میں مزید ایک مریض دم بھی توڑ گیا جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 133 ہوگئی ہے۔

آزاد کشمیر

ملک میں آزاد کشمیر اس وقت دوسرے نمبر پر سب سے کم متاثر علاقہ ہے اور وہاں مزید 27 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق آزاد کشمیر میں سامنے آنے والے ان 27 کیسز کے بعد وہاں مجموعی تعداد ایک ہزار 915 تک پہنچ گئی۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں 42 اور اموات میں 2 کا اضافہ رپورٹ ہوا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گلگت میں سامنے آنے والے 42 نئے کیسز کے بعد مجموع تعداد ایک ہزار 849 تک پہنچ گئی۔

مزید برآں 2 فرد کے انتقال سے وہاں اموات کی مجموعی تعداد 43 تک جاپہنچی۔

صحتیاب افراد

ملک میں کورونا کیسز میں کمی کے ساتھ ہی صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافہ دیکھا جارہا جو دیگر مریضوں کے لیے امید کی کرن ہے۔

ملک میں اب تک مجموعی کیسز میں سے 75 فیصد سے زائد مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ آج ان میں مزید ایک ہزا 653 کا اضافہ ہوا ہے۔

جس کے بعد ملک میں مجموعی طور پر شفایاب ہونے والوں کی تعداد 2 لاکھ 5 ہزار 929 تک پہنچ گئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 265791

اموات: 5631

صحتیاب: 205929

فعال کیسز: 54231

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز ایک لاکھ 13 ہزار 553 ہیں تو وہیں پنجاب میں یہ تعداد 90 ہزار 191 تک کیسز پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 32 ہزار 243 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 11 ہزار 441 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 14 ہزار 599، آزاد کشمیر میں 1915 اور گلگت بلتستان 1849 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

پنجاب:2083

سندھ: 2019

خیبرپختونخوا: 1147

بلوچستان: 133

اسلام آباد: 159

آزاد کشمیر: 47

گلگت بلتستان: 43


پاکستان میں کورونا وائرس کیسز اور اموات

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 2 لاکھ 65 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، جبکہ اموات ساڑھے 5 ہزار سے زائد ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز اور اموات سامنے آئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں