پی ٹی سی ایل گروپ کے سی ای او کورونا وائرس سے انتقال کرگئے

اپ ڈیٹ 17 دسمبر 2020
راشد خان نے اگست 2017 میں یوفون کا چارج سنبھالا تھا — فائل فوٹو: انسٹاگرام
راشد خان نے اگست 2017 میں یوفون کا چارج سنبھالا تھا — فائل فوٹو: انسٹاگرام

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) اور موبائل فون کمپنی یوفون کے صدر اور چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) راشد خان کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے۔

اس حوالے سے ترجمان پی ٹی سی ایل کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ راشد خان طویل علالت کے باعث آج (17 دسمبر کی) صبح انتقال کرگئے۔

بعدازاں ترجمان پی ٹی سی ایل نے تصدیق کی کہ راشد خان چند روز قبل کورونا وائرس سے متاثر ہوئے تھے۔

مزید پڑھیں: یوفون کا مفت واٹس ایپ سروس فراہم کرنے کا اعلان

بیان میں کہا گیا کہ راشد خان نے اگست 2017 میں یوفون کا چارج سنبھالا تھا اور بعد ازاں وہ مارچ 2019 میں پی ٹی سی ایل گروپ کے صدر اور سی ای او مقرر ہوئے تھے۔

پی ٹی سی ایل گروپ کی جانب سے مرحوم کی فیملی سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق ان کے اقدامات ہی تھے جن کی وجہ سے ہم نے پی ٹی سی ایل اور یوفون نیٹ ورک کو جدید بنانا شروع کیا، جس نے پھر ہمیں غیر مستحکم ترقی کی طرف راغب کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ راشد خان اپنے وژن اور غیرمعمولی قیادت پاکستان کی ٹیلی کام انڈسٹری کے علمبرداروں میں شامل ہوئے اور ان کے اہم کردار پر وہ قابلِ احترام ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ ہم راشد خان کے انتقال پر ان کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: یوفون نے ملک میں 4 جی سروس متعارف کرانے کی تصدیق کردی

خیال رہے کہ راشد خان سال 2008 سے 2014 تک 6 سال کے عرصے تک موبی لنک (جاز) کے سی ای او اور صدر رہے۔

علاوہ ازیں انہوں نے 15 برس تک مختلف بین الاقوامی کمپنیوں کے لیے سلیکون ویلی کے لیے کام کیا تھا۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران پاکستان میں عالمی وبا کے کیسز کی یومیہ تعداد 4 ہزار سے زائد ریکارڈ ہورہی ہے۔

17 دسمبر کی دوپہر تک پاکستان میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 48 ہزار 522 تک پہنچ گئی تھی جن میں سے 3 لاکھ 96 ہزار 591 صحتیاب ہوئے جبکہ اموات کی تعداد 9 ہزار 80 تک پہنچ گئی۔

تبصرے (0) بند ہیں