اقوام متحدہ میں اسرائیل اور فلسطینی نمائندوں نے ایک دوسرے پر ’نسل کشی‘ کے الزامات عائد کرتے ہوئے غزہ کی صورتحال پر بین الاقوامی ردعمل کا مطالبہ کیا۔
خبر ایجنسی ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق جنیوا میں اسرائیلی مشن کی قانونی مشیر ییلا سائٹرن نے اقوام متحدہ کے یورپی ہیڈکوارٹرز میں جمع سفارت کاروں کو بتایا کہ ’7 اکتوبر کو حماس کے حملے نسل کشی کے نظریے سے متاثر ہوکر کیے گئے تھے۔‘
دوسری جانب فلسطینی نمائندہ دیما اسفور نے کونسل کے سامنے اصرار کیا کہ اسرائیل کی بڑے پیمانے پر بمباری کی مہم اور زمینی کارروائی کے نتیجے میں ’انسانی ساختہ تباہی نسل کشی کا درسی کتاب میں بیان کیا جانے والا کیس‘ ہے۔
فلسطین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’وفا‘ نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی کے شمال میں دراج محلے میں بے گھر لوگوں کو پناہ دینے والے دو اسکولوں کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم 50 افراد جاں بحق ہو گئے۔
آزادانہ طور پر رپورٹ کی تصدیق فوری طور پر ممکن نہیں ہوسکی۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ وہ اس رپورٹ کا جائزہ لے رہے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ حماس کے ہاتھوں غزہ پٹی میں اغوا کیے گئے اور کئی ہفتوں تک گرفتار رہنے والے6 تھائی باشندے اپنے ملک واپس پہنچ گئے۔
اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق کم از کم 32 تھائی باشندوں کو حماس نے اٹھا لیا تھا، بنکاک کی وزارت خارجہ اور تھائی مسلم گروپ ان کی رہائی کے لیے بات چیت کر رہے ہیں، تھائی لینڈ کے 17 یرغمالی گزشتہ ہفتے واپس لوٹے تھے، انہیں عارضی جنگ بندی کے دوران رہا کیا گیا جس میں یکم دسمبر کو جنگ بندی کی میعاد ختم ہونے سے پہلے ہی سیکڑوں افراد کو رہا کیا گیا۔
حماس کی طرف سے ان کی رہائی کے بعد سے 6 افراد اسرائیل کے ایک ہسپتال میں زیر علاج تھے۔
وزارت خارجہ کے مطابق رہا ہونے والوں میں سے 5 افراد کی فوری طور پر مملکت کے ارد گرد اپنے آبائی شہروں میں منتقلی کی امید ہے۔
ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ غزہ پٹی میں جاری اسرائیلی جارحیت پر اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو پر جنگی مجرم کے طور پر مقدمہ چلایا جائے گا۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق استنبول میں اسلامی تعاون تنظیم کی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب میں طیب اردوان کا کہنا تھا کہ غزہ فلسطینی سرزمین ہے اور ہمیشہ فلسطینیوں کی ہی رہے گی۔
فلسطینی فوٹو جرنلسٹ نے غزہ پٹی میں شوراب خاندان کے گھر پر اسرائیلی حملہ ہونے کے بعد کے مناظر ریکارڈ کرلیے۔
ویڈیو کی تصدیق الجزیرہ نے کی ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ان کا ملک شام میں پاسداران انقلاب کی ہلاکتوں کا جواب دے گا۔
اسرائیل کے ہاتھوں شام میں گزشتہ ہفتے دو ایرانی پاسداران انقلاب کی ہلاکت کے بارے میں پوچھے جانے پر وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنانی نے کہا ہے کہ ایران شام میں اپنے مفادات پر حملوں کا جواب دے گا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ شام میں ایران کے مفادات اور ہماری ایڈوائزری فورسز کے خلاف ہر اقدام کا جواب دیا جائے گا۔
اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی میں لڑائی میں مزید تین فوجی مارے گئے ہیں جس کے بعد 7 اکتوبر کو تنازع شروع ہونے کے بعد سے فوجیوں کی ہلاکتوں کی تعداد 75 ہو گئی ہے۔
اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق فوج نے بتایا کہ تینوں اہلکار اتوار کو شمالی غزہ میں ہلاک ہوئے، ان ہلاکتوں سے 7 اکتوبر سے اب تک ہلاک ہونے والے اسرائیلی دفاعی اہلکاروں کی مجموعی تعداد 401 ہو گئی۔
حکام کی جانب سے اسرائیل کی شرکت کی مخالفت کے بعد انڈونیشیا نے انڈر 20 ورلڈ کپ کی میزبانی میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق صدر نے کہا کہ انڈونیشیا فٹ بال کی عالمی گورننگ باڈی فیفا کو اظہار دلچسپی کا اعلامیہ بھیجے گا جس میں سنگاپور کے ساتھ 2025 کے انڈر 20 ورلڈ کپ کی مشترکہ میزبانی کی کوشش کی جائے گی۔
یہ فیصلہ مسلم اکثریتی ملک انڈونیشیا سے رواں اس سال کے شروع میں ٹورنامنٹ کی میزبانی کے حقوق چھیننے کے بعد سامنے آیا ہے جس کی وجہ بعض سرکاری عہدیداروں کی طرف سے اسرائیل کی شرکت کی مخالفت کی گئی تھی۔
اقوام متحدہ کے بچوں کے فنڈ (یونیسیف)کے ترجمان جیمز ایلڈر نے کہا ہے کہ جنوبی غزہ،جہاں کے رہائشیوں کو نقل مکانی کے لیے کہا جا رہا ہے،میں ہونے والے اسرائیلی حملے ہر حد تک اتنے ہی جابرانہ ہیں جتنے شمال نے برداشت کیےہیں۔
انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر لکھاکہ کسی نہ کسی طرح، یہ بچوں اور ماؤں کے لیے بدتر ہو تا جارہا ہے،ساتھ ہی انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ بچوں کے خلاف اس جنگ کو روکنے کے لیے اپنی آواز بلند کریں۔