کولمبو ٹیسٹ: پاکستانی مشکلات کا شکار
کولمبو میں جاری دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان اپنی پہلی اننگز میں اس وقت مشکلات کا شکار ہے اور دوسرے دن کھیل کے اختتام پر قومی ٹیم نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 244 رنز بنا لیے تھے۔
سری لنکن ٹیم کو 320 رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد پاکستانی ٹیم پراعتمام آغاز نہ سکی اور اسے پہلا نقصان 47 رنز کے مجموعی اسکور پر ہوا جب اوپنر خرم منظور 23 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
پاکستان کی دوسری وکٹ 110 پر اظہرعلی کی گری جنہوں نے 32 رنز اسکور کیے۔
پاکستان کے تیسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز احمد شہزاد تھے جنہوں نے 85 گیندوں پر 58 رنز بنائے۔
تین کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد قومی ٹیم کو سہارا دینے کی ذمہ داری سینئر کھلاڑیوں مصبا الحق اور یونس خان کے کندھوں پر آئی تاہم وہ بھی رنجنا ہیراتھ کا سامنا نہ کر سکے اور بالترتیب پانچ اور تیرہ رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
چھٹی وکٹ کی شراکت میں سرفراز احمد اور اسد شفیق نے 93 رنز کا اضافہ کیا لیکن اسد شفیق 37 رنز بنا کر ہیراتھ کی گیند پربولڈ ہو گئے۔
دوسرے دن جب کھیل ختم ہوا تو سرفراز احمد 66 اور عبدالرحمن ایک رنز کے ساتھ ناٹ تھے۔
قبل ازیں سری لنکا کی ٹیم نے 8۔261 رنز سے کھیل آغاز کیا تو اس کی آخری دو وکٹوں نے 59 رنز کا اضافہ کیا، جس کے بعد پوری ٹیم لنچ بریک سے 45 منٹ پہلے پویلین واپس لوٹ گئی۔
سری لنکا کی جانب سے اوپنر اپل تھرنگا 92 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے، جبکہ چھناکا ویلیگدارا 27 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔
پاکستان کی جانب سے جنید خان نے 87 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں، جبکہ وہاب ریاض 88 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
یاد رہے کہ 2 میچوں کی سیریز میں سری لنکا کو 0۔1 کی برتری حاصل ہے۔