حمل کے دوران کووڈ سے متاثر ہونا مختلف پیچیدگیوں کا خطرہ بڑھانے کا باعث

23 جنوری 2022
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی — شٹر اسٹاک فوٹو
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی — شٹر اسٹاک فوٹو

کورونا وائرس سے متاثر حاملہ خواتین کے ہاں بچوں کی مردہ پیدائش، قبل از وقت پیدائش یا کم پیدائش وزن کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔

یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

انسٹیٹوٹ فار سسٹمز بائیولوجی کی اس تحقیق میں 5 مارچ 2020 سے 4 جولائی 2021 کے دوران 5 امریکی ریاستوں میں بچوں کو جنم دینے والی خواتین کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی۔

18 ہزار میں سے 882 میں کووڈ کی تصدیق ہوئی، جن میں سے 85 حمل کی پہلی سہ ماہی، 226 دوسری سہ ماہی جبکہ 571 تیسری سہ ماہی کے دوران اس وبائی مرض کا شکار ہوئیں۔

ان میں سے کسی بھی حاملہ خاتون کی بیماری کے وقت ویکسینیشن نہیں ہوئی تھی۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ حمل کی پہلی اور دوسری سہ ماہی کے دوران کووڈ کا شکار ہونے والی خواتین کو زچگی کے موقع ہر زیادہ مسائل کا سامنا ہوا۔

درحقیقت کووڈ کی معمولی شدت کا سامنا کرنے والی خواتین کو بھی مسائل کا سامنا ہوا۔

محققین نے بتایا کہ حاملہ خواتین میں کووڈ سے متاثر ہونے کے بعد مضر اثرات کا خطرہ بہت زیادہ ہوتا ہے چاہے بیماری کی شدت کم ہی کیوں نہ ہو، تو ان کی مانیٹرنگ جاری رکھنا بہتر عمل ہوسکتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے دی لانسیٹ میں شائع ہوئے۔

اس سے قبل جنوری 2022 کے شروع میں ایڈنبرگ، گلاسگو، ایبرڈین، Strathclyde یونیورسٹیوں، سینٹ اینڈریوز پبلک ہیلتھ اور وکٹوریہ یونیورسٹی آف ولنگٹن کی مشترکہ تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ چگی سے 28 دن قبل کووڈ سے متاثر ہونے والی حاملہ خواتین کے ہاں بچوں کی قبل از وقت پیدائش، مردہ بچے کی پیدائش اور پیدائش کے بعد موت کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔

تحقیق کے مطابق ایسا ویکسینیشن نہ کرانے والی خواتین میں زیادہ ہوسکتا ہے اور اسی وجہ سے اس گروپ میں ویکسینیشن کی شرح میں اضافہ کیا جانا چاہیے۔

تحقیق کے دوران اسکاٹ لینڈ کی تمام حاملہ خواتین (87 ہزار سے زیادہ) کے دسمبر 2020 سے اکتوبر 2021 کے دوران کے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا۔

اسکاٹ لینڈ میں ویکسینیشن پروگرام کے آغاز کے بعد سے 4950 حاملہ خواتین میں کووڈ کی تشخیص ہوئی جن میں سے 77 فیصد کی ویکسینیشن نہیں ہوئی تھی۔

12 فیصد کیسز ویکسین کی ایک خوراک استعمال کرنے والی یا دوسری خوراک کے استعمال کے 14 دن گزرنے سے پہلے حاملہ خواتین میں سامنے آئے، جبکہ 11 فیصد کیسز ویکسینیشن مکمل کرانے والی خواتین کے تھے۔

تحقیق میں بچوں کی اموات کے ڈیٹا کا تجزیہ بھی کیا گیا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ پیدائش سے 28 دن قبل کووڈ کی شکار ہونے والی ماؤں کے ہاں پیدا ہونے والے بچوں میں اموات کی شرح ہر ایک ہزار میں سے 23 تھی۔

ویکسینیشن نہ کرانے والی خواتین کے ہاں پیدا ہونے والے بچے ہی ہلاک ہوئے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ حمل کے آخری ایام میں کووڈ کا شکار ہونے والی خواتین کے ہاں قبل از وقت پیدائش کی شرح 17 فیصد تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں