ہرشل گبز کو 'کراچی کنگز' کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا گیا

ہرشل گبز نے کہا کہ وہ اپنے نئے کردار کے لیے پرجوش ہیں — فوٹو: ہرشل گبز انسٹاگرام
ہرشل گبز نے کہا کہ وہ اپنے نئے کردار کے لیے پرجوش ہیں — فوٹو: ہرشل گبز انسٹاگرام

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی موجودہ چیمپیئن کراچی کنگز نے جنوبی افریقہ کے سابق اوپنر ہرشل گِبز کو فرنچائز کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کرنے کا اعلان کردیا۔

اپنے بیان میں کراچی کنگز نے کہا کہ ہرشل گبز سے ان کے جارحانہ بیٹنگ اسٹائل اور زبردست فیلڈنگ کے باعث معاہدہ کیا گیا ہے اور اس سے یقینی طور پر وسیم اکرم کے ماتحت ٹیم کی مضبوط منیجمنٹ کو مزید تقویت ملے گی۔

ہرشل گبز کا تقرر آسٹریلیا کے سابق بلے باز و کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ ڈین جونز کی ستمبر 2020 میں دل کا دورہ پڑنے کے باعث موت کے بعد کیا گیا ہے۔

بیان میں وسیم اکرم کے حوالے سے کہا گیا کہ 'ڈین جونز کی کمی پوری کرنا مشکل ہے لیکن ہرشل گبز جدید کھیل کو اچھی طرح سمجھتے ہیں اور بطور کوچ ان کا تجربہ بھی بڑھ رہا ہے، میرے حساب سے جیت کا تسلسل برقرار رکھنے کے لیے وہ ہمارے لیے بہترین ہیں'۔

دوسری جانب ہرشل گِبز نے کہا کہ وہ اپنے نئے کردار کے لیے پرجوش ہیں اور انہیں لگتا ہے کہ جس طرح کراچی کنگز کی فرنچائز نے کئی سالوں میں بہترین قیادت اور کھلاڑیوں کے تحت جو کیمسٹری قائم کی ہے، یہ انہیں جوائن کرنے کا بہترین موقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں: میچ فکسنگ پر کس کس کھلاڑی کو سزا ہوئی؟

انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ ٹیم کے جیت کے تسلسل کو برقرار رکھیں گے۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

جنوبی افریقہ کے سابق اوپنر کا کہنا تھا کہ 'میں عظیم وسیم اکرم کے ساتھ کام کرنے کے لیے پرامید ہوں اور آئندہ سیزن میں ٹیم کو آگے بڑھانے اور اس کی تعمیر میں مدد کروں گا'۔

واضح رہے کہ ہرشل گبز نے جنوبی افریقہ کی 15 سال نمائندگی کی ہے اور 1999 میں ڈیبیو کرنے والے کھلاڑی نے اتفاق سے اپنا آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ 2010 میں پاکستان کے خلاف ہی کھیلا تھا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کے بعد انہوں نے کئی انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی لیگز کھیلیں اور حال ہی میں افغان شپگیزا لیگ اور لنکا پریمیئر لیگ میں کوچنگ کی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں