کورونا وبا: ملک میں 2 لاکھ 68 ہزار 815 کیسز میں سے 2 لاکھ 10 ہزار سے زائد صحتیاب

اپ ڈیٹ 23 جولائ 2020
ملک میں شفایاب افراد کی تعداد 78 فیصد تک ہوچکی ہے—فائل فوٹو: اے پی
ملک میں شفایاب افراد کی تعداد 78 فیصد تک ہوچکی ہے—فائل فوٹو: اے پی

دنیا بھر میں ڈیڑھ کروڑ لوگوں کو متاثر اور 6 لاکھ سے زائد اموات کا سبب بننے والے مہلک نوول کورونا وائرس کا پاکستان میں پھیلاؤ جاری ہے تاہم اب اس کے کیسز کی تعداد کچھ حد تک کم ہوئی ہے۔

ملک میں مصدقہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 68 ہزار 815 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 5 ہزار 702 افراد لقمہ اجل بنے ہیں، تاہم 2 لاکھ 10 ہزار 468 افراد صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔

آج (22 جولائی) کو پاکستان میں 1867 نئے کیسز اور 33 اموات کا اضافہ ہوا جبکہ 2 ہزار 438 افراد شفایاب بھی ہوئے۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا، جس کے بعد سے اب تک تقریباً 5 ماہ کے عرصے میں سب سے زیادہ کیسز جون کے مہینے میں دیکھے گئے۔

فروری کے آخر سے مارچ کے اختتام تک پاکستان میں لگ بھگ 2 ہزار کیسز اور 26 اموات رپورٹ ہوئیں، جو اپریل کے مہینے میں بڑھ کر 385 ہوگئیں جبکہ کیسز ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئے۔

مئی کے مہینے میں کیسز میں اضافہ ہوا اور یہ تعداد 71 ہزار اور اموات 1500 سے تجاوز کرگئیں، تاہم جون کا مہینہ صورتحال کو مکمل تبدیل کرگیا اور ایک ماہ میں کیسز بڑھ کر 2 لاکھ 12 ہزار اور اموات 4300 سے زائد ہوگئیں۔

جولائی کے مہینے میں بھی ابھی تک مجموعی طور پر 54 ہزار سے زائد کیسز اور 1300 سے زائد اموات کا اضافہ رپورٹ ہوا ہے۔

آج (22 جولائی) کو بھی ملک میں نئے کیسز اور اموات کے بعد صورتحال کچھ اس طرح رہی۔

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس سے مزید 1109 افراد متاثر اور 19 جاں بحق ہوگئے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 10 ہزار 108 ٹیسٹ کیے گئے جس میں ایک ہزار 109 کے نتائج مثبت آئے، یوں مجموعی کیسز کی تعداد ایک لاکھ 15 ہزار 213 ہوگئی۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے میں گزشتہ 24 گھںٹوں میں مزید 19 اموات بھی ہوئیں اور یہ تعداد 2060 تک پہنچ گئی۔

پنجاب

پنجاب جو اموات میں سب سے زیادہ متاثر صوبہ ہے وہاں مزید 372 نئے کیسز اور 5 اموات کا اضافہ دیکھا گیا۔

سرکاری اعداد و شمار کے لیے قائم پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں وہاں 372 افراد کے متاثر ہونے سے مجموعی تعداد 90 ہزار 816 تک پہنچ گئی۔

اسی طرح وہاں 5 افراد کا انتقال بھی ہوا اور یہ تعداد 2 ہزار 95 تک جاپہنچی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مزید 76 افراد وائرس کا شکار ہوگئے جبکہ ایک فرد کا انتقال ہوا۔

اعداد و شمار کے مطابق دارالحکومت میں ان نئے کیسز کے بعد مجموعی تعداد 14 ہزار 701 تک پہنچ گئی۔

مزید یہ کہ ایک اور فرد کے انتقال کرنے سے وہاں اموات کی تعداد 161 تک پہنچ گئی۔

خیبر پختونخوا

صوبہ خیبر پختونخوا میں بدھ کو کورونا کے 230 نئے کیسز کی تصدیق کی گئی جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد 32 ہزار 753 ہوگئی۔

محکمہ صحت خبر پختونخوا نے مزید 5 مریضوں کے جاں بحق ہونے کی بھی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں اموات کی تعداد 1158 ہوگئی ہے۔

بلوچستان

محکمہ صحت بلوچستان کی یومیہ رپورٹ میں کورونا کے مزید 48 کیسز کی تصدیق کی گئی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 11 ہزار 517 ہوگئی۔

صوبے میں ایک اور مریض وائرس کے باعث جان کی بازی ہار گیا جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 136 ہوگئی ہے۔

آزاد کشمیر

ملک میں کم متاثر علاقوں میں سے ایک آزاد کشمیر میں کورونا کے مزید 15 مریض سامنے آئے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آنے والے ان نئے کیسز کے بعد مجموعی کیسز 1937 تک پہنچ گئے۔

گلگت بلتستان

پاکستان میں سب سے کم متاثر علاقے گلگت بلتستان میں کورونا وائرس نے مزید 10 افراد کو متاثر کیا اور 2 افراد کی جان لی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان 10 نئے متاثرین نے وہاں کیسز کی مجموعی تعداد کو ایک ہزار878 تک پہنچا دیا۔

اس کے علاوہ 2 افراد اور جان کی بازی ہار گئے جس سے یہ تعداد 45 تک جاپہنچی۔

صحتیاب افراد

ملک میں یومیہ کیسز کی مجموعی تعداد میں کمی کے ساتھ ساتھ صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 2 ہزار 438 افراد شفایاب ہوئے، جس کے بعد ملک میں مجموعی طور پر وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 2 لاکھ 10 ہزار 468 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 268815

اموات: 5702

صحتیاب: 210468

فعال کیسز: 52645

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز ایک لاکھ 15 ہزار 213 ہیں تو وہیں پنجاب میں یہ تعداد 90 ہزار 816 تک کیسز پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 32 ہزار 753 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 11 ہزار 517 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 14 ہزار 701، آزاد کشمیر میں 1937 اور گلگت بلتستان 1878 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

پنجاب:2095

سندھ: 2060

خیبرپختونخوا: 1158

بلوچستان: 136

اسلام آباد: 161

آزاد کشمیر: 47

گلگت بلتستان: 45


پاکستان میں کورونا وائرس کیسز اور اموات

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کردیے اور اب تک 2 لاکھ 65 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، جبکہ اموات ساڑھے 5 ہزار سے زائد ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز اور اموات سامنے آئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں