فیس بک نے اپریل 2021 میں حالیہ عرصے میں مقبول ہونے والی آڈیو چیٹس جیسے کلب ہاؤس کے مقابلے میں اپنی سروس متعارف کرانے کا اعلان کیا تھا۔

اب دنیا کی مقبول ترین سماجی رابطے کی ویب سائٹ میں ان آڈیو فیچرز کو پیش کردیا گیا ہے۔

کمپنی کی جانب سے کلب ہاؤس جیسے آڈیو رومز کے ساتھ چند دیگر پوڈکاسٹس اسٹریمنگ فیچرز متعارف کرائے ہیں اور یہ سب سے پہلے امریکا میں دستیاب ہوں گے۔

آڈیو رومز بنیادی طور پر کلب ہاؤس یا ٹوئٹر اسپیسز سے ملتا جلتا ہے۔

اس میں بات چیت کو ایپ میں لائیو اسٹریم کیا جاسکے گا اور روم ہوسٹس دیگر افراد کو بات کرنے کے لیے مدعو کرسیں گے۔

یہ فیچر فیس بک کے لیے کتنا اہم ہے، اس کا عندیہ اس بات سے ملتا ہے کہ ایپ میں اسے نیوزفیڈ پر اسٹوریز سے اوپر رکھا جائے گا۔

نئے فارمیٹ میں کریٹیر فرینڈلی فیچرز جیسے اسٹارز خریدنا بھی دیئے جائیں گے، تاکہ صارف اپنی اسٹریمز سے آمدنی حاصل کرسکیں۔

اس نئے فارمیٹ کے مواد پر قوانین کے اطلاق کے لیے فیس بک آٹومیشن اور صارفین کی رپورٹس پر انحصار کرے گی اور کلب ہاؤس کی طرح آڈیو روم کے میزبان کنٹرول کرسکیں گے کہ کون بات کرے یا قوانین توڑنے والے صارفین کی رپورٹ کرسکیں گے۔

فوٹو بشکریہ فیس بک
فوٹو بشکریہ فیس بک

فیس بک نے فی الحال ویریفائیڈ عوامی شخصیات اور کریٹیرز کو ہی آڈیو روم بنانے کی سہولت فراہم کی ہے تاہم کوئی بھی فیس بک صارف ان کی بات چیت سن سکے گا۔

آڈیو رومز کو فیس بک گروپس میں بھی بہت زیادہ نمایاں کیا جائے گا جہاں موڈریٹر اور گروپ ایڈمن آڈیو اسٹریمنگ فیچرز کو ان ایبل کرسکیں گے، چاہے ممبران ویریفائیڈ یا عوامی شخصیات نہ بھی ہوں۔

آڈیو رومز کے ساتھ ساتھ فیس بک کی جانب سے اپنے پلیٹ فارم پر پوڈکاسٹس کے اضافے کا آغاز بھی کیا جارہا ہے اور صارفین فیس بک پر براؤز کے ساتھ پوڈکاسٹس کی اقساط سن سکیں گے۔

فیس بک کے ساتھ ساتھ ٹوئٹر کی جانب سے بھی آڈیو چیٹ ٹول اسپیسز کی آزمائش کی جارہی ہے جبکہ ریڈیٹ کی جانب سے بھی ایسا ایک فیچر ریڈیٹ ٹاک کے نام سے متعارف کرایا جارہا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں