کورونا ویکسین کے حصول کیلئے این سی او سی نے سفارشات کو حتمی شکل دےدی

اپ ڈیٹ 30 نومبر 2020
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے مذکورہ پیش رفت سے متعلق ٹوئٹ کیا — فوٹو: اے ایف پی
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے مذکورہ پیش رفت سے متعلق ٹوئٹ کیا — فوٹو: اے ایف پی

اگلے ماہ تک عالمی سطح پر کم از کم دو کووڈ 19 ویکسینز رجسٹرڈ کیے جانے کا امکان ہے تو دوسری طرف نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے مہلک بیماری کے خلاف ویکسین کے حصول کے لیے اپنی سفارشات کو حتمی شکل دے دی ہے۔

سفارشات منگل (کل) کو ہونے والے اجلاس کے دوران وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کی جائیں گی اور جلد سے جلد ویکسین کے حصول کے لیے منظوری لی جائے گی۔

مزید پڑھیں: ایک اور کووڈ ویکسین تیار، استعمال کی اجازت کی درخواست جمع

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے مذکورہ پیش رفت سے متعلق ٹوئٹ کی۔

انہوں نے کہا کہ ’این سی او سی نے آج کووڈ ویکسین کی خریداری کے لیے اپنی سفارشات کو حتمی شکل دے دی ہے، انہیں کل منظوری کے لیے کابینہ میں پیش کیا جائے گا‘۔

اسد عمر نے کہا کہ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کی سربراہی میں ماہرین کی ٹاسک فورس نے ان سفارشات کو تیار کیا جن پر آج تبادلہ خیال اور انہیں حتمی شکل دی گئی۔

وزارت قومی صحت کی خدمات (این ایچ ایس) کے ایک سینئر عہدیدار نے نام نہ بتانے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے چار ماہ سے مختلف آپشنز پر تبادلہ خیال کیا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک میں کورونا وائرس کی مثبت شرح 8.5 فیصد، 5ہزار 82 مقام پر اسمارٹ لاک ڈاؤنز

انہوں نے مزید کہا کہ ’بدقسمتی سے ہر وقت مختلف وجوہات کی وجہ سے یہ عمل مکمل نہیں کیا جاسکا‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’جیسا کہ ہم کہتے ہیں کہ توقع کی جاتی ہے کہ دسمبر 2020 میں عالمی سطح پر دو ویکسینز رجسٹرڈ ہوں گی اور ہمیں جلد سے جلد یہ ویکسین لینے کے انتظامات کرنے ہیں‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ویکسین صحت کی دیکھ بھال کرنے والے کارکنوں، بزرگ شہریوں اور ذیابیطس، کینسر جیسی دائمی بیماریوں میں مبتلا افراد کو ترجیحی بنیادوں پر دی جائے گی۔

عہدیدار نے بتایا کہ تجاویز پر وفاقی کابینہ سے تبادلہ خیال کیا جائے گا اور اس کی منظوری کے بعد ویکسین کے حصول کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس میں آنے والی تبدیلیوں سے اسکی بیمار کرنے کی صلاحیت نہیں بڑھی، تحقیق

نئے کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووڈ 19 کی روک تھام کے لیے رواں ماہ فائرز اور بائیو این ٹیک نے اپنی ویکسین کے انسانی ٹرائل کے تیسرے مرحلے کے حتمی نتائج جاری کیے تھے، جس میں اسے بیماری سے تحفظ کے لیے 95 فیصد موثر قرار دیا گیا تھا۔

امریکا کی موڈرینا کمپنی بھی ویکسین کے انسانی ٹرائل کے تیسرے مرحلے کے نتائج جاری کرچکی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کیسز مثبت آنے کی شرح 8.53 فیصد تک پہنچ گئی جبکہ اسی وبا کے باعث ملک میں 5 ہزار 82 مقامات پر اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ ہے۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے ساتھ شیئر کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے 5 ہزار 82 مقامات پر اسمارٹ لاک ڈاؤن لگائے گئے ہیں۔

فورم کو بتایا گیا کہ پنجاب میں ایک ہزار 459، سندھ میں 206، خیبرپختونخوا میں 182، اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں 3 ہزار 205 مقامات پر اسمارٹ لاک ڈاؤن ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں