کرپشن کیس: شرجیل میمن ضمانت پر جیل سے رہا

اپ ڈیٹ 25 جون 2019
درخواست ضمانت 50 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کی بنیاد پر منظور ہوئی۔ — فوٹو: ڈان نیوز
درخواست ضمانت 50 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کی بنیاد پر منظور ہوئی۔ — فوٹو: ڈان نیوز

سندھ کے محکمہ اطلاعات میں تقریباً 5 ارب 75 کروڑ روپے کی کرپشن سے متعلق ریفرنس میں گرفتار پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن کی درخواست ضمانت منظور ہونے کے بعد انہیں کراچی کے سینٹرل جیل سے رہا کردیا گیا۔

واضح رہے کہ آج سندھ ہائی کوٹ میں سابق صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔

سماعت کے دوران قومی احتساب بیورو (نیب) کے پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ شرجیل انعام میمن پر اختیارات کے نا جائز استعمال کا الزام ہے جو محکمہ اطلاعات سندھ میں تقریباً پونے 6 ارب روپے کی کرپشن کا باعث بنے۔

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ ہمیں شرجیل میمن نہیں بلکہ سندھ حکومت کے خلاف شکایت موصول ہوئی تھی۔

مزید پڑھیں: اثاثہ جات کیس: نیب کو شرجیل میمن سے جیل میں تحقیقات کی اجازت

نیب کے تفتیشی افسر نے کیس کے بارے میں عدالت کو آگاہ کیا کہ ایڈورٹائزنگ ایجنسی نے چینل کو کم رقم دی جبکہ حکومت سے زیادہ رقم وصول کی گئی۔

اس پر عدالت نے استفسار کیا کہ یہ ایک ایڈورٹائزنگ ایجنسی اور چینلز کے درمیان کا معاملہ ہے، نیب کیسے ثابت کرے گا کہ شرجیل انعام میمن نے اس میں کِک بیکس لیے ہیں۔

تاہم تفتیشی افسر نے بتایا کہ یہ ثابت نہیں ہوتا ہے کہ شرجیل میمن نے کِک بیکس وصول کئے ہیں، تاہم ان کے اختیارات کا ناجائز استعمال ثابت ہوتا ہے۔

بعد ازاں عدالت نے شرجیل انعام میمن کی درخواست ضمانت 50 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض منظور کرلی۔

یہ بھی پڑھیں: شرجیل میمن شراب کیس: معلومات افشا کرنے پر ڈاکٹر معطل

واضح رہے کہ اس سے قبل سندھ ہائیکورٹ نے گزشتہ 2 مرتبہ شرجیل انعام میمن کی درخواست ضمانت مسترد کی تھی۔

خیال رہے کہ محکمہ اطلاعات سندھ میں کرپشن سے متعلق دائر نیب کا ریفرنس احتساب عدالت میں زیر سماعت ہے جس میں 17 ملزمان نامزد ہیں، اسی ریفرنس میں سابق سیکریٹری اطلاعات ذوالفقار شلوانی سمیت 13 ملزمان جیل میں ہیں۔

وارنٹ گرفتاری معطل

احتساب عدالت نے شرجیل انعام میمن کے وارنٹ گرفتاری بھی معطل کردیے۔

خیال رہے کہ 13 جون کو ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) نیب کی جانب سے شرجیل انعام میمن کی گرفتاری کا فیصلہ کیا گیا تھا جبکہ ان کی وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر دیے گئے تھے۔

تاہم شرجیل انعام میمن کے وکیل نے احتساب عدالت سے رجوع کیا، جس نے قریقین کے دلائل سننے کے بعد وارنٹ گرفتاری معطل کردیا۔

عدالتوں پر مکمل اعتماد ہے، شرجیل میمن

عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ انہیں 21 ماہ بعد رہائی ملی ہے جس پر وہ اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں، اللہ جو کرتا ہے بہتری کے لیے کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انہیں عدالتوں پر پورا مکمل اعتماد ہے۔

تحقیقات سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ وہ کہیں فرار نہیں ہو رہے بلکہ وہ یہیں موجود ہیں اور اپنے خلاف دائر کیسز کا سامنا کریں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں