پہلے ایشز ٹیسٹ میں کمنز کی عمدہ باؤلنگ، انگلینڈ 147رنز پر ڈھیر

08 دسمبر 2021
مچل اسٹارک نے میچ کی پہلی ہی گیند پر رورے برنز کی وکٹ حاصل کی— فوٹو: اے ایف پی
مچل اسٹارک نے میچ کی پہلی ہی گیند پر رورے برنز کی وکٹ حاصل کی— فوٹو: اے ایف پی

آسٹریلین کپتان پیٹ کمنز کی عمدہ باؤلنگ کے سبب انگلینڈ کی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں 147 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔

برسبین میں کھیلے جا رہے تاریخی ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو بالکل غلط ثابت ہوا۔

اننگز کی پہلی ہی گیند پر مچل اسٹارک نے اوپنر رورے برنز کو آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی۔

اسکور 11 تک پہنچا ہی تھا کہ جوش ہیزل وُڈ نے انگلینڈ کو دوسرا نقصان پہنچاتے ہوئے ڈیوڈ ملان کو چلتا کر دیا اور اپنے اگلے اوور میں انگلش کپتان جو روٹ کا بھی کام تمام کردیا۔

ایک عرصے بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں واپس آنے والے بین اسٹوکس بھی واپسی یادگار نہ بنا سکے اور نئے آسٹریلین کپتان پیٹ کمنز نے ان کی پانچ رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

29 رنز پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد حسیب حمید کا ساتھ دینے اولی پوپ آئے اور دونوں نے سنبھل کر بیٹنگ کرتے ہوئے کھانے کے وقفے تک مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔

البتہ لنچ کے بعد دوسری ہی گیند پر حسیب کی 25 رنز کی مازاحمتی اننگز بھی کمنز کے ہاتھوں اختتام کو پہنچی۔

60 رنز پر آدھی ٹیم آؤٹ ہونے کے بعد اولی پوپ کا ساتھ نبھانے جوز بٹلر آئے اور دونوں نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کی سنچری مکمل کرانے کے ساتھ ساتھ چھٹی وکٹ کے لیے 52رنز کی شراکت بھی قائم کی۔

اس شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب اسٹارک نے دوسری وکٹ لیتے ہوئے بٹلر کو چلتا کردیا جنہوں نے 39رنز بنائے جبکہ اولی پوپ بھی 35 رنز بنانے کے بعد کیمرون گرین کا شکار بنے۔

اس کے بعد کمنز کو انگلش ٹیم کی بساط لپیٹنے میں زیادہ دیر نہ لگی اور انہوں نے آخری تینوں وکٹیں لے کر میزبان ٹیم کو 147رنز پر چلتا کردیا۔

پہلی مرتبہ ٹیسٹ کرکٹ میں آسٹریلین ٹیم کی قیادت کرنے والے پیٹ کمنز نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 38رنز کے عوض 5 وکٹیں لیں جبکہ اسٹارک اور ہیزل وُڈ نے ایک، ایک وکٹ لی۔

انگلش ٹیم کی اننگز کے اختتام کے بعد بارش کے سبب میچ دوبارہ شروع نہ ہو سکا اور دن کے آخری سیشن کا کھیل ضائع ہو گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں