نواب شاہ: دو مسافر بسوں میں تصادم، 7 افراد جاں بحق، 42 زخمی

اپ ڈیٹ 25 جون 2023
پولیس کے مطابق زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں —فوٹو: عبیداللہ شیخ
پولیس کے مطابق زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں —فوٹو: عبیداللہ شیخ
پولیس کے مطابق زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں —فوٹو: عبیداللہ شیخ
پولیس کے مطابق زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں —فوٹو: عبیداللہ شیخ

نواب شاہ میں دوڑ تھانے کی حدود بلوچ پور اسٹاپ کے قریب 2 مسافر کوچز میں تصادم ہوگیا جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور 42 زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں جائے حادثہ پہنچ کر زخمیوں کو دوڑ اور نواب شاہ ہسپتال منتقل کرنے میں مصروف رہیں، جائے حادثہ پر پولیس اور امدادی ٹیمیں کام کرنے میں مصروف تھیں۔

جاں بحق ہونے والے 7 افراد میں سے ایک شخص کی شناخت قربان میرانی کے نام سے ہوئی ہے، جس کا تعلق گھوٹکی سے بتایا جارہا ہے۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس بے نظیر آباد (ڈی آئی جی پی) محمد یونس چانڈیو نے ڈان ڈاٹ کام سے گفتگو کرتے ہوئے ہلاکتوں کی تعداد کی تصدیق کی، انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو پیپلز یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

ڈی آئی جی کے مطابق حادثہ صبح 4 بجے کے بعد دور باندھی روڈ پر پیش آیا، کراچی اور پشاور سے آنے والی دو مسافر بسیں آپس میں ٹکرا گئیں، حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ حادثے کے بعد مہران ہائی وے کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا اور ٹریفک کو نیشنل ہائی وے کی جانب موڑا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ رواں برس متعدد ٹریفک حادثات رونما ہوچکے ہیں جن کے نتیجے میں کئی قیمتی جانیں ضائع جبکہ سیکڑوں افراد زخمی ہوچکے ہیں۔

رواں ماہ 17 جون کو اسلام آباد-لاہور موٹروے پر کلر کہار کے قریب بس حادثے کے نتیجے میں 13 افراد جاں بحق جبکہ 31 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

26 اپریل کو ٹھٹہ میں قومی شاہراہ چلیا کے قریب ٹرک اور وین کے تصادم میں کراچی سے تعلق رکھنے والے 9 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

16 اپریل کو بلوچستان کے ضلع خضدار میں کوئٹہ-کراچی نیشنل ہائی وے پر ٹرک اور کار میں تصام کے نتیجے میں 6 پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا تھا۔

قبل ازیں فروری میں کلر کہار کے قریب ایک بس کھائی میں گرنے سے پہلے 2 کاروں اور ایک ٹرک سے ٹکرا گئی تھی، جس کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق اور 64 زخمی ہوگئے تھے، حادثے کی وجہ بظاہر ٹائر کے پھٹنے کو قرار دیا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں