'اسامہ آپریشن سے قبل اوبامہ نے تاش کھیلے'
واشنگٹن: باراک اوبامہ کے ایک سابق معاون نے کہا ہے کہ امریکی صدر نے اس روز جب اسامہ بن لادن کو ہلاک کیا گیا، تاش کھیلنے کو ترجیح دی تھی جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس حملے پر انہیں سخت کشیدگی لاحق تھی۔
صدر کی پہلی مدت کے دوران اوبامہ کے ذاتی معاون ریگائی لو نے ایک ویڈیو میں کہا کہ ان کے باس نے پاکستان میں خفیہ امریکی کمانڈو مشن کی مکمل فیڈ نہ دیکھنے کو ترجیح دی۔
اس مشن میں 2011ء میں القاعدہ کے سربراہ کو ہلاک کیا گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ 'سیچوایشن روم' میں کئی لوگ کارروائی دیکھنے کے لئے موجود تھے تاہم صدر کا کہنا تھا کہ میں وہاں نہیں جاسکتا اور نہ ہی پوری صورت حال دیکھ سکتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ بعد میں انہوں نے، صدر نے اور چند دیگر افراد نے تاش کھیلی۔
نیویارک میگزین کے مطابق جس نے لو کا بیان گزشتہ روز اپنی ویب سائٹ پر جاری کیا، کہا کہ لو نے یہ بیان 18جولائی کو یونیورسٹی آف کیلیفورنیا لاس اینجلس (یو سی ایل اے) میں ایک انٹرویو کے دوران دیا تھا۔
کامیاب حملے کے بعد جاری کی جانیوالی ایک سرکاری تصویر میں اوبامہ کو اس وقت کی وزیرخارجہ ہیلری کلنٹن ، نائب صدر جوزئے بیڈن اور دیگر اعلیٰ حکام کے ہمراہ کارروائی کی ویڈیو فلم دیکھتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔