امریکی ریاست فلوریڈا میں سمندری طوفان 'ایان' نے تباہی مچادی جہاں ہلاکتوں کی تعداد کم از کم 64 ہو گئی۔

سی این این کی رپورٹ کے مطابق فلوریڈا کے لوگ اب بھی بڑے سیلاب سے نمٹ رہے ہیں، ممکنہ طور پر انہیں کئی دنوں تک خطرناک سمندری طوفان کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، یہ ریاست کی تاریخ کا سب سے بدترین طوفان ہے۔

حکام نے بتایا کہ صرف فلوریڈا میں سمندری طوفان ایان کی وجہ سے کم از کم 64 افراد ہلاک ہوچکے ہیں، شمالی کیرولینا میں طوفان سے متعلقہ واقعات میں 4 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا کی متعدد ریاستوں میں بدترین طوفان سے 70 سے زائد افراد ہلاک

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ماہرین نے خبردار کیا کہ طوفان کے سب سے زیادہ متاثرہ ریاست فلوریڈا میں ہے ، جہاں سیلاب اگلے ہفتے تک جاری رہ سکتا ہے۔

سی این این کے مطابق ان کے اسٹاف نے دیکھا کہ ہفتے کی صبح مغربی فلوریڈا کے آرکیڈیا میں سیلاب کی وجہ سے شہر کے متعدد حصے جھیل کا منظر پیش کر رہے ہیں، جس سے مرکزی سڑک ڈوب گئی ہے۔

— فوٹو: رائٹرز
— فوٹو: رائٹرز

رپورٹ میں بتایا گیا کہ زیادہ متاثرہ فورٹ مائرز میں طوفان سے گاڑیاں اور کئی گھر تباہ ہوگئے ہیں

روب گارینو اپنے ہائی رائز اپارٹمنٹ میں دوستوں کی میزبانی کر رہے ہیں جنہوں نے اپنا سب کچھ کھو دیا۔

مزید پڑھیں: امریکا میں برفانی طوفان کے باعث پروازیں معطل

روب گارینو نے سی این این کو بتایا کہ ان میں سے کچھ اب میرے ساتھ رہ رہے ہیں،ان کے پاس جانے کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق طوفان بدھ کے روز فلوریڈا کے ساحل سے ٹکرایا تھا، جس کے بعد شہر تباہ کن علاقوں میں تبدیل ہوگئے، جس کی وجہ سے سڑکیں پانی میں ڈوب گئی تھیں اور درخت گرنے کی وجہ سے راستے بلاک ہو گئے تھے جبکہ کئی کھمبوں کو نقصان پہنچا تھا۔

طوفان کی وجہ سے فلوریڈا، ورجینیا اور کرولینا میں 15 لاکھ گھروں اور کاروباری علاقوں کی بجلی منقطع ہو گئی تھی۔

حکام نے بتایا تھا کہ فلوریڈا میں اب بھی ہزاروں افراد لاپتا ہیں لیکن اکثر پناہ گاہوں میں یا بجلی کے بغیر ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی ریاست میں طوفان سے 10 بچوں سمیت 12 افراد ہلاک

امریکی صدر جو بائیڈن نے تباہی کے اعلان کی منظوری دے دی، جس کے تحت متاثرہ کاؤنیٹز کےلیے فیڈرل وسائل دستیاب ہوں گے۔

صدر کا کہنا تھا کہ ممکنہ طور پر ایان امریکی تاریخ کے بدترین طوفانوں میں سے ایک ہے، انہوں نے شمالی کیرولینا میں ایمرجنسی کا اعلان کیا۔

تبصرے (0) بند ہیں