کورونا کیسز کے مثبت آنے کی شرح معمولی کمی کے بعد دوبارہ 7 فیصد ہوگئی

اپ ڈیٹ 29 نومبر 2020
ایک روز قبل ملک میں ریکارڈ تعداد یعنی 48 ہزار 223 ٹیسٹ کیے گئے تھے—فائل فوٹو: رائٹرز
ایک روز قبل ملک میں ریکارڈ تعداد یعنی 48 ہزار 223 ٹیسٹ کیے گئے تھے—فائل فوٹو: رائٹرز

اسلام آباد: ملک میں کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے کیے گئے ٹیسٹس کے نتائج مثبت آنے کی شرح میں ہفتہ کے روز معمولی کمی دیکھی گئی اور یہ 6.3 فیصد تک کم ہوئی تھی تاہم ایک روز بعد ہی دوبارہ یہ شرح 7 فیصد پر پہنچ گئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 40 ہزار 369 ٹیسٹ کیے گئے جس میں 7 فیصد یعنی 2 ہزار 829 مثبت آئے۔

تاہم ایک روز قبل ملک میں ریکارڈ تعداد یعنی 48 ہزار 223 ٹیسٹ کیے گئے تھے جن میں 3 ہزار 45 مثبت آئے تھے یوں کیسز کے مثبت آنے کی شرح 6.3 فیصد تک کم ہوگئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں مسلسل چوتھے روز کورونا وائرس کے یومیہ کیسز 3 ہزار سے زائد

دوسری جانب اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے عوام سے اپیل کی ہے کورونا وائرس سے خود کو اور دوسروں کو محفوظ رکھنے کے لیے صحت کی رہنما ہدایات اور اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز کا خیال رکھیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اسد قیصر جو خود بھی اس مہلک وائرس کا شکار رہ چکے ہیں یہ پیغام ایک جاری کی گئی ویڈیو میں دیا۔

سوشل میڈیا پر جاری کردہ اپنے ویڈیو پیغام میں اسد قیصر کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس مریض پر صحت اور نفسیات کے تباہ کن اثرات مرتب کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ مریضوں کی تکلیف محسوس کرسکتے ہیں کیوں کہ وہ اور ان کے اہلِ خانہ بھی اس وائرس کا شکار ہو کر اس کیفیت سے گزرے ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ حکومت اپنے محدود وسائل کے باوجود اس بیماری سے لڑنے کے لیے ہر قدم اٹھا رہی ہے، تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ ہسپتالوں میں مریضوں کی آمد کا سلسلہ اسی طرح جاری رہا تو گنجائش کی کمی کے سبب صورتحال بگڑ سکتی ہے۔

مزید پڑھیں: آزادی کے بعد پہلی مرتبہ بھارتی معیشت کساد بازاری میں داخل

ماہرین صحت، بالخصوص ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف جو وائرس کے خلاف محاذ پر صف اول میں ہیں، انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ ڈاکٹر اور پیرامیڈیکل اسٹاف حقیقی ہیروز ہیں اور ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ ملک بھر میں کورونا مریضوں کے لیے مختص ایک ہزار 760 وینٹیلیٹرز میں سے 281 بھرے ہوئے تھے جبکہ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور بلوچستان میں کوئی مریض وینٹیلیٹر پر نہیں۔

اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کی سینیٹر کلثوم پروین جنہیں کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد ایک نجی ہسپتال میں منقتل کیا گیا تھا انہیں وینٹیلیٹر پر منتقل کردیا گیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کورونا وائرس کے تمام مریضوں کی جلد صحتیابی اور وائرس کے سبب انتقال کر جانے والے ڈاکٹرز، رہنماؤں، سیاسی کارکنان، طبی عملے کے اراکین، ماہرین اور دیگر افراد کے اہلِ خانہ سے تعزیت بھی کی۔

تبصرے (0) بند ہیں