معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے

اپ ڈیٹ 06 جولائ 2020
کورونا سے متاثر ہونے کی  بات کی تصدیق انہوں نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کی— فائل فوٹو: ڈان نیوز
کورونا سے متاثر ہونے کی بات کی تصدیق انہوں نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کی— فائل فوٹو: ڈان نیوز

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے بعد وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوگئے۔

کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کی۔

ٹوئٹ میں ان کا کہنا تھا کہ میرا کووِڈ 19 کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، ڈاکٹروں کے مشورے کے مطابق میں نے اپنے آپ کو گھر میں آئیسولیٹ کرلیا ہے اور تمام احتیاطی تدابیر اختیار کررہا ہوں۔

ٹوئٹر پیغام میں انہوں نے مزید بتایا کہ انہیں بیماری کی معمولی سی علامات کا سامنا تھا ساتھ ہی دعاؤں میں یاد رکھنے کی درخواست بھی کی۔

علاوہ ازیں انہوں نے اپنے ساتھیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے لکھا کہ اچھے کام جاری رکھیں آپ بہت بڑا فرق پیدا کررہے ہیں، مجھے آپ پر فخر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کورونا ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آگیا

خیال رہے کہ چند روز قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے تھے انہوں نے معمولی بخار ہونے پر اپنا ٹیسٹ کروایا تھا جس میں وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی متعدد سیاستدان کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں جس میں حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سمیت اپوزیشن جماعتوں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی)، مسلم لیگ (ن) اور دیگر کی سینئر قیادت بھی شامل ہے۔

جون میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی، اس کے علاوہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف، سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، طارق فضل چوہدری، مریم اورنگزیب، انجینئر امیر مقام سمیت متعدد اہم رہنما اس وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔

مزید پڑھیں: وزیر ریلوے شیخ رشید بھی کورونا وائرس میں مبتلا

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما و وزیر تعلیم سندھ سعید غنی ملک کے پہلے سیاستدان تھے جن میں مارچ میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی ان کے علاوہ سابق وزیراعظم اور رہنما پی پی پی یوسف رضا گیلانی بھی وائرس کا شکار ہوئے۔

مزید یہ کہ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد، وزیر مملکت شہریار آفریدی، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور گورنر سندھ عمران اسمٰعیل بھی وائرس سے متاثر ہونے کے بعد صحتیاب ہوچکے ہیں۔

اپریل میں ضلع مردان سے منتخب رکن صوبائی اسمبلی عبدالسلام آفریدی بھی کورونا وائرس کا شکار ہوئے تھے جبکہ وزیر صحت خیبرپختونخوا نے بتایا تھا کہ ان کے معاون خصوصی کامران خان بنگش میں بھی کووڈ 19 کی تصدیق ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر مملکت شہریار آفریدی بھی کورونا وائرس سے متاثر

اس کے علاوہ متحدہ مجلس عمل کے رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی اور خیبرپختونخوا کے ڈائریکٹر آف پبلک ہیلتھ ڈاکٹر اکرام اللہ خان کو بھی کورونا وائرس ہوا تھا۔

وبا کے باعث جن سیاسی رہنماؤں نے وفات پائی ان میں سابق گورنر بلوچستان سید فضل آغا، پی ٹی آئی رہنما و رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا، سندھ کے وزیر برائے انسانی تصفیہ غلام مرتضیٰ بلوچ اور پی ٹی آئی کے میاں جمشید الدین کاکاخیل شامل ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں