سوشل شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹاگرام کی مالک کمپنی میٹا کے بانی مارک زکربرگ نے کچھ دن قبل ایپ میں براڈ کاسٹ چینل نامی نیا اور بہترین فیچر متعارف کرایا تھا، جس تک ابتدائی طور پر دنیا کے بڑے کانٹینٹ کریئیٹرز کو رسائی دی گئی تھی۔

تاہم ساتھ ہی اعلان کیا گیا تھا کہ مذکورہ فیچر ترتیب وار عام کانٹینٹ کریئیٹرز تک بھی بڑھایا جا سکے گا، یعنی مستقبل میں عام انسٹاگرام صارفین بھی اسے استعمال کر سکیں گے۔

تاہم یہاں سب سے اہم سوال یہ ہے کہ براڈ کاسٹ چینل فیچر کیا ہے اور یہ کیسے کام کرتا ہے؟

براڈ کاسٹ چینل کیا ہے؟

اس حوالے سے میٹا کی جانب سے جاری کردہ معلومات کے مطابق اس فیچر سے سب سے زیادہ فائدہ کانٹینٹ کریئیٹرز کو ہوگا اور وہ اپنے فالوورز تک مواد کو باآسانی پہنچا سکیں گے۔

یہ فیچر انسٹاگرام کے انباکس میں استعمال کیا جا سکے گا، یعنی کانٹنیٹ کریئیٹر انباکس چیٹ میں اپنا کوئی نیا چینل یعنی انباکس چیٹ بنائے گا، جہاں وہ ہر طرح کا مواد شیئر کر سکے گا۔

فیچر کے تحت براڈکاسٹ چینل میں کانٹینٹ کریئیٹر ہر طرح کی ویڈیوز، وائس نوٹ، تصاویر، پوسٹس، لنکس اور پول بھی شیئر کر سکیں گے اور صارفین پولز میں حصہ بھی لے سکیں گے۔

اس چینل کی سب سے اہم بات یہ ہوگی کہ اس میں دوسرا کوئی بھی صارف یعنی فالوورز کوئی بھی کمنٹ نہیں کر پائیں گے اور نہ ہی وہ کوئی مواد وہاں شیئر کر سکیں گے، وہ صرف اکاوئنٹ ہولڈر کی جانب سے چینل میں شیئر کیے گئے مواد کو دیکھ سکیں گے اور اس پر ایموجیز کے ذریعے ری ایکشن دے سکیں گے۔

براڈ کاسٹ چینل اپنے پہلے سے موجود اکائونٹ کے انباکس میں بنائے جا سکیں گے اور ہر مواد تخلیق کار ابتدائی طور پر صرف ایک ہی براڈ کاسٹ چینل بنانے کے اہل ہوگا۔

براڈ کاسٹ چینل ایک طرح سے چیٹ باکس ہی ہوگا اور وہاں شیئر کیے جانے والا مواد انسٹاگرام کی ریلز یا پوسٹ میں شیئر نہیں ہوگا، تاہم مستقبل میں ایسے مواد کو پوسٹ کی صورت میں شیئر کیے جانے کا فیچر بھی پیش کیے جانے کا امکان ہے۔

براڈ کاسٹ چینل کیسے کام کرے گا؟

فیچر کے تحت جیسے ہی کوئی تخلیق کار اپنا براڈ کاسٹ چینل بنائے گا، عین اسی وقت ان کے تمام فالوورز کو ایک نوٹی فکیشن چلا جائے گا، جس میں انہیں براڈ کاسٹ چینل سے متعلق آگاہ کیا جائے گا۔

مذکورہ نوٹی فکیشن بائی ڈفالٹ ہر فالوورز کے پاس چلا جائے گا اور جیسے ہی کوئی فالوور اس نوٹی فکیشن کو کلک کرے گا تو وہ تخلیق کار کے بنائے گئے براڈ کاسٹ چینل میں پہنچ جائے گا۔

تاہم براڈ کاسٹ چینل میں پہنچنے کے بعد صارفین سے پوچھا جائے گا کہ وہ مذکورہ براڈ کاسٹ چینل کا حصہ بننے چاہتے ہیں یا نہیں؟ اگر صارف چینل کا حصۃ نہیں بننا چاہیں گے تو انہیں چینل کا مواد نظر نہیں آئے گا یعنی ان کے انباکس میں براڈ کاسٹ چینل نہیں کھلے گا۔

فالوورز کی جانب سے براڈ کاسٹ چینل میں شامل نہ ہونے کے باوجود انہیں ہر بار اس کا نوٹی فکیشن موصول ہوتا رہے گا۔

اسی طرح تخلیق کار کے پاس یہ آپشن موجود ہوگا کہ وہ چاہیں تو نوٹی فکیشن کو بند کردیں یا پھر اسے محدود صارفین تک پہنچانے کی اجازت دیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں