'پاکستان ہمارے تحمل کا مزید امتحان نہ لے'
نئی دہلی: ہندوستان کے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ پاکستان کی لائن آف کنٹرول پر فائر بندی کی خلاف ورزیوں پر ہندوستانی فوج ' ہر ممکن اقدام' کرے گی۔
وزیر دفاع اے ۔ کے انٹونی نے پیر کو ایوان بالا میں ایک بیان میں پاکستان کو خبر دار کیا کہ وہ نئی دہلی کے تحمل کا مزید امتحان نہ لے۔
رواں مہینے دنوں ملکوں کے درمیان متنازعہ کمشیر کی سرحد پر پانچ ہندوستانی فوجی ہلاک ہو گئے تھے، جس کا نئی دہلی نے الزام پاکستان پر عائد کیا تھا۔
دوسری جانب، اسلام آباد اس حملے میں پاکستانی فوجیوں کے ملوث ہونے کی سختی سے تردید کر چکا ہے۔
اس واقعہ کے بعد دنوں ملکوں کے درمیان سرحدی جھڑپوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔
انتونی کا کہنا تھا کہ: ہمارے تحمل اور ایل او سی کی حرمت محفوظ رکھنے کے لیے ہماری مسلح افواج کی صلاحیتوں کو کم تر نہ سمجھا جائے۔
"اب ہماری فوج کنٹرول لائن کی کسی خلاف ورزی پر مؤثر طریقے سے جوابی کارروائی کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔"
دونوں ملکوں کے درمیان حالیہ تناؤ نے اگلے مہینے نیو یارک میں اقوام متحدہ کے اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم نواز شریف اور ان کے ہندوستانی ہم منصب من موہن سنگھ کے درمیان متوقع ملاقات میں کسی پیش رفت کے امکان کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔
انتونی نے پاکستانی فوجیوں پر اس سال فائر بندی کی 82 خلاف ورزیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے اسلام آباد کے ساتھ نئی دہلی کے طویل مدتی تعلقات پر نتائج کی دھمکی دی۔
"قدرتی طور پر اس واقعہ کے ایل او سی اور پاکستان کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے ہمارے رویہ پر اثرات مرتب ہوں گے۔"