کے-الیکٹرک کی بجلی فی یونٹ 14 روپے 53 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست

اپ ڈیٹ 23 اگست 2022
جولائی کی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی 3 روپے47 پیسے سستی کرنے کی بھی درخواست کی گئی— فائل فوٹو: کے ای فیس بک
جولائی کی ایڈجسٹمنٹ میں بجلی 3 روپے47 پیسے سستی کرنے کی بھی درخواست کی گئی— فائل فوٹو: کے ای فیس بک

کے-الیکٹرک نے سہ ماہی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) سے صارفین کے لیے بجلی فی یونٹ 14 روپے 53 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست کردی۔

کے الیکٹرک نے سہ ماہی اور ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں باالترتیب قیمت میں اضافے اور کمی کی دو الگ الگ درخواستیں دائر کردیں۔

کے الیکٹرک کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں سہ ماہی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں نیپرا سے بجلی 14روپے 53 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کا کہا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی کے صارفین کیلئے بجلی 11 روپے 10 پیسے فی یونٹ مہنگی

کے الیکٹرک کی جانب سے یہ اضافہ اپریل تا جون 2022 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مانگا گیا ہے۔

کے الیکٹرک کی جانب سے دائر کردہ دوسری درخواست میں جولائی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ میں قیمت کم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

کراچی کو بجلی سپلائی کرنے والی کمپنی نے جولائی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 3 روپے47 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کا کہا ہے۔

مزید پڑھین: کراچی کے شہریوں کیلئے بجلی 9.42 روپے فی یونٹ مہنگی

کے الیکٹرک نے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں شہریوں کو 6 ارب 25 کروڑ روپے کا ریلیف دینے کی درخواست کی ہے۔

نیپرا، کے الیکٹرک کی دونوں درخواستوں پر 31 اگست کو سماعت کرے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) نے بھی جولائی میں استعمال ہونے والی بجلی کی زیادہ لاگت کی وجہ سے فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) کی مد میں مزید 64 ارب روپے اضافی حاصل کرنے کے لیے فی یونٹ 4 روپے 69 پیسے بڑھانے کی درخواست دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: کے-الیکٹرک کی کراچی کے صارفین کیلئے بجلی فی یونٹ 11روپے 34 پیسے مہنگی کرنے کی درخواست

نیپرا نے اس درخواست کو بھی 31 اگست کو طے شدہ عوامی سماعت کے لیے منظور کر لیا تھا۔

واضح رہے اس سے قبل رواں ماہ 11 اگست کو بھی نیپرا نے کراچی کے صارفین کے لیے جون کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت 11 روپے 10 پیسے مہنگی کی تھی۔

نیپرا کی جانب سے کراچی کے صارفین کے لیے بجلی کی قیمت میں تاریخی اضافہ کرتے ہوئے نیپرا نے نوٹی فکیشن جاری کیا جس میں کہا گیا تھا کہ اضافی وصولیاں اگست اور ستمبر میں بجلی کے بلوں میں کی جائیں گی۔

مزید پڑھیں: کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی 2 روپے 90 پیسے فی یونٹ مہنگی

نوٹی فکیشن میں بتایا گیا تھا کہ اگست کے بلوں میں 3 روپے ایک پیسے فی یونٹ وصول کیے جائیں گے جبکہ ستمبر کے بلوں میں 8 روپے 9 پیسے فی یونٹ وصول کیے جائیں گے۔

کراچی کے صارفین کے لیے اضافی بل کا نوٹی فکیشن جاری کرنے سے قبل وفاقی حکومت نے بنیادی بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 3 روپے 50 پیسے فی یونٹ اضافے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا تھا۔

خیال رہے کہ کراچی کے صارفین کے لیے جون کے لیے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے نیپرا نے 28 جولائی کو 11 روپے37 پیسے فی یونٹ اضافہ کرنے کی منظوری دی تھی۔

قبل ازیں 4 جولائی کو نیپرا نے مئی کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کراچی والوں کے لیے بجلی 9 روپے 42 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری بھی دی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں