لاہور ٹیسٹ: پاکستان کی ٹیم 268 رنز پر آؤٹ، آسٹریلیا کو 134 رنز کی برتری

23 مارچ 2022
عبداللہ شفیق نے ایک مرتبہ پھر عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی— فوٹو: اے ایف پی
عبداللہ شفیق نے ایک مرتبہ پھر عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی— فوٹو: اے ایف پی

لاہور ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں اظہر علی اور عبداللہ شفیق کے بہترین آغاز کے باوجود 268 رنز آؤٹ ہوگئی اور آسٹریلیا کو مجموعی طور پر 134رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جا رہے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 90رنز ایک کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ شروع کی۔

اظہر علی اور عبداللہ شفیق نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ تیسرے دن بھی جاری رکھا اور آسٹریلین باؤلرز کو پہلے سیشن میں وکٹ سے محروم رکھا۔

اس دوران کھلاڑیوں نے ناصرف اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں اور ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 100 رنز کی ساجھے داری بھی قائم کی۔

البتہ دونوں کھلاڑیوں کی سست بیٹنگ کی وجہ سے پاکستان کی ٹیم تیزی سے رنز بنانے سے قاصر ہے۔

کھانے کے وقفے سے چند گیندوں قبل آسٹریلیا کو وکٹ لینے کا موقع ملا لیکن مچل سویپسن کی گیند پر سلپ میں کھڑے اسٹیو اسمتھ نے اظہر علی کا کیچ ڈراپ کردیا۔

جب میچ کے تیسرے دن کھانے کا وقفہ ہوا تو پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر 159رنز بنائے تھے، عبداللہ شفیق 75 اور اظہر علی 63رنز پر کھیل رہے تھے، دونوں کھلاڑیوں نے دوسری وکٹ پر 150 رنز کی شراکت قائم کی۔

عبداللہ شفیق 81 رنز بنا کر ناتھن لیون کی گیند پر آؤٹ ہوئے تو پاکستان کا اسکور 170 رنز تھا۔

اظہر علی اور بابراعظم کے درمیان 44 رنز کا اضافہ ہوا تاہم اظہر علی 78 رنز بنا کر پیٹ کمنز کی وکٹ بنے۔

فواد عالم سیریز میں ایک مرتبہ پھر ناکام ہوئے اور 13 رنز بنا کر 248 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کا اسکور 256 رنز پر پہنچا تھا تو محمد رضوان صرف ایک رن بنا کر مچل اسٹارک کی گیند پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔

آسٹریلوی کپتان نے 6 رنز بنانے والے ساجد خان کی وکٹیں بھی اڑا دیں، اپنے اگلے اوور میں انہوں نے نعمان علی اور حسن علی کو کھاتہ کھولنے کی اجازت دیے بغیر آؤٹ کیا۔

مچل اسٹارک نے پاکستان کی باقی ماندہ وکٹیں ایک ہی اوور میں حاصل کی اور پاکستان کی اننگز 268 رنز پر سمیٹ لی۔

بابراعظم 67 اور نسیم شاہ صفر پر پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کو پہلی اننگز میں 123 رنز کا خسارے کے سامنا کرنا پڑا۔

آسٹریلیا کی جانب سے کپتان کمنز نے سب سے زیادہ 5 وکٹیں حاصل کیں۔

مچل اسٹارک نے 4 اور ناتھن لیون نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

تیسرے روز کا کھیل ختم ہوا تو آسٹریلیا نے بغیر کسی نقصان کے 11 رنز بنا لیے اور مجموعی طور پر 134 رنز کی برتری حاصل کرلی۔

عثمان خواجہ 7 اور ڈیوڈ وارنر 4 رنز بنا کر کھیل رہے ہیں۔

آسٹریلیا کی ٹیم پہلی اننگز میں 391 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کے ابتدائی دونوں ٹیسٹ میچ ڈرا ہوئے تھے۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

پاکستان: بابر اعظم (کپتان)، عبداللہ شفیق، امام الحق، اظہر علی، فواد عالم، محمد رضوان، نعمان علی، ساجد خان، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی۔

آسٹریلیا: پیٹ کمنز (کپتان)، ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، مارنس لبوسخانے، اسٹیو اسمتھ، ٹریوس ہیڈ، کیمرون گرین، ایلکس کیری، مچل اسٹارک، نیتھن لائن اور مچل سویپسن۔

تبصرے (0) بند ہیں