سینیٹ انتخابات: سندھ سے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری

26 فروری 2021
خواتین کی 2 نشستوں پر 3 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا — فائل فوٹو / اے پی پی
خواتین کی 2 نشستوں پر 3 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا — فائل فوٹو / اے پی پی

الیکشن کمیشن سندھ نے 3 مارچ کو ہونے والے سینیٹ انتخابات کے لیے صوبے سے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی۔

حتمی فہرست کے مطابق سندھ سے سینیٹ کی 7 جنرل نشستوں پر 10 امیدوار میدان میں اتریں گے۔

ان امیدواروں میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے تاج حیدر، جام مہتاب ڈہر، دوست علی جیسر، سلیم مانڈوی والا، شہادت اعوان، شیری رحمٰن اور صادق علی میمن شامل ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے فیصل واڈا، ایم کیو ایم پاکستان کے فیصل سبزواری اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے پیر صدرالدین شاہ بھی انتخابات میں حصہ لیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: سینیٹ انتخابات: پنجاب میں تمام نشستوں پر امیدوار بلامقابلہ کامیاب

صوبے سے ٹیکنوکریٹ کی 2 نشستوں پر 4 امیدوار انتخابات میں حصہ لیں گے جن میں پیپلز پارٹی کے فاروق ایچ نائیک اور کریم خواجہ، پی ٹی آئی کے سیف اللہ ابڑو جبکہ پہلی بار سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے والی تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے یشااللہ خان امیدوار ہوں گے۔

خواتین کی 2 نشستوں پر 3 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا جن میں پیپلز پارٹی کی پلوشہ خان اور رخسانہ پروین جبکہ ایم کیو ایم کی خالدہ طیب شامل ہیں۔

گزشتہ روز ایم کیو ایم کے عامر سمیت جنرل نشستوں سے 8، ٹیکنوکریٹ سے 5 اور خواتین نشستوں سے 6 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے تھے۔

مزید پڑھیں: سینیٹ انتخابات میں شو آف ہینڈ کا معاملہ کیا ہے؟

یاد رہے کہ گزشتہ روز سینیٹ انتخابات کے لیے پنجاب کی تمام 11 نشستوں میں امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوگئے تھے۔

ان 11 نشستوں میں سے 5 پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)، 5 پر پاکستان مسلم لیگ (ن) اور ایک پر مسلم لیگ (ق) کی امیدوار نے کامیابی حاصل کی۔

ترجمان الیکشن کمیشن پنجاب کا کہنا تھا کہ کامیاب سینیٹرز کا نوٹی فکیشن 3 مارچ کے بعد ہی الیکشن کمیشن آف پاکستان جاری کرے گا۔

واضح رہے کہ ملک میں سینیٹ (ایوانِ بالا) کی 48 نشستوں پر انتخابات 3 مارچ کو منقعد ہوں گے جس کی تیاریوں میں روز بروز تیزی آتی جارہی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں