سرچ آپریشنز موٹروے گینگ ریپ کے مرکزی ملزم کا سراغ لگانے میں ناکام

اپ ڈیٹ 19 ستمبر 2020
ملزم کے والد، اہلیہ، کم عمر بیٹی اور کچھ کزنز پولیس کی حراست میں موجود ہیں—فائل فوٹو: ٹوئٹر
ملزم کے والد، اہلیہ، کم عمر بیٹی اور کچھ کزنز پولیس کی حراست میں موجود ہیں—فائل فوٹو: ٹوئٹر

لاہور: تمام تکنیکی اور انسانی وسائل استعمال کرنے کے باوجود پنجاب پولیس موٹرورے ریپ کیس کے مرکزی ملزم کا سراغ لگانے میں تاحال ناکام ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ملزم کی موجودگی کی ' خفیہ اطلاعات' کی بنیاد پر قصور، ننکانہ صاحب اور شیخوپورہ میں چھاپے مارے گئے جس نے پنجاب پولیس کی ملزم کو پکڑنے کی کارکردگی کا پول کھول دیا۔

دوسری جانب ملزم کے والد، اہلیہ، کم عمر بیٹی اور کچھ کزنز پولیس کی حراست میں موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: موٹروے ریپ: مرکزی ملزم عابد کے مزید 5 رشتے دار زیر حراست

پولیس ذرائع کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ٹیمیں اس کیس پر کام کررہی ہیں اور انہوں نے عابد ملہی کی سفری تاریخ حاصل کرلی ہے۔

اس میں یہ خیال ظاہر کیا گیا کہ ملزم ماضی میں جرائم کرنے کے بعد پناہ لینے کے لیے یا اپنے دوست احباب سے ملنے متعدد مرتبہ سندھ اور خیبر پختونخوا جاچکا ہے، چنانچہ ان صوبوں میں پولیس ٹیمیں روانہ کی جارہی ہیں۔

سرکاری ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ ملزم گرفتاری سے بچنے کے لیے اپنے ظاہری حلیے میں تبدیلی کرسکتا ہے اس لیے پولیس نے اس کے متعدد خاکے جاری کیے گئے ہیں جن میں اس کا سر مونڈھا ہوا یا مونچھیں صاف ہیں۔

مزید پڑھیں: موٹروے ریپ کیس: مرکزی ملزم عابد کی اہلیہ زیر حراست، ابتدائی بیان ریکارڈ

انہوں نے کہا کہ انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی پی) نے تمام علاقائی پولیس افسران کو سیکیورٹی بڑھانے اور ملزم کی آمد و رفت چیک کرنے کے لیے اضلاع کے داخلی و خارجی مقامات پر اہلکار تعینات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

موٹروے ریپ کیس میں اب تک کیا ہوا؟

خیال رہے کہ 9 ستمبر کو منگل اور بدھ کی درمیانی شب لاہور-سیالکوٹ موٹروے پر گجرپورہ کے علاقے میں 2 مسلح افراد نے ایک خاتون کو اس وقت گینگ ریپ کا نشانہ بنایا تھا جب وہ وہاں گاڑی بند ہونے پر اپنے بچوں کے ہمراہ مدد کی منتظر تھی۔

واقعے کی سامنے آنے والی تفصیل سے یہ معلوم ہوا تھا کہ لاہور کی ڈیفنس ہاؤسنگ سوسائٹی کی رہائشی 30 سال سے زائد عمر کی خاتون اپنے 2 بچوں کے ہمراہ رات کو تقریباً ایک بجے اس وقت موٹروے پر پھنس گئیں جب ان کی گاڑی کا پیٹرول ختم ہوگیا تھا۔

اس دوران خاتون نے اپنے ایک رشتے دار کو بھی کال کی تھی، جس نے خاتون کو موٹروے ہیلپ لائن پر کال کرنے کا کہا تھا جبکہ وہ خود بھی جائے وقوع پر پہنچنے کے لیے روانہ ہوگیا تھا۔

تاہم جب خاتون مدد کے لیے انتظام کرنے کی کوشش کر رہی تھیں تب 2 مرد وہاں آئے اور انہیں اور ان کے بچوں (جن کی عمر 8 سال سے کم تھی) بندوق کے زور پر قریبی کھیت میں لے گئے، بعد ازاں ان مسلح افراد نے بچوں کے سامنے خاتون کا ریپ کیا، جس کے بعد وہ افراد جاتے ہوئے نقدی اور قیمتی سامان بھی لے گئے۔

اس واقعے کے بعد جائے وقوع پر پہنچنے والے خاتون کے رشتے دار نے اپنی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ بھی تھانہ گجرپورہ میں درج کروایا تھا۔

تاہم اس واقعے کے بعد سی سی پی او لاہور عمر شیخ نے ایک ایسا بیان دیا تھا جس نے تنازع کھڑا کردیا اور عوام، سول سوسائٹی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کے علاوہ مسلم لیگ (ن) نے ان کو ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا۔

سی سی پی او نے کہا تھا کہ 'خاتون رات ساڑھے 12 بجے ڈیفنس سے گوجرانوالہ جانے کے لیے نکلیں، میں حیران ہوں کہ تین بچوں کی ماں ہیں، اکیلی ڈرائیور ہیں، آپ ڈیفنس سے نکلی ہیں تو آپ جی ٹی روڈ کا سیدھا راستہ لیں اور گھر چلی جائیں اور اگر آپ موٹروے کی طرف سے نکلی ہیں تو اپنا پیٹرول چیک کر لیں'۔

یہ بھی پڑھیں: موٹروے پر مدد کی متلاشی خاتون کا 'ڈاکوؤں' نے 'گینگ ریپ' کردیا

بعدازاں انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس انعام غنی نے موٹروے پر اجتماع زیادتی کا شکار خاتون سے متعلق متنازع بیان پر کیپیٹل سٹی پولیس افسر لاہور عمر شیخ کو شوکاز نوٹس جاری کیا تاہم 14 ستمبر کو انہوں نے اپنے بیان پر معذرت کرلی تھی۔

یہی نہیں واقعے کے بعد عوام میں شدید غم و غصہ پایا گیا تھا جس پر حکومت بھی ایکشن میں آئی تھی اور آئی جی پنجاب پولیس نے مختلف تحقیقاتی ٹیمیں تشکیل دی تھیں جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی صوبائی وزیرقانون راجا بشارت کی سربراہی میں ایک خصوصی کمیٹی بنائی تھی۔

علاوہ ازیں 12 ستمبر کو وزیراعلیٰ پنجاب نے آئی جی پنجاب انعام غنی و دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ 72 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں اصل ملزمان تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے۔

ساتھ ہی اس موقع پر بتایا گیا تھا کہ واقعے کے مرکزی ملزم کی شناخت عابد علی کے نام سے ہوئی اور اس کا ڈی این اے میچ کرگیا ہے جبکہ اس کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں، اس کے علاوہ ایک شریک ملزم وقار الحسن کی تلاش بھی جاری ہے۔

تاہم 13 ستمبر کو شریک ملزم وقار الحسن نے سی آئی اے لاہور میں گرفتاری دیتے ہوئے اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کی تردید کی تھی۔

14 ستمبر کو وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ خاتون کے ریپ میں ملوث ملزم شفقت کو گرفتار کرلیا ہے جس کا نہ صرف ڈی این اے جائے وقوع کے نمونوں سے میچ کرگیا بلکہ اس نے اعتراف جرم بھی کرلیا ہے۔

15 ستمبر کو لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے سیالکوٹ موٹر وے پر دوران ڈکیتی خاتون سے زیادتی کے ملزم کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

اسی روز پولیس نے شریک ملزم شفقت علی کی جانب سے دوران تفتیش فراہم کی گئی معلومات پر تیسرا ملزم اقبال عرف بالا کو گرفتار کرلیا تھا۔

16 ستمبر کو پنجاب پولیس کی جانب سے مرکزی ملزم کو ملک چھوڑنے سے روکنے کے لیے کی جانے درخواست کے بعد وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے اس کا نام 'بلیک لسٹ' میں ڈال دیا تھا۔

17 ستمبر کو یہ بات سامنے آئی تھی کہ پولیس نے ملزم کی اہلیہ بشریٰ کو حراست میں لیا جس نے اپنے ابتدائی بیان میں کہا کہ اسے عابد کے بارے میں کچھ نہیں معلوم اور اس کا ان سے رابطہ نہیں ہوا۔

اس کے علاوہ اسی روز عابد ملہی کےدیگر 5 رشتہ داروں کو بھی حراست میں لیا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں