'حلیمہ سلطان' بھی پشاور زلمی کا حصہ بن گئیں؟

19 فروری 2021
پشاور زلمی نے ترک اداکارہ اسرا بلگیچ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے انہیں زلمی میں خوش آمدید کہا — فوٹو: ٹوئٹر
پشاور زلمی نے ترک اداکارہ اسرا بلگیچ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے انہیں زلمی میں خوش آمدید کہا — فوٹو: ٹوئٹر

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم پشاور زلمی کی جانب سے اسرا بلگیچ کو ٹیم کا حصہ بنانے سے متعلق مبہم پوسٹس کے بعد اب اس حوالے سے باضابطہ اعلان کردیا گیا ہے۔

گزشتہ برس جولائی میں خبریں سامنے آئی تھیں کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم پشاور زلمی ممکنہ طور پر ترک اداکارہ اسرا بلگیچ کو اپنا برانڈ ایمبیسڈر مقرر کرے گی۔

یہ خبریں اس وقت عروج پر پہنچیں جب پشاور زلمی کے سربراہ جاوید آفریدی نے اپنی ٹوئٹ میں مداحوں سے سوال کیا تھا کہ کیا ترک ڈرامے ارطغرل غازی کی اداکارہ (حلیمہ سلطان) اسرا بلگیچ کو پشاور زلمی کا سفیر مقرر کیا جائے؟

مزید پڑھیں: کیا 'حلیمہ سلطان' اس وقت پشاور میں ہیں؟

جس پر مداحوں نے حامی بھرتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ ترک اداکارہ کو برانڈ ایمبیسڈر مقرر کیا جائے۔

اس کے بعد اسرا بلگیچ نے جولائی 2020 میں ہی اپنی مختصر ٹوئٹ میں جاوید آفریدی اور پشاور زلمی کو مینشن کرتے ہوئے لکھا تھا کہ وہ اس ضمن میں جلد خوشخبری سنائیں گی۔

اس کے علاوہ حال ہی میں اسرا بلگیچ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں پشاور کی عمارت کی تصویر شیئر کرتے ہوئے اسے پھولوں کا شہر قرار دیا تھا تو چہ مگوئیاں شروع ہوئیں کہ وہ پاکستان آ چکی ہیں۔

تاہم اسرا بلگیچ کے پاکستان آنے کی تصدیق نہیں ہوسکی تھی جس کے بعد چہ مگوئیاں شروع ہوئی تھیں کہ وہ ممکنہ طور پر پی ایس ایل کے چھٹے سیزن میں پشاور زلمی کی برانڈ ایمبیسڈر بننے جا رہی ہیں، اسی وجہ سے ہی انہوں نے پشاور کو پھولوں کا شہر قرار دیا۔

—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

اب پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا چھٹا سیزن کل یعنی 20 فروری سے شروع ہورہا ہے اور مداحوں کو انتظار تھا کہ کب پشاور زلمی کی جانب سے اسرا بلگیچ سے متعلق باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔

یہاں یہ بات مدنظر رہے کہ پشاور زلمی نے حال ہی میں اداکارہ ماہرہ خان اور ہانیہ عامر کو برانڈ ایمبیسڈر بنانے کا اعلان کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کیا 'حلیمہ سلطان‘ پشاور زلمی کی سفیر بننے والی ہیں؟

جس کے بعد سے اپی ایس ایل شائقین کی جانب سے یہ سوال کیا جارہا تھا کہ ترک اداکارہ اسرا بلگیچ کو برانڈ ایمبیسڈر مقرر کرنے کے حوالے سے اب تک کوئی باضابطہ اعلان کیوں نہیں کیا گیا۔

جاوید آفریدی اور اسرا بلگیچ کی مبہم پوسٹس کے بعد سے مداح منتظر تھے کہ شاید اداکارہ کو پشاور زلمی کا سفیر مقرر کیا جائے گا لیکن اس حوالے سے باضابطہ طور پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا تھا۔

رات گئے جاوید آفریدی نے ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ایک اور بڑا اعلان ہونے والا ہے اندازہ لگائیں۔

اور اب آخر کار پشاور زلمی نے ترک اداکارہ اسرا بلگیچ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے انہیں زلمی میں خوش آمدید کہا ہے۔

پشاور زلمی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے کی گئی ٹوئٹ میں کہا گیا کہ 'ہم اسرا بلگیچ کو ہمارے زلمی کنگڈم میں خوش آمدید کہتے ہیں'۔

ساتھ ہی ٹوئٹ میں سسپنس جاری رکھتے ہوئے مزید کہا گیا کہ 'خود کو تیار رکھیں آج رات ایک کنگڈم کو منظر عام پر لایا جائے گا'۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل 6: ہانیہ عامر بھی پشاور زلمی کی برانڈ ایمبیسڈر مقرر

جس کے بعد پشاور زلمی کے مالک جاوید آفردی نے ٹوئٹ میں بتایا کہ آج رات زلمی کا ترانہ ریلیز کیا جائے گا۔

تاہم پشاور زلمی اور جاوید آفریدی کی جانب سے یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ترک اداکارہ صرف ترانے کا حصہ ہیں یا وہ ٹیم کی برانڈ ایمبیسڈر بھی ہیں۔

خیال رہے کہ پی ایس ایل کے چھٹے سیزن کا آغاز 20 فروری سے ہورہا ہے اور سیزن کا پہلا میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں دفاعی چیمپیئن کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔

30 روزہ ٹورنامنٹ کا فائنل 22 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا اور 2017 کے بعد پہلی مرتبہ ہوگا کہ ایونٹ کا فائنل لاہور میں کھیلا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں