فیکٹ چیک: تہران پر اسرائیلی حملے کی وائرل ویڈیو اسرائیل کے نیواتیم ایئربیس پر ایرانی حملے کی ہے
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جمعہ کو متعدد صارفین نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں ایران پر اسرائیلی حملوں کے درمیان دعویٰ کیا گیا تھا کہ اس میں مبینہ طور پر تہران پر میزائل حملہ دکھایا گیا ہے۔
آئی ویریفائی پاکستان کی ٹیم نے جائزہ لینے کے بعد بتایا کہ یہ فوٹیج اکتوبر 2024 کی ہے اور اس میں ایران کے اسرائیل کے نیواتیم ایئربیس پر فضائی حملے دکھائے گئے تھے۔
دعویٰ
اسرائیل نے آج علی الصبح ایران میں بڑے پیمانے پر حملے شروع کیے اور کہا کہ اس نے جوہری تنصیبات، بیلسٹک میزائل فیکٹریوں اور فوجی کمانڈروں کو نشانہ بنایا ہے اور یہ تہران کو جوہری ہتھیار بنانے سے روکنے کے لیے ایک طویل آپریشن کا آغاز ہے۔
ایران کے ایلیٹ انقلابی گارڈز کور نے بتایا کہ اسرائیلی حملوں میں اس کے اعلیٰ کمانڈر حسین سلامی شہید ہوگئے ہیں اور سرکاری میڈیا نے رپورٹ کیا کہ یونٹ کے ہیڈکوارٹرز کو تہران میں نشانہ بنایا گیا تھا، اس کے علاوہ، اطلاعات کے مطابق کم از کم 6 جوہری سائنسدان بھی عام شہریوں کے ساتھ شہید ہو گئے۔
آج، ایک اسرائیلی ایکس صارف نے ایک نامعلوم مقام پر میزائل حملے کی ایک ویڈیو پوسٹ کی، جس کے ساتھ یہ کیپشن تھاکہ ’ ایران سے پاگل کردینے والی دستاویزی فلم، ایک ہی وقت میں درجنوں (حملے)۔’
اس پوسٹ کو تقریباً 30 ہزار بار دیکھا گیا۔
اسرائیلی تجزیہ کار ایلی ڈیوڈ نے اسی کلپ کو ’ تہران ابھی ابھی’ “ کے عنوان کے ساتھ شیئر کیا، جس نے 523000 ویوز حاصل کیے۔
اسے یہاں، یہاں، یہاں، اور یہاں بھی شیئر کیا گیا، جنہیں بالترتیب 209000، 77000، 11000، اور 2000 ویوز حاصل ہوئے۔
فیکٹ چیک
ایران اور اسرائیل کے درمیان حالیہ تنازع سے سامنے آنے والی بصری مواد کی وائرل نوعیت اور بڑی تعداد کے باعث اس دعوے کی سچائی کا تعین کرنے کے لیے ایک فیکٹ چیک شروع کیا گیا۔
کلپ کے کی فریمز کی ریورس امیج سرچ کے نتیجے میں ایکس پر یکم اکتوبر 2024 کو ایک صارف کی پوسٹ کردہ ویڈیو ملی، جس کے کیپشن میں لکھا تھا، ”🇮🇱🇮🇷 15 منٹ ایرانی میزائل اسرائیل کو نشانہ بناتے ہوئے … سپرکٹ۔“
اس تاریخ کی تلاش کو مزید بہتر بنانے پر 1 اکتوبر 2024 کی ایک یوٹیوب ویڈیو ملی جو بھارتی سرکاری نشریاتی ادارے دوردرشن نے پوسٹ کی تھی اور اس کا عنوان تھا: ’ ایران کے میزائل صحرائے نیگیو میں نیواتیم ایئربیس کو نشانہ بنا رہے ہیں۔’
اسی تاریخ کے قریب’ ایرانی فضائی حملہ’ اور ’ اسرائیل’ کے مطلوبہ الفاظ کی تلاش کرنے سے 1 اکتوبر 2024 کی الجزیرہ کی ایک خبر ملی، جس کا عنوان تھا: ’ ایران کا کہنا ہے کہ اس نے قتل کے جواب میں اسرائیل پر میزائل داغے۔’
رپورٹ کے مطابق، ایران نے یکم اکتوبر 2024 کو اسرائیل پر میزائل حملہ کیا تھا، جو حزب اللہ اور حماس کے اعلیٰ کمانڈروں سمیت سینئر ایرانی اور اتحادی رہنماؤں کے قتل کے جواب میں تھا۔
اسرائیلی حکام نے بتایا کہ تقریباً 200 بیلسٹک میزائل داغے گئے، جس سے کئی علاقوں میں فضائی حملے کے سائرن بج اٹھے اور پناہ گاہوں کی وارننگ جاری ہوئیں۔
اسلامی انقلابی گارڈ کور نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اسے اسرائیلی ’ جرائم’ کا جواب قرار دیا تھا، اگرچہ زیادہ تر میزائلوں کو روک لیا گیا تھا، لیکن کچھ نے نمایاں نقصان اور جانی نقصان پہنچایا، جس سے علاقائی تنازع میں اضافے کے خدشات بڑھ گئے۔
وائرل کلپ بھارت اور پاکستان کے درمیان مئی میں ہونے والے فوجی تنازعے کے دوران بھی گردش کر رہا تھا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ یہ بھارت کو پاکستان پر حملہ کرتے ہوئے دکھا رہا ہے۔
جانچ پڑتال کا نتیجہ: گمراہ کُن
لہذا، فیکٹ چیک نے یہ طے کیا کہ یہ دعویٰ کہ اس وائرل ویڈیو میں تہران میں اسرائیلی حملے کو دکھاتی ہے، غلط ہے۔
یہ ویڈیو اکتوبر 2024 کی پرانی ہے اور اس میں اسرائیل کے نیواتیم ایئربیس پر ایرانی فضائی حملے دکھائے گئے ہیں۔