ایپل کے آئی فونز کو دنیا کی سب سے بہترین اسمارٹ ڈیوائسز مانا جاتا ہے مگر اب اس کمپنی نے ایک بہت بڑا اعزاز بھی اپنے نام کرلیا ہے۔

ٹیکنالوجی کی دنیا کا یہ بڑا نام دنیا کی پہلی ٹریلین ڈالرز (10 کھرب) یا پاکستانی 1224 کھرب مالیت کی پہلی کمپنی بن گئی ہے۔

اس طرح ایپل نے گوگل، مائیکرو سافٹ اور آمیزون جیسی کمپنیوں کو شکست دے کر یہ تاریخی سنگ میل اپنے نام کیا ہے۔

مزید پڑھیں : ہیواوے نے پہلی بار ایپل کو پیچھے چھوڑ دیا

دلچسپ بات یہ ہے کہ ایپل اس وقت ٹریلین ڈالر کمپنی بنی جب گزشتہ روز ہی چینی کمپنی ہیواوے نے ایپل کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کی دوسری سب سے زیادہ اسمارٹ فون فروخت والی کمپنی کا اعزاز اپنے نام کیا۔

گزشتہ روز سہ ماہی رپورٹ میں اچھے نتائج نے ایپل کے حصص کی مالیت میں 5 فیصد اضافہ کردیا جو کہ جمعرات کو بھی دیکھنے میں آیا۔

دنیا کی پہلی ٹریلین کمپنی کے سنگ میل کو چھونے کے لیے ایپل کو فی حصص مالیت 207.05 ڈالرز تک پہنچانا تھی تاکہ یہ اعزاز اپنے نام کرسکیں۔

اگرچہ ضروری نہیں کہ ایپل کا ٹریلین ڈالر کمپنی کا اعزاز کچھ منٹ ہی برقرار رہا کیونکہ حصص کی مالیت میں کچھ کمی دیکھنے میں آئی تاہم یہ سنگ میل پھر بھی اس کے پاس رہے گا کہ وہ دنیا کی پہلی ایسی کمپنی بنی۔

یہ بھی پڑھیں : ایپل کا پرانے آئی فون سست کرنے کا اعتراف

ویسے پہلے کہا جارہا تھا کہ حصص کی مالیت 203.45 ڈالرز تک پہنچنے پر ہی ایپل ٹریلین ڈالر کمپنی بن جائے گی مگر دوبارہ تخمینہ لگانے پر مالیت کی قیمت میں اضافہ کیا گیا۔

اس وقت 4 ارب 82 کروڑ 99 لاکھ 26 ہزار حصص مارکیٹ میں گردش کررہے ہیں تو 207.05 ڈالر جادوئی ہندسے کو چھونے کے لیے ضروری تھا۔

اس سے پہلے کہا جارہا تھا کہ آمیزون یہ اعزاز پہلے پانے میں کامیاب ہوگی تاہم وہ 879 ارب ڈالرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہ گئی۔

تبصرے (0) بند ہیں