کورونا کی نئی قسم: برطانیہ سے آنے والی پروازوں پر پابندی میں توسیع

28 دسمبر 2020
نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ 4 جنوری کے بعد صورتحال کا جائزہ لے کر آئندہ کا فیصلہ کیا جائے گا — فائل فوٹو / اے ایف پی
نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ 4 جنوری کے بعد صورتحال کا جائزہ لے کر آئندہ کا فیصلہ کیا جائے گا — فائل فوٹو / اے ایف پی

حکومت پاکستان نے کورونا وائرس کی نئی قسم کے پیش نظر برطانیہ سے آنے والی پروازوں پر عارضی پابندی میں 4 جنوری تک توسیع کردی۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق پاکستان نے برطانیہ سے آنے والی پروازوں پر پابندی کی مدت میں توسیع کر دی ہے اور یہ مدت اب 4 جنوری 2021 تک بڑھا دی گئی ہے۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ 4 جنوری کے بعد صورتحال کا جائزہ لے کر آئندہ کا فیصلہ کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے 21 دسمبر کو کورونا کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر برطانیہ سے آنے والی پروازوں پر عارضی پابندیاں عائد کی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے برطانیہ سے آنے والی تمام پروازوں پر پابندی عائد کردی

نوٹی فکیشن میں کہا گیا تھا کہ این سی او سی کے اجلاس میں برطانیہ میں نئے کورونا وائرس کے پیش نظر برطانیہ سے آنے والے مسافروں پر 22 دسمبر کی رات سے 29 دسمبر کی رات تک عارضی پابندی ہوگی، جبکہ براہ راست اور بلواسطہ برطانیہ سے آنے تمام مسافروں پر پابندی کا اطلاق ہوگا۔

نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ وہ مسافر جو 10 روز سے برطانیہ میں ہیں ان پر بھی پابندی کا اطلاق ہوگا، تاہم برطانیہ سے ٹرانزٹ فلائٹ کے ذریعے آنے والے مسافروں پر پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔‏

پاکستانی شہری، جو وزٹ ویزا پر برطانیہ میں ہیں انہیں سفر سے 72 گھنٹے قبل کروونا کا ٹیسٹ کروانا لازمی ہوگا، برطانیہ سے آنے والے مسافروں کا ایئرپورٹ پر دوبارہ ٹیسٹ کیا جائے گا اور پی سی ار ٹیسٹ رپورٹ آنے تک مسافروں کو حکومتی مسافر خانہ میں ہی رہنا ہوگا۔

مزید پڑھیں: وائرس کی نئی قسم کا خطرہ، کئی ممالک نے برطانیہ کے سفر پر پابندی عائد کردی

خیال رہے کہ برطانیہ میں سب سے پہلے سامنے آنے نئے کورونا وائرس کے کیسز لگ بھگ 15 ممالک میں پھیل چکے ہیں۔

پاکستان کے علاوہ دیگر ایشیائی، یورپی، مشرق وسطیٰ اور شمالی امریکا کے کئی ممالک بھی برطانیہ سے آنے والی پروازوں پر پابندی عائد کر چکے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں