چارسدہ میں 8 سالہ بچی کے قتل میں ملوث افغان مہاجر گرفتار

اپ ڈیٹ 03 اکتوبر 2022
پولیس  نے بتایا کہ ملزم بول نہیں سکتا، وہ واردات کے بعد فرار ہوگیا تھا—فوٹو: اے ایف پی
پولیس نے بتایا کہ ملزم بول نہیں سکتا، وہ واردات کے بعد فرار ہوگیا تھا—فوٹو: اے ایف پی

صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع چارسدہ میں 8 سالہ بچی کو قتل کرنے والے ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق ڈی ایس پی تاج محمد خان، تنگی کے ایس ایچ او مظفر خان اور ڈی ایس پی فرہاد علی نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم افغان شہری ہے جس نے اعتراف جرم کرلیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا: 8 سالہ بچی کی تشدد زدہ لاش برآمد

ان کہ کہنا تھا کہ 25 ستمبر کو بچی کے والد فاروق شاہ نے تنگی پولیس اسٹیشن میں بتایا تھا کہ ان کی 8سالہ بیٹی حنا لاپتا ہے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ والد کی شکایت کے اگلے روز بچی کی لاش کھیتوں کے قریب کچرے کے ڈھیر سے ملی۔

پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی تھی، ملزمان کی تلاش کے لیے مختلف ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی تھیں۔

مزید پڑھیں : نوشہرہ میں 9 سالہ بچی ریپ کے بعد قتل

حکام نے بتایا کہ مقامی شخص نے تفتیش میں پولیس کی مدد کی تھی۔

عینی شاہد نے پولیس کو بتایا کہ ایک افغان شہری نے بچی کو قتل کیا، پولیس کا کہنا ہے کہ افغان شہری کی شناخت ہجرت اللہ کے نام سے ہوئی ہے، ملزم بول نہیں سکتا اور واردات کے بعد فرار ہو گیا تھا، جب کوئی تالیاں بجاتا ہے تو ملزم کو غصہ آتا ہے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم کو انتھک کوششوں کے بعد گرفتار کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : کمسن بچی کا ممکنہ طور پر ’ریپ‘ کے بعد قتل ہوا،آئی جی خیبر پختونخوا

ملزم نے اپنے والد کی مدد سے پولیس کو بتایا کہ واقعے کے روز بچی نے تالیاں بجائیں اور ناپسندیدہ اشارے کیے جس کے بعد ملزم نے طیش میں آکر بچی کی سر پر سیمنٹ کے پتھر مارے اور گلا دبا کر قتل کردیا اور بچی کی لاش کو کچرے میں پھینک دیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔

ہوائی فائرنگ سے 11 سالہ بچہ جاں بحق

خیبرپختونخوا کی تحصیل تنگی کے علاقے چندرو ڈاگ میں شادی کی تقریب کے دوران ہوائی فائرنگ سے 11 سالہ بچہ جاں بحق ہو گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بچے کی شناخت ببرک کے نام سے ہوئی ہے۔

مزید پڑھیں: کوہاٹ: شادی کی تقریب میں تصادم کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک

پولیس کے مطابق علی احمد کے بیٹے شعیب کی شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کرنے والے طاہر اور یاسین کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے، پولیس نے بتایا کہ 11 سالہ ببرک گولی لگنے سے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

علاقہ مکینوں نے پولیس سے مطالبہ کیا کہ شادی کی تقریبات میں ہوائی فائرنگ کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

تبصرے (0) بند ہیں