آسٹریلیا کے خلاف میچ کے لیے محمد رضوان اور شعیب ملک فِٹ قرار

اپ ڈیٹ 11 نومبر 2021
پی سی بی کے میڈیکل پینل نے معائنہ کرنے کے بعد رضوان اور شعیب ملک کو تندرست قرار دیا — فائل فوٹو: اے ایف پی
پی سی بی کے میڈیکل پینل نے معائنہ کرنے کے بعد رضوان اور شعیب ملک کو تندرست قرار دیا — فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے میڈیکل پینل نے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان اور آل راؤنڈر شعیب ملک کو میچ کھیلنے کے لیے فٹ قرار دے دیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ قومی ٹیم کے دو کھلاڑی شعیب ملک اور محمد رضوان فلو میں مبتلا ہوگئے تھے جس کی وجہ سے ان کی آج کے میچ میں شرکت مشکوک ہوگئی تھی۔

رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ انہیں معمولی بخار ہے تاہم ان کی کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آئی تھی جبکہ ڈاکٹروں نے انہیں آرام کرنے کا مشورہ دیا تھا۔

مزید پڑھیں: ٹی20 ورلڈ کپ میں ناقابل شکست پاکستانی ٹیم کے کئی ریکارڈز

آج پی سی بی کے میڈیکل پینل نے معائنہ کرنے کے بعد رضوان اور شعیب ملک کو تندرست قرار دیا جس کے بعد دونوں کھلاڑیوں کے میچ میں شرکت کے امکانات دوبارہ بڑھ گئے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستانی ٹیم کے دونوں کھلاڑیوں نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 راؤنڈ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا جس پر انہیں ایک، ایک میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا تھا۔

محمد رضوان نے بھارت کے خلاف میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 55 گیندوں میں 79 رنز بنائے تھے اور نمیبیا کے خلاف میچ میں 50 گیندوں میں 79 رنز بنائے تھے۔

دوسری جانب شعیب ملک نے بھی اسکاٹ لینڈ کے خلاف میچ میں صرف 18 بالوں پر نصف سنچری اسکور کی تھی جبکہ نیوزی لینڈ کے خلاف جیت میں قومی ٹیم کے لیے اہم کردار ادا کیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں